All posts by Khabrain News

پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے ذریعے کرنسی ڈیلرز و ایکسچینج کمپنیوں کو FBR سے منسلک کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام اور زرمبادلہ کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کیلیے ملک میں غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے بڑے ڈیلروں اور ایکسچینج کمپنیوں میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم نصب کرکے ایف بی آر کے ساتھ منسلک ہونے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ پندرہ دن کے اندر اندر اپنی آرا و تجاویز اور اعتراضات جمع کرواسکتے ہیں، گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ان ترمیمی رولز کو لاگو کردیا جائے گا۔ مجوزہ ترمیمی مسودے کے ذریعے انکم ٹیکس رولز میں 33 جی رول میں ایک نئی سیریل شامل کی جارہی ہے جس کے ذریعے فارن کرنسی ایکسچینج کمپنیوں ڈیلرز کو بھی انکم ٹیکس مانیٹرنگ کے حوالے سے پوائنٹ آف سیل سسٹم نصب کرنے والے شعبوں کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ ایف بی آر کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کے ساتھ ساتھ انکم ٹیکس کی مانیٹرنگ کیلئے بھی لوگوں کی آمدنی کا سراغ لگانے اور انکم ٹیکس میں ود ہولڈنگ کی مانیٹرنگ سے متعلق سلام آباد کراچی اور لاہور سمیت ملک کے آٹھ بڑے شہروں میں بڑے ہسپتالوں،پیتھالوجیکل لیبارٹریوں،میڈیکل ڈائیگناسٹک لیبارٹریوں کلینک ،میڈیکل پریکٹشنز، جم کلب ہیلتھ کلبوں، ریسٹورنٹس، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس کمپنیوں،کوریئر سروس و کارگو سروس، بیوٹی پارلروں، کاروبار اور دکانوں، رٹیل آوٹ لیٹس سمیت دیگر شعبوں کیلئے انکم ٹیکس میں بھی پوائنٹ آف سیل نصب کرنے کو لازمی قراردے رکھا ہے جس کیلئے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کرکے سات اے کے نام سے پورا نیا چیپٹر شامل کیا گیا ہے اور اب اسی قانون کے تحت غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے بڑے ڈیلروں اور ایکسچینج کمپنیوں میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم نصب کرکے ایف بی آر کے ساتھ منسلک ہونے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے بڑے ڈیلروں اور ایکسچینج کمپنیوں و اداروں کو انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کی جانب سے پی او ایس رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائیگا اور انٹیگریٹڈ سسٹم کے ساتھ ایکٹو کروانے کیلئے سسٹم کے جاری کردہ پی او ایس رجسٹریشن نمبر کے علاوہ کاروبار کانام، برانچ نام، برانچ کا اڈریس، سی پوائنٹ کا شناختی نمبر، رجسٹریشن کی تاریخ پر مشتمل تمام کوائف دینا ہونگے اور ان نوٹیفائیڈ سروسز پرووائڈرز صرف منظور شُدہ الیکٹرانک فسکل ڈیوائس(ای ایف ڈی) کے ذریعے سروسز فراہم کی جاسکیں گئیں جو کہ ون سیل اینڈ سروس ڈیٹا کنٹرولر(ایس ڈی سی) اور کم از کم ایک پوائنٹ آف سیل کے منسلک ہونے پر مشتمل ہوگی اور یہ سیل اینڈ سروس ڈیٹا کنٹرول فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو متعلقہ سیلز اینڈ سروس سنٹر کا ڈیٹا منتقل کرے گا۔ اس سسٹم کو یومیہ،ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر کلوزنگ ڈیٹا پر مشتمل ریکارڈ رکھنا ہوگا اور ایف بی آر کو ہر انٹیگریٹڈ سیل اینڈ سروس سنٹرر کا یومیہ،ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر سمری رپورٹ بھجوانا ہوگی تمام آوٹ لیٹس پر ہونیوالے لین دین کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کی جائے گی۔

