All posts by Khabrain News

اسرائیلی وزیر دفاع کا فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کا حکم

اسرائیلی وزیر دفاع بنی گینٹز نے صیہونی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع بنی گینٹز امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران پر دباؤ بڑھانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع بنی گینٹز نے فوج کو ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے اور انہوں نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو بھی ایران پر حملے کی تیاری سے آگاہ کر دیا ہے۔
عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دنیا کی ایران کے ساتھ جوہری معاملے پر بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور بین الاقوامی برادری جان گئی ہے کہ ایران ان کے ساتھ گیم کھیل رہا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران پر فوجی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے صیہونی فوج کو اسٹرائیک کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ جاری ہے۔

لاہور میں پاکستان سپر لیگ 7 کی ڈرافٹنگ کی تقریب میں فرنچائزز  پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور سلور کیٹیگری میں اسٹارز منتخب کررہی ہیں۔ ڈرافٹنگ میں 32 ممالک کے 125 کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔

پلاٹینیم کیٹگری:

لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹگری میں فخر زمان، کراچی کنگز نے کرس جورڈن، اسلام یونائیٹڈ نے کالن منرو، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے جب کہ پشاور زلمی نے حضرت اللہ زازئی کو منتخب کرلیا۔

متعلقہ خبر: کس فرنچائز نے کس کو ٹیم میں برقرار رکھا؟

ڈائمنڈ کیٹیگری:

پاکستان سپر لیگ 7 کی ڈرافٹنگ کے دوران ڈائمنڈ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مرچنِٹ ڈی لانگے، کراچی کنگز لوئس گریگوری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنر کو منتخب کرلیا۔

باس نے ڈانٹا کیوں؟ خاتون ورکر نے آفس میں 21 کروڑ روپے سے زائد کا تیل جلا دیا

دفتر میں ملازم اور باس کے درمیان نوک جھونک کے واقعات تو دنیا بھر کے اداروں میں دیکھنے میں آتے ہیں لیکن تھائی لینڈ میں پیش آئے اس واقعے نےسب کو حیرت میں ڈال دیاہے۔
تھائی لینڈ کے ایک تیل کے گودام میں کام کرنے والی 38 سالہ خاتون اپنے باس سے ناراض تھی جس کے باعث خاتون نے انتہائی خوفناک اقدام اٹھاتے ہوئے تیل کے گودام کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گودام میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا تیل جل گیا۔
رپورٹ کے مطابق تیل کے گودام میں آگ لگنے کا واقعہ 29 نومبر کو اس وقت پیش آیا جب این شریا نامی خاتون نے ایک کاغذ کا ٹکڑا جلا کر پیٹرول کے کنٹینر پر پھینک دیا جس کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے صوبے نیکھم پیتھون میں واقع پریپاکارن آئل ویئر ہاؤس میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے گودام کے مالکان کو 40 ملین تھائی بھات یعنی 9 لاکھ پاؤنڈز (21 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کا نقصان ہوا۔
بعد ازاں آگ کو فائر ٹینڈرز کی مدد سے بجھاتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے باس کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض تھی، باس کی جانب سے خاتون کو کام بہتر بنانے کے ہدایات کی جاتی تھیں جس سے تنگ آکر خاتون نے گودام کو آگ لگا دی۔

بھارتی وزیر اعظم کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ’مختصر وقت‘ کے لیے ہیک کرلیا گیا۔

اس حوالے سے وزارت عظمیٰ کی جانب سے جاری ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ بہت مختصر وقت کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ معاملہ ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا اور نریندر مودی کا اکاؤنٹ فوری طور پر محفوظ کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں ٹوئٹ میں صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ ’اس دوران ہونے والی ٹوئٹس کو نظر انداز کردیں‘۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ پر 7 کروڑ 30 لاکھ فولوورز ہیں اور ہیک کیے جانے کا دورانیہ نہیں بتایا گیا۔

اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ نے غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق معلومات ملتے ہی ضروری اقدامات کیے گئے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے مزید بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ فی الحال کسی دوسرے متاثرہ اکاؤنٹس کی کوئی علامت نہیں ہے۔

نریندر مودی کے اکاؤنٹ سے کرپٹو کرنسی کے متعلق کی جانے والی ٹویٹس فوری طور پر ہٹا دی گئیں۔

