All posts by Khabrain News

گاربین موگوروزا نے سڈنی انٹرنیشنل کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

سڈنی: (ڈیلی خبریں) سابق نمبر ون ٹینس سٹار گاربین موگوروزا نے سڈنی انٹرنیشنل کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
آسٹریلیا میں ٹینس سیزن کا آغاز ہوتے ہی دلچسپ مقابلے شروع ہو گئے ہیں جہاں پر گاربین موگوروزا نے اپنے میچ میں روس کی ایکاترینا کو سٹریٹ سیٹس میں 2 ،صفر سے ہرا کر سڈنی انٹرنیشنل کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔
گزشتہ روز ٹینس سیزن کا آغاز ہوتے ہی بڑا اپ سیٹ ہو گیا اورسڈنی انٹرنیشنل کپ کے ویمن سنگلز میں رینک 75 کیرولین گارشیا نے کم عمر ترین چیمپئن ایما راڈوکانو کو دو صفر سے ہرا کر آؤٹ کر دیا تھا ۔
کیرولین گارشیا اور ایما راڈوکانو کے مابین یکطرفہ میچ کا سکور چھ صفر اور سات ایک رہا ۔
ایک اور میچ میں سڈنی انٹرنیشنل کے پہلے راؤنڈ میں تنزانیہ کی اونس جیبئر نے وائلڈ کارڈ انٹری پانے والی آسٹریلوی حریف آسترا شرما کو ہرا دیا اور صنف نازک کے یکطرفہ میچ کا سکور چھ ایک اور چھ تین رہا ۔

وزیراعظم عمران خان کا آرمی چیف کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے شرکاء کا استقبال کیا۔ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ میں اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملکی سلامتی، افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں خطے میں در پیش تبدیلیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے قومی سلامتی استحکام اور خوشحالی کے لیے آئی ایس آئی کی کوششوں کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران غیر متعلقہ شخص اسمبلی ہال میں داخل

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران غیر متعلقہ شخص اسمبلی ہال میں داخل ہوگیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پینل آف چیئر امجد نیازی نے سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی کہ چیک کیا جائےکہ یہ آدمی کون ہے۔
پینل آف چیئر نے حکم دیا کہ سکیورٹی اس شخص کو ہال سے باہر پھینک دے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع خالی حکومتی بینچز کی ویڈیو بناتے رہے جس پر پینل آف چیئر نے آغا رفیع کو ویڈیو بنانے سے روک دیا۔
دوران اجلاس قومی اسمبلی کے ایوان میں غیر متعلقہ شخص کی آمد نے سیکورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان بھی کھڑے کردیے ہیں۔

حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

کراچی: (ڈیلی خبریں) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایف آئی اے سندھ کے ترجمان کےمطابق حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے ، خط میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی ، ویڈیو میں خاتون بھاری رقم منتقلی کا اعتراف کررہی ہیں جبکہ خاتون کے ویزے ،امیگریشن ،اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ خاتون کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ، خاتون نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر کے شہر دوحہ کیلئے سفر کیا تھا جبکہ ٹک ٹاکر نے بھاری رقم کے ساتھ ویڈیو اپلوڈ کی تھی جبکہ ویڈیو میں خاتون کے ہاتھوں میں بھاری کرنسی دیکھی جاسکتی ہے ۔
ایف آئی اے سندھ کے ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے کرنسی منتقلی منی لانڈرنگ میں آتی ہے، حریم شاہ کے خلاف انکوائری درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیاگیا ہے اور تحقیقات میں پاکستان کسٹمز ، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں ۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں حریم شاہ نے کہا تھا کہ مجھے کسی نے نہیں روکا نہ ہی روک سکتا ہے، پہلی مرتبہ پاکستان سے یو کے اتنا بڑا اماؤنٹ لے کر آرہی تھی، پاکستانی پیسے اور پاسپورٹ سمیت کسی چیز کی وقعت نہیں۔
حریم نے اپنے فالوور سے یہ بھی کہا کہ آپ لوگ اماؤنٹ لاتے وقت خیال کیجیے گا کیونکہ پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور کہہ بھی نہیں سکتے، میں تو بہت آسان اور محفوظ طریقے سے پہنچ گئی۔

مبینہ زیادتی کیس: بے گناہ ثابت ہونے پر یاسر شاہ بھی بول پڑے

لاہور: (ڈیلی خبریں) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ بھی مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیئے جانے کے بعد بول پڑے اور کہا الحمدللہ! سچ ثابت ہو گیا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کی جس میں قومی کرکٹر یاسرشاہ نے لکھا کہ اہل خانہ ، پرستاروں کی دعاؤں اور پی سی بی کی کوششوں سے زیادتی کیس ختم ہو گیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں ملک کی نمائندگی کرتا ہوں، کیس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، جھوٹے مقدمے میں پھنسانے والوں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے پر کام شروع کر دیا ہے ۔