نان ڈیوٹی پیڈ، اسمگلڈ گاڑیاں اور جعلی کاغذات پررجسٹرڈ بڑی گاڑیاں ضبط کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی ٹیکس محتسب نے نان ڈیوٹی پیڈ، اسمگلڈ گاڑیاں اور جعلی کاغذات پررجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کرنے کی ہدایت کردی۔ وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے نان ڈیوٹی پیڈ، اسمگلڈ گاڑیاں اور جعلی کاغذات پررجسٹرڈ 2ہزار سی سی سے اوپر کی گاڑیاں ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے کسٹمز حکام اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی ملی بھگت سے جعلی کاغذات کی بنیاد پررجسٹرڈ لینڈ کروزرز،بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز سمیت دوسری بڑی گاڑیوں کی جامع رپورٹ کی بجائے فیلڈ فارمشنز کے ساتھ خط و کتابت بھجوانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا خدشات کا شکار

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا خدشات کا شکار ہو گیا جبکہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے بارڈر کی پابندیوں کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
کووڈ کی سفری پابندیوں کی وجہ سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا خدشات سے دوچار ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم کو دورے سے واپسی پر آئسولیشن کے لئے جگہ کی بکنگ کرانا ہے، اگر کیسز نہ بڑھتے تو آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ واپسی پر مینجڈ آئسولیشن کی پابندی ختم ہوجانا تھی تاہم اب ایسا نہیں ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورے سے واپسی پر مینجڈ آئسولیشن کے لئے جگہ کی بکنگ تاحال نہیں کرائی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ دورہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھے گا۔

2021 گرین شرٹس کیلئے غیر معمولی سیزن رہا: رمیز راجہ

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 2021ء کو گرین شرٹس کیلئے غیر معمولی سیزن قرار دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تقریب پذیرائی کا انعقاد کر ڈالا جس میں گزشتہ سال بہترین کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا، وائٹ بال کرکٹرز کے ساتھ ٹیسٹ پلیئرز عابد علی اور ساجد خان کو بھی مدعو کیا گیا جنہوں نے گزشتہ برس کے دوران دیگر ساتھی پلیئرز کی طرح غیر معمولی کارکردگی پر انعامات وصول کئے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی کا کریڈٹ کپتان اور ان کے ساتھیوں کو جاتا ہے۔ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم کے فار اینڈ پویلین میں تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ دو ہزار اکیس کا سیزن غیر معمولی رہا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سراہنا لازمی ہو جاتا ہے حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ ٹیم ان کے بطور پی سی بی چیف چارج سنبھالنے سے پہلے ہی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ شروع کر چکی تھی اور قوی امید ہے کہ اس کی جانب سے مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

رضوان نے لڑکیوں کیساتھ تصاویر نہ لینے کی وجہ بتا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں خواتین کے ساتھ تصاویر نہ لینے سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رضوان کا کہنا تھا کہ میرے لیے خواتین بہت قابل احترام ہیں اور میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ جب کوئی ماں یا بہن میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا کہتی ہے تو میں ان کے ساتھ تصویر کھنچواؤں، ان خواتین کا معیار میرے نزدیک بہت اعلیٰ ہے۔
انہوں نے کہا اگرچہ میری خواہش ہے کہ اس عمل پر ہماری مداح ماں بہنیں مجھ سے خفا نہ ہوں لیکن اس کے باوجود کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے میں خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ، ملک میں مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ ایک چھ فیصد ریکارڈ ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 51 ہزار 408، سندھ میں 4 لاکھ 97 ہزار 153، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 100، بلوچستان میں 33 ہزار 684، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 439، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 597 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 522 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 63 ہزار 5 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 709 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 87، سندھ میں 7 ہزار 693، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 953، اسلام آباد میں 968، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

منی بجٹ مسترد ،جماعت اسلامی نے مرکزی نظم کا اہم اجلاس طلب کرلیا

ثمر باغ: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے منی بجٹ مسترد کرتے ہوئے مرکزی نظم کا اجلاس(کل ) ہفتہ کو منصورہ میں طلب کرلیا جس میں حالیہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آنے والے معاشی بحران ، مہنگائی ، بےروزگاری کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) سے ایک ارب ڈالر لینے کے لیے 22کروڑ عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا،بے رحم حکومت غریب کش منصوبہ پر گامزن ہے، قوم پر ساڑھے تین سو ارب کابوجھ ڈال کر حکمران جھوٹی وضاحتیں پیش کررہے ہیں، یقین ہے کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے ہوا اور روشنی پر سیلز ٹیکس لگانے کا حکم دیں تو حکومت بلا جھجک تیار ہوجائے گی۔
ثمر باغ دیر پائن میں عوامی وفوداورجامع مسجد وجامعہ نورہ صالح اسلامیہ(احیاءالعلوم)کے افتتاح کے موقع پر سراج الحق نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نظم کااجلاس ہفتے کےروزمنصورہ میں طلب کر لیاہے۔انہوں نےکہاکہ اجلاس میں حالیہ حکومتی اقدامات کےنتیجےمیں آنےوالےمعاشی بحران،مہنگائی،بےروزگاری کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا، اجلاس میں ملک میں بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کی تیاریوں اور حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوگی۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ملک طور پر تباہ ہوگئی، تجارتی خسارہ میں پچھلے چھ ماہ میں 25ارب ڈالر اضافہ ہوا، بجلی اور گیس کا ٹیرف بڑھانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے، ملک کے وسائل پر چند خاندانوں کا قبضہ ، سود سمیت قرضوں کی قسطوں کی ادائیگیوں کے لیے غریبوں کا خون چوسا جاتا ہے، ارب پتی حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر مگر ملک کے کروڑوں باسی دو قت کی روٹی کمانے کے لیے پریشان ہیں،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنے والے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، سابقہ حکمران جماعتیں بھی ملک کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں، وڈیروں ، کرپٹ سرمایہ داروں نے ملک کو جاگیر سمجھا ہوا ہے، یہ لوگ ملک کے بنکوں سے اربوں کے قرضے لیتے ہیں اور بعد میں ایک کوڑی واپس نہیں کرتے، بیرونی قرضے عوام کے لیے نہیں حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے لیے جاتے ہیں،پاکستان کو استعمار کی غلامی میں دھکیل دیا گیا، قوم سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، سودی معیشت کو خیرآباد کہنا ہوگا، کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام اور اسلامی پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، جماعت اسلامی ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب برپا کرے گی، عوام ساتھ دیں ، ملک کو امن ، ترقی اور قرآن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ہے، ایٹمی اسلامی پاکستان جو بائیس کروڑ غیور مسلمانوں کا ملک ہے کو انگریزوں کے وفاداروں نے تباہ کردیا، اسلامیان برصغیر نے قائد اعظم کی سربراہی میں جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ملک حاصل کیا مگر قیام پاکستان کے کچھ عرصے بعد جاگیرداروں، مافیاز نے ملک پر قبضہ کرلیا، دو فیصد ظالم اشرافیہ نےکروڑوں لوگوں کو یرغمال بنایاہواہے،الیکشن میں دھونس دھاندلی کےذریعےاقتدار میں آکر ظالم اشرافیہ لوگوں کاخون پیتی ہے،ملکی وسائل انسانوں کی فلاح کی بجائےحکمرانواں کے اللوں تللوں پر خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نےکہا حکومتوں نے تک سسٹم میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کی، پورا نظام چوپٹ اور اندھیر نگری ہے، جماعت اسلامی کی لڑائی نظام کی درستگی کے لیے ہے،سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہوگی۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں انقلاب لا کر پھر معاشرے کو بدلنا ہے۔ دنیا میں سوائے اسلام کے کوئی ایسا نظام نہیں ہے جو انسانوں کی دنیاوی اور اخروی بہتری کا ضامن ہو، پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر بدقسمتی سے گزشتہ سات دہائیوں میں ہم اللہ کے دیے گئے دین کو تخت پر نہیں لاسکے، آئیے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اس مقصد کے لیے جدوجہد کریں تاکہ ہم اس دنیا میں بھی کامیاب ہوں اور اخروی زندگی میں بھی ہادی انسانیت ﷺ کی شفاعت کے طلبگار بنیں۔

ٹویٹر صارفین کو اسپیس ریکارڈنگ کی سہولت مل گئی

نیویارک: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے تمام صارفین کو اسپیس ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کردی۔
ٹویٹر کی جانب سے صارفین کے لیے گزشتہ برس ’اسپیس‘ کے نام سے آڈیو روم کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی، جس کی کامیابی کے بعد اس سروس کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔
ابتدائی دنوں میں یہ سہولت صرف آئی فون صارفین کو میسر تھی مگر وقت اور خواہش کے پیش نظر اینڈرائیڈ صارفین کو بھی یہ فیچر پیش کردیا گیا۔
اسپیس روم بنانے کے لیے فالوورز کی ایک خاص تعداد درکار ہوتی تھی جس کے بعد اُسے بھی ختم کردیا گیا۔
بعد ازاں ٹویٹر نے مخصوص صارفین کو اسپیس روم ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کی تھی تاہم اب تمام صارفین اس سے استفادہ کرسکتے ہیں کیونکہ کمپنی نے سب کو ریکارڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔
ٹویٹر کے مطابق دنیا بھر میں موجود وہ تمام صارفین جو اسپیس ہوسٹ کرتے ہیں انہیں اب آڈیو روم میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایسے اسپیس کا حصہ بننے والے صارفین کے اسکرین پر ریکارڈنگ کا آگاہی پیغام بھی ظاہر ہوگا۔
اسپیس کی یہ ریکارڈنگ ایک ماہ تک محفوظ رہے گی اور ہوسٹ کو اسے اپنی مرضی کے مطابق پبلک کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

جوکووچ نے آسٹریلوی حکومت کا دوبارہ ویزا منسوخی کا فیصلہ چیلنج کردیا

سڈنی: (ویب ڈیسک) ٹینس کے عالمی نمبر ایک سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلیا کی جانب سے دوبارہ ویزا منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔
نواک جوکووچ چند روز قبل ہی آسٹریلین بارڈر فورس کے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ جیتے تھے اور عدالت نے انہیں آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت دی تھی۔
لیکن اب ایک بار پھر آسٹریلوی حکومت نے ٹینس اسٹار کا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کردیا ہے۔
جوکووچ کے وکلا نے ویزا منسوخی کے خلاف عدالت میں حکم امتناع کی درخواست جمع کرادی ہے۔
مقامی عدالت نے سماعت کے بعد کیس فیڈرل کورٹ کو بھجوا دیا ہے جس پر کل صبح سماعت ہوگی۔
اُدھر حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ آسٹریلین حکام نوواک جوکووچ کو ملک سے بے دخل نہیں کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مقدمے کا فیصلہ ہونے تک جوکووچ کو ملک سے نہیں نکالا جائے گا اور انہیں امیگریشن حکام کے سامنے پیش ہونے سے پہلے حراست میں بھی نہیں لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جوکووچ کا ویزا گزشتہ ہفتے میلبرن پہنچنے پر کورونا ویکسین کی شرائط پوری نہ کرنے پر آسٹریلوی حکام نے منسوخ کر دیا تھا تاہم آسٹریلوی جج نے اسے بحال کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 34 سالہ جوکووچ کے داخلہ فارم میں کہا گیا کہ انہوں نے 6 جنوری کو آسٹریلیا آنے سے 14 دن قبل کوئی سفر نہیں کیا لیکن ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ سربین کھلاڑی 14 دن کے اندر اسپین اور سربیا میں موجود تھے۔

شدید دھند کے باعث موٹروے کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) شدید دھند کے باعث تاحد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹروے کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروےایم تھری فیض پور لاہور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔ موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔شہری موٹروے پر سفر سے قبل ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