ایک ٹوئٹر ہینڈلر سندیپ نے بھارتی وزیر اعظم کے اکاؤنٹ پر بٹ کوائن کا اشتہار چل سے متعلق آگاہ کیا۔

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی شام 13 سال کی بچی والدہ اور نانا کے ساتھ پمز اسپتال آئی تھی، ملزم رہنمائی کا جھانسہ دیکر بچی کو گاڑی میں لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی اور دیگر تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے،فارنزک کے لیے بچی اور ملزم کے سیمپل لاہور بھیجے جائیں گے۔

ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسسل دوسرے روز حملہ، ایک اور پولیس اہلکار شہید

ٹانک میں مسلسل دوسرے روز پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں ایک اور پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔

ڈپٹی کمشنر ٹانک کبیر خان آفریدی نے پولیو ٹیم پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں شادہ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار پر مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

ڈی سی کبیر خان آفریدی کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کبیر خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گزشتہ روز بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس حوالدار شہید ہو گیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے، بابر اعظم

کراچی: پاکستان  کرکٹ ٹیم کے کپتان  بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے ہوم سیریز میں دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔

قومی کپتان بابر اعظم  نے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جس طرح فتوحات حاصل کر رہے ہیں کوشش ہوگی یہ سلسلہ جاری رہے۔شائقین کے سو فیصد داخلے کی اجازت  ملنا خوش آئند ہے، امید کرتے ہیں شائقین اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

کپتان نے کہا کوچز کا ٹیم کے ساتھ ہونا ضروری ہے،تاہم پی سی بی اس حوالے سے زیادہ بہتر بتا سکتا ہے، چیئرمین رمیز راجہ سے ورلڈ کپ سے قبل بات ہوئی تھی، رمیز راجہ  سے کیا باتیں ہو یہاں بتا نہیں سکتا، نیوزی لینڈ کو پاکستان میں رکنا چاہیے تھا، ویسٹ انڈیز ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ وہ پاکستان آئے، لوگ سوچ رہے تھے کہ معلوم نہیں اب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی یا نہیں۔

بابر اعظم نے مزید کہا ویسٹ انڈیز ٹیم کو آسان ہدف نہیں لیں گے، دوران سیریز اپنی سو فیصد کارکردگی دیں گے۔ ویرات کوہلی سے کیا بات ہوئی تھی وہ بتا نہیں سکتا۔ ثقلین مشتاق کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں، ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ ہم بائیس کروڑ عوام کے لیے کھیل رہے ہیں، کھلاڑی جب کورونا پازیٹیو ہوجائیں تو مشکل وقت ہوتا ہے، ہم سب اس مشکل وقت سے گزرے ہیں، آئسولیشن کے دوران دماغ میں منفی چیزیں آتی ہیں لیکن اس کے باوجود ہم کچھ پازیٹیو کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے پلیئرز ٹی ٹوئنٹی میں مہارت رکھتے ہیں، بطور کپتان معلوم ہونا چاہیے کہ کھلاڑیوں سے کیسے پرفارم کروانا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ کھلاڑیوں کے مسائل سنوں، کھلاڑیوں کو اعتماد دے کر بات کرتا ہوں، ہم محنت کر رہے ہیں جس کے رزلٹ سامنے آرہے ہیں۔

وزیراعظم کا گوادر میں ایک ماہ سے جاری ماہی گیروں کے دھرنے کا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں ماہی گیروں کی جانب سے ایک ماہ سے جاری دھرنے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گوادر کے ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لیا ہے، ٹرالرز کے ذریعے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرز سے مچھلی کے شکار پر وزیراعلی بلوچستان سے بات کروں گا۔

امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ضدی لوگ نہیں ہیں، حل پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم نے اعلان کیا ہے تو مثبت سمجھتے ہوئے اس کا خیرمقدم کرتےہیں۔

مولاناہدایت الرحمان بلوچ کا کہنا تھا کہ گوادر کے مسائل حل ہوں تو ہم سے زیادہ خوشی کسے ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ عملدرآمد کا ہے، وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے تو عملدرآمد کی توقع ہے، امید ہے کہ ہماری توقع پوری ہو گی۔

عالمی ڈونرز کا افغانستان کو 28 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان

واشنگٹن(ویب ڈیسک) عالