All posts by Khabrain News

سانحہ مری: پوری ریاست ذمہ دار، ہائی کورٹ کی وزیراعظم کو ایک ہفتے میں کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سانحہ مری کا ذمہ دارپوری ریاست کوقرار دے دیا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیراعظم نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ کمیشن کا اجلاس آئندہ ہفتے بلا کرذمہ داروں کےخلاف کارروائی کریں، 21 جنوری تک رپورٹ جمع کرائی جائے۔
چیف جسٹس نے ممبر این ڈی ایم اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ دوسروں پر نہ ڈالیں، قانون کا نفاذ این ڈی ایم اے کی ذمہ داری تھی، جو بھی یہاں آتا ہے کہتا ہے قانون کو چھوڑ دیں۔
دوران سماعت عدالت کی طلبی پرممبراین ڈی ایم اے پیش ہوئے اور این ڈی ایم اے قانون پڑھ کرسنایا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ امید ہے آپ نے این ڈی ایم اے کا قانون پڑھا ہو گا۔ یہ تعین کر لیں کہ جو 22 لوگ جاں بحق ہوئے ان کا ذمہ دار کون ہے، تیاری اور اقدامات ہوتے تو 22 لوگوں اور بچوں کی جانیں نہ جاتیں۔
چیف جسٹس کے استفسار پرممبراین ڈی ایم اے نے بتایا کہ کمیشن کی 2007 سے 2018 تک 5 میٹنگز ہوئی تھیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس سے زیادہ طاقتور کوئی باڈی ہو سکتی ہے، قانون موجود ہے، عملدرآمد ہوتا تو ایک جان بھی ضائع نہ ہوتی۔
یہ اتنا زبردست قانون ہے کہ ہر ضلع تک ذمہ داری ڈالتا ہے، میٹنگز نہ ہونا این ڈی ایم اےکی ناکامی ہے۔ آپ اس حادثے کے ذمہ دار ہیں، کیا اس عدالت سے فیصلہ چاہتے ہیں، این ڈی ایم اے قانون میں موجود تمام لوگ ان ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی زیادہ وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہم اور فوری نوعیت کا معاملہ ہے۔ اس دوران کوئی اورسانحہ ہوگیا توذمہ دارکون ہوگا، نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ کمیشن ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ 21 جنوری تک جمع کرائے۔

سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں سعودائزیشن کے تحت اب مقامی شہریوں کو نوکریاں دی جاری ہیں اور سعودی حکومت نے توانائی کے شعبے میں بھی 75 فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ کیا ہے یعنی اب اس پیشے میں صرف 25 فیصد غیر ملکی ملازمین ہوں گے اور باقی سب مقامی بھرتی کیے جائیں گے۔
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اعلان کیا کہ توانائی کے شعبے میں 2030 تک سعودائزیشن کی شرح 75 فیصد تک کر دی جائے گی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ملکی اشیا پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب توانائی کی مالک ریاست ہے اور ہمارے نوجوان ویژن 2030 کو کامیاب بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں جو کسی نعمت سے کم نہیں اور اب توانائی کے متبادل ذرائع سوچ سمجھ کر اپنائے جائیں گے۔
سعودی وزیر نے کہا کہ کاربن سرکلر اکانومی کا تصور ہمیں ہائیڈرو کاربن کی پیداوار جاری رکھنے، برآمد کرنے اور اس سے مالی فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا۔

پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں اور حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے۔ ملک میں ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے اور میں پہلے سے خبردار کر رہا ہوں کہ پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کر دے گا۔ روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول بحران قوم پر نازل ہو رہے ہیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور کی فلسطین میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کی بھرپور مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری سرور نے فلسطین میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کی بھرپور مذمت کی ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، فلسطین کے الطراش گاؤں میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، متاثرہ علاقے سے مکین نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں، اقوام متحدہ فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکے۔

‘افغانستان میں استحکام ہمارا مقصد، دنیا پاکستان کے نقطہ نظر کے قریب آ رہی ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد افغانستان میں استحکام یقینی بنانا ہے، آج دنیا پاکستان کے نقطہ نظر کے قریب آ رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور ان کی ٹیم نے وزیر اعظم کو افغانستان کی بدلتی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد افغانستان میں استحکام یقینی بنانا ہے اور اس کیلئے پاکستان نے بہت کام کیا ہے۔

لوگوں کو بارود سے بچانے والا ‘ہیرو چوہا’ چل بسا

کمبوڈیا : (ویب ڈیسک) جنوب مشرقی ایشیا کے ملک کمبوڈیا میں لوگوں کو زیر زمین نصب بارودی مواد سے بچانے والا چوہا 8 سال کی عمر میں چل بسا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’ ماگا وا ‘ نامی چوہے نے کمبوڈیا میں اپنے کیرئیر کے دوران انتالیس بارودی سرنگیں اور اٹھائیس بار بارود کا سراغ لگایا۔ امریکہ اور بیلجیم کی غیر منافع بخش تنظیم کی تاریخ میں پہلی بار چوہے کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق تنزانیہ میں قائم بیلجیئم کی ایک تنظیم نے چوہے کو بارودی سرنگ کو سونگھنے کی تربیت دی تھی۔
عالمی میڈیا کے مطابق چوہے کا وزن اور قد عام چوہوں کی نسبت قدرے زیادہ تھا مگر اس کے باوجود وہ زیر زمین دبائی گئی بارودی سرنگ کو محسوس نہیں ہوتا تھا۔
مگاوا نے ایک لاکھ اکیالیس ہزار مربع میٹر سے زیادہ کی زمین کو بارودی مواد سے پاک کرنے میں مدد دی۔

دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس کا؟

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ امریکہ یا برطانیہ کا نہیں بلکہ جاپانی شہریوں کے پاس ہے۔ جاپان ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔درجہ بندی میں پاکستان 108وایں نمبر پر آیا، گزشتہ سال کی درجہ بندی میں پاکستان 116 ممالک میں 113 ویں نمبر پر تھا۔
ہینلے انڈیکس نے 2022 کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی، رینکنگ کے مطابق جاپان اور سنگاپور فہرست میں پہلے نمبر پر رہے، ان دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے 192 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر جرمنی اور جنوبی کوریا، تیسرے پر فن لینڈ، اٹلی، اسپین، چوتھے پر آسٹریا، ڈنمارک، فرانس، نیدر لینڈ اور سوئیڈن، پانچویں پر آئرلینڈ اور پرتگال کے پاسپورٹ رہے۔
سب سے بدترین پاسپورٹ افغانستان کا قرار دیا گیا ہے، جوعالمی درجہ بندی میں 111 نمبر ہے۔عراق 110،شام 109 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کا 108 واں نمبر ہے۔

چینی نے چاند کی سطح پر پانی دریافت کر لیا

چین : (ویب ڈیسک) چین کے خلائی مشن چینگ نے چاند کی سطح پر پانی کے شواہد کو دریافت کر لیا ہے۔ چاند پر ان مالیکیولز کی زیادہ تر تعداد سولر ونڈ امپلانٹیشن کے دوران جمع ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی خلائی مشن نے چاند پر پانی کے مالیکیولز یا ہائیڈروآکسل کو دریافت کیا ہے جو ایچ 2 او جیسا کیمیکل ہے۔ ماہرین نے تجزیہ کیا ہے کہ چاند کی سطح پر پانی فی ملین 120 حصوں سے کم ہے، جس کے مطابق چاند کی سطح زمین کے مقابلے میں بہت زیادہ خشک ہے۔
دہائیوں تک سائنسدانوں کا ماننا تھا کہ چاند مکمل طور پر خشک ہے، اس وجہ سے سورج کی سخت ریڈی ایشن کے باعث پانی کے مالیکیولز کو کسی قسم کا تحفظ نہیں ملتا۔
ناسا نے اپنی تحقیق میں کہا تھا کہ چاند کی سطح پر دریافت کیے جانے والے پانی کی مقدار کا موازنہ صحرائے اعظم صحارا سے کیا جائے تو اس صحرا میں سو گنا زیادہ مقدار میں پانی موجود ہے۔
تاہم کم مقدار کے باوجود اس دریافت سے یہ سوال پیدا ہوتا کہ چاند کی مشکل اور ہوا سے محروم سطح پر پانی کیسے بنا اور برقرار رہا۔
1969 میں جب پہلی بار خلا باز چاند پر پہنچے تھے تو یہ مانا جاتا تھا کہ وہ مکمل طور پر خشک ہے مگر گزشتہ 20 برسوں کے دوران مختلف مشنز میں چاند کے قطبی علاقوں میں تاریکی میں چھپے گڑھوں میں برف کی تصدیق ہوئی تھی۔

کورونا کا سب سے بڑا وار، دنیا میں ایک دن میں 31لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ

امریکا : (ویب ڈیسک) کورونا کا سب سے بڑا وار، دنیا بھر میں ایک دن میں 31لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ ہوئے۔ دو دن میں دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 60لاکھ سے زائد ہو گئی۔ چار دن کے دوران ایک کروڑ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
2019 سے شروع ہونے والی عالمی وبا سے اب تک 31کروڑ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 55لاکھ سے زائد ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے متنبہ کیا ہے کہ اگلے چھ سے آٹھ ہفتوں کے اندر کورونا کی نئی قسم اومیکرون اپنی لپیٹ میں لے چکی ہو گی، یہ تخمینہ 2022 کے پہلے ہفتے میں پورے یورپ میں رپورٹ ہونے والے 70 لاکھ نئے کیسز کے بعد لگایا گیا ہے، دو ہفتوں کے عرصے میں انفیکشن کی تعداد دگنی سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق کورونا کی نئی قسم اومی کورون ویکسین شدہ افراد کے لیے شدید بیماری کا سبب نہیں بنتی ہے- اس کے باوجود امریکا میں کورونا وائرس کے اسپتالوں میں ایک دن میں 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد مریض داخل ہوئے، جو اب تک کی سب سے زیادی بڑی تعداد ہے، جن میں 45 ہزار کے قریب بچے شامل ہیں۔
ایک دن میں 62 اموات کے بعد کینیڈین صوبہ کیوبیک نے ان رہائشیوں سے ہیلتھ ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کیا ہے کہ جنہوں نے ابھی تک کورونا ویکسین نہیں لگوائی، کیوبیک کے صرف 12.8 فیصد رہائشیوں کو ویکسین نہیں لگائی گئی ہے۔

منی بجٹ کی منظوری، حکومت اور اپوزیشن میں آج میدان لگے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں آج میدان لگے گا، وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے۔
عمران خان اجلاس سے پہلے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جہاں منی بجٹ کی منظوری اور اپوزیشن کی حکمت عملی سے نمٹنے کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق تمام ایم این ایز کو آج دو بجے ایوان میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کا اراکان اسمبلی کو عشائیہ دیا جائے گا۔
اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے کمر کس لی ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اپوزیشن لیڈرشہبازشریف احتجاج کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا تھا کہ منی بجٹ کے منظور ہونے سے قبل ہی مہلک اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ حکومت سخت شرائط ملک پر مسلط کرنے پر تلی ہوئی ہے اور آئی ایم ایف پروگرام پر دوبارہ چیت سے راہ فرار حکومت کی نااہلی ہے۔ کیا ضمانت ہے یہ بل منظور ہو بھی جائے تو آئی ایم ایف نئی شرائط کا تقاضا نہیں کرے گا ؟