پاکستان نے قیام امن کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں: آرمی چیف

راولپنڈی: (ڈیلی خبریں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے قیام امن کے اعلیٰ مقصد کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کانگو کے کمانڈر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دفاع، تربیت سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن میں برسرپیکار پاکستانی افواج کے کردار کو سراہا اور دونوں افواج کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے حوالے سے کانگو کے کردار کو سراہتا ہے، براعظم آفریقہ میں کونگو کو ایک کلیدی ملک کی حیثیت حاصل ہے، یو این مشن کے تحت قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان نے قیام امن کے اعلی مقصد کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

برطانوی وزیراعظم کا لاک ڈاؤن میں پارٹی کا اعتراف، قوم سے معافی مانگ لی

لندن: (ڈیلی خبریں) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنی رہائش گاہ پر پارٹی منعقد کروانے کا اعتراف کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قوم سے معافی مانگ لی ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالعوام کا اجلاس شروع ہوا تو بورس جانسن نے اپنے کیے پر شرمندگی کا اظہار کیا اور کہا کہ قانون بنانے والوں نے خود ہی قانون کی پیروی نہیں کی ، اس دن مجھے ان لوگوں کو واپس بھیجنا چاہیے تھا جو میری رہائش گاہ پر جمع ہوئے تھے جبکہ بورس جانسن نے گزشتہ سال 20 مئی کو منعقدہ پارٹی کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے ۔
برطانوی اپوزیشن لیڈر کئیر اسٹارمر نے وزیر اعظم کی معافی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معافی مانگنا کافی نہیں، وزیر اعظم کو عہدے سے فوری مستعفی ہوجانا چاہیے جبکہ اس سے پہلے بورس جانسن کی مشیر پر ایسا ہی الزام لگا تھا تو انہوں نے فوری استعفیٰ دیا تھا، اگر انہوں نے تحقیقات کا انتظار نہیں کیا تو وزیر اعظم کے لیے یہ رعایت کیوں ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 20 مئی کو بورس جانسن کی رہائش گاہ پر آؤٹ ڈور پارٹی منعقد ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ سمیت چالیس سے زائد افراد شریک ہوئے تھے ۔

اسلام آباد ہراسگی، موٹروے ریپ کیس کی پیروی پر رپورٹ طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہراسگی اور موٹروے ریپ کیس کی پیروی پر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے وزارت قانون کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر فالو اپ کر کے ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔
عمران خان نے کہا ہے شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے ،‏ ریاست ہر صورت ان کیسز کی پیروی کر کے ملزمان کو سخت سزائیں دلوائے گی اور اس طرح کے بھیانک جرائم میں ملوث عناصر اعتدال پسند معاشرے اور انصاف کے نظام کے لیے چیلنج ہیں ۔

صدر نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت 3 بلوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت 3 بلوں کی منظوری دے دی ہے
عارف علوی کی جانب سے جووینائل جسٹس سسٹم (ترمیمی ) بل ، 2022 اور اسلام آباد کیپیٹل علاقہ جات بچوں کے تحفظ کا (ترمیمی ) بل ، 2022 کی منظور کیا گیا ہے۔
صدر مملکت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیشنل کمیشن (ترمیمی ) بل ، 2022 اور شوکت فیاض احمد ترین کی بطور ممبر قومی اقتصادی کونسل نامزدگی کی منظوری بھی دی ہے۔
انہوں نے شوکت فیاض ترین کی بطور وزیر خزانہ ممبر قومی اقتصادی کونسل کی منظوری دی ہے ، منظوری آئین کے آرٹیکل 156 کے تحت دی گئی۔

نائیجیریا؛ دعائیہ تقریب کے دوران چرچ کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 3 ہلاک

ابوجہ: (ڈیلی خبریں) نائیجریا میں ایک چرچ کی عمارت گر گئی جس کے ملبے میں دب کر 2 بچوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے دارالحکومت میں چرچ کی عمارت اُس وقت گر گئی جب وہاں دعائیہ اجتماع جاری تھا۔ عمارت گرنے سے درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے میں دبے افراد کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں دو بچوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسپتال میں 18 زخمیوں کو بھی لایا گیا جن میں سے 11 کو شدید چوٹیں آنے کے باعث اسپتال میں داخل کرلیا گیا جب کہ بقیہ کو طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔
نائیجریا میں عمارتوں کی تعمیر میں معیار کا خیال نہیں رکھا جاتا جس کے باعث رہائشی عمارتوں کے گرنے کے واقعات عام ہیں۔