All posts by Khabrain News

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
کے الیکٹرک صارفین کے لیے حکومتی رعایتی پیکج کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی منظوری دی۔
نیپرا فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے گھریلو، کمرشل اور جنرل صارفین کے لیے ریٹ 12.96 روپے فی یونٹ ہو گا اور رعایتی پیکج کا اطلاق گزشتہ سال کی نسبت زائد یونٹس کے استعمال پر ہو گا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے رعایتی پیکج کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ رعایتی پیکج کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک ہو گا۔

سعودی عرب میں اونٹوں کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل

ریاض : (ڈیلی خبریں) سعودی عرب میں دنیا کا پہلا اونٹوں کا اوپن ائیر ہوٹل کھول دیا گیا ہے، ہوٹل عبدالعزیز اونٹ فیسٹیول کے دوران اونٹوں کی خدمت اور انہیں تیار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ‘ٹیٹا مین’ کے نام سے کھولے جانے والے ہوٹل میں 120 کمرے شامل ہیں جبکہ 50 سے زیادہ خادمین اونٹوں کی دیکھ بھال، گرومنگ اور تحفظ کی خدمات فراہم کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹل اپنے مہمان اونٹوں کے لیے فائیو سٹار سروس مہیا کرتا ہے، جس میں کھانا، گرم دودھ، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اصطبل صاف اور گرم ہو۔
ہوٹل کی جانب سے ابھی تک ایک رات کا کرایہ 18 ہزار مختص کیا گیا ہے۔
اونٹ کے مالکان کا کہنا تھا کہ یہ مالکان اور کلب کے عہدیداروں کے لیے شاندار اور آرام دہ ہے۔ جہاں اونٹوں کو ان کے کمروں میں داخل ہونے سے پہلے جانچا جاتا ہے۔
اونٹوں کا میلہ، جو 40 دن تک جاری رہے گا، یکم دسمبر کو ریاض میں شروع ہوا، جس میں خلیج، امریکا، آسٹریلیا، فرانس اور روس سے اونٹوں کے مالکان اور شوقین افراد کو شامل ہیں۔ یہ تہوار دنیا بھر سے ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد زائرین کو راغب کرتا ہے، جس سے سعودی عرب کی روایات کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عدالت نے دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی

کراچی : (ڈیلی خبریں) سندھ ہائی کورٹ نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی لیگ کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بالر دانش کنیریا کی سندھ ہائی کورٹ میں ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
اسد افتخار ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانش کنیریا کی پاکستان کرکٹ بورٹ (پی سی بی) بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔
پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی کلب نے عمر بھر کے لیے پابندی لگائی ہے اور دانش کنیریا کی برطانوی عدالت نے بھی اپیل مسترد کی تھی کیونکہ ان پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ سابق بالر دانش کنیریا نے گزشتہ برس دسمبر میں پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شمولیت کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں دائر درخواست میں دانش کنیریا نے موقف اپنایا تھا کہ کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے کوئی دوسرا روزگار نہیں، کرپٹ ترین دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے دیگر کو دوسرا موقع جبکہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

وسیم اکرم کی صفائی مہم ۔۔۔ ایک بار پھر شہریوں سے صفائی کی اپیل

کراچی : (ڈیلی خبریں) کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے تین روزہ صفائی مہم جاری ہے، سوئنگ کے سلطان اور سابق عظیم کرکٹر وسیم اکرم نے شہریوں سے ساحل کو صاف رکھنے اور کوڑا کرکٹ نہ پھینکے کی اپیل کی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ آپ سب لوگوں سے ایک درخواست ہے کہ آپ پورا ملک تو صاف نہیں کر سکتے لیکن کم از کم یہ کوشش تو کریں کہ آپ جہاں رہتے ہیں وہاں ارد گرد صفائی رکھیں ، جیسے قطرے قطرے سے دریا بنتا ہے اسی طرح ایک دن پورا پاکستان صاف ہو گا۔
یاد رہے گزشتہ سال فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کراچی کے ساحلِ سمندر سی ویو پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر اداس ہوگئی تھیں، جس کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر کیا، انہوں نے کہا کہ گندگی کو دیکھ کر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ویو کی گندگی صاف کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کے بعد بھی پلاسٹک کا یہ کچرا دیکھ کر دل دُکھ رہا ہے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے پاکستان عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ آئیے! ہم سب ملکر ایک عہد کرتے ہیں، ہم اس سال اپنے ماحول کی حفاظت کریں گے اور پلاسٹک کو دوبارہ استعمال کریں گے۔

نایاب پرندوں کے گیت نے ٹیلر سوئفٹ کو پیچھے چھوڑ دیا

آسٹریلیا : (ڈیلی خبریں) نایاب پرندوں کے گیت نے مقبولیت میں ٹیلر سوئفٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، پرندوں کی چہچہاہٹ پر مبنی البم “آسٹیریلین برڈ کالز” اسٹریلین ٹاپ 50 آڈیو البم کی فہرست میں تیسری جگہ بنالی۔
البم میں مجموعی طور پر 53 پرندوں کی آوازیں شامل ہیں جو ناپید ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، چارٹ میں “سونگ آف ڈسپیئرنس” نامی گانا ٹیلر سوئفٹ کے گانے سے آگے ہے۔ البم کی ساری آمدنی برڈلائف آسٹریلیا نامی تنطیم کو دی جائے گی۔
چارلس ڈارون یونیورسٹی اور برڈ لائف آسٹریلیا کی رپورٹ خطرے سے دوچار پرندوں کے تحفظ میں کامیابیوں کی دستاویز رپورٹ کرتی ہیں، انہیں امید یہ ہے کہ ان سب کے بعد مزید انواع کو بچایا جا سکے گا۔

کورونا لاک ڈاون کی خلاف ورزی، برطانوی وزیراعظم کو نئے سکینڈل کا سامنا

برطانیہ: (ڈیلی خبریں) کرسمس پارٹی کے تنازعہ کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک اور سکینڈل کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی جس میں درجنوں اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جس کی تحقیق پولیس کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تقریب مئی 2020 میں منعقد ہوئی جب حکومت کی جانب سے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس سے پہلے گزشتہ ماہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں کرسمس 2020 کی پارٹی کا اسکینڈل بھی منظر عام پر آیا تھا۔ تاہم وزیراعظم بورس جانسن نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کے دوران 10 ڈاؤننگ سٹریٹ نے کسی قسم کے قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔
اس پارٹی سے متعلق بھیجی گئی ای میل میں حکومتی عہدیدار مارٹن رینولڈز نے لکھا تھا کہ انتہائی مصروف عرصے کے بعد اس خوبصورت موسم میں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے لان میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے مشروبات کا اہتمام کریں۔

لاہور: ہاوسنگ سوسائٹی کے باہر دھماکا، 8 افراد زخمی

لاہور: (ڈیلی خبریں) لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر واقع ہاوسنگ سوسائٹی کے باہر ہوٹل میں سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا ملتان روڈ پر واقع نجی سوسائٹی کے باہر ہوٹل میں پیش آیا، دھماکے کے باعث آٹھ افراد جھلس گئے، ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
ترجمان ریسکیو نے مزید بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی افغانستان کے لیے 4.4 ارب ڈالر کی امداد کی اپیل

لاہور: (ڈیلی خبریں) اقوام متحدہ کے اداروں نے 2022میں افغانستان کے لیے انسانی امداد کے تحت چارارب 40 کروڑڈالر کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اپیل کردہ رقم ملک کے جی ڈی پی کا قریباً ایک چوتھائی ہے اور یہ کسی ایک ملک کے لیے اب تک کی سب سے بڑی اپیل ہے۔
اقوام متحدہ کی اپیل کے جواب میں، امریکہ نے اس سال افغانستان کے لیے ابتدائی امدادی پیکج میں 308 ملین ڈالر سے زیادہ کا وعدہ کیا ہے۔
ریاستہائے متحدہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ رقم کمزور لوگوں کے لیے خوراک اور غذائیت، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، موسم سرما کے پروگراموں اور لاجسٹک سپورٹ کے لیے فراہم کی جائے گی۔
العربیہ کے مطابق یہ رقم 2021 میں امریکا کی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے کے وقت موصول ہونے والے اعداد وشمار سے تین گنا زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ مارٹن گریفیتھس نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی برادری کے سامنے ایک صورتحال کو رکھ رہے ہیں، جس کے بغیر جنگ زدہ ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے پیش کیے گئے ہیں، جس سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ امداد براہ راست ضرورت مند لوگوں کو ملے اور حکام کے ہاتھ نہ لگے۔
یاد رہے گذشتہ سال اگست میں 20 سالوں بعد امریکا اور غیر ملکی افواج نے افغانستان سے انخلا کر لیا، افغانستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا۔
امریکا اوراس کے اتحادی ممالک نے افغانستان کے مرکزی بینک کے اثاثے روک رکھے ہیں اور عالمی امدادی اداروں نے امداد بھی روک لی ہے جس کے نتیجے میں جنگ زدہ ملک مزید معاشی بحران سے دوچار ہوگیا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہواہے اور وسیع پیمانے پر بھوک پھیل گئی ہے۔

انجکشن کا خوف، شہری کورونا سے ہلاک

برطانیہ : (ڈیلی خبریں) برطانیہ میں ایک کمپیوٹر گیمز ڈویلپر کا ماہر انجیکشن سے اس قدر خوف زدہ تھا کہ وہ ویکسین نہ لگوا سکا اور کورونا سے ہلاک ہو گیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق 51 سالہ سٹیورٹ گلِیرے نامی شہری کو 20 دسمبر کو اسپتال لایا گیا جہاں وہ ایک دن بعد ہی دم توڑ گیا۔
موت سے پہلے اسپتال سے سٹیورٹ نے ایک پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا کہ میری حالت اچھی نہیں مجھے95 فیصد آکسیجن لگائی جا رہی ہے۔لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
ہلاک ہونے والے شہری کی اہلیہ نے اپیل کی ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے، اگر آپ کو اس کا خوف بھی ہے پھر بھی اپنی جان کی حفاظت کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں۔
ڈیویلپمنٹ کمپنی جسٹ ایڈ واٹر کے سی ای او کی حیثیت سے سٹیورٹ گلِیرے گیمنگ انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت تھے۔ ان کے دو بچے تھے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے پھپھڑے شدید حد تک خراب ہو چکے تھے، جس نے انہیں سانس لینے کے قابل تک نہ چھوڑا تھا۔

کورونا کیسز: بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کل طلب، اہم فیصلوں کا امکان

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کل طلب کرلی۔ تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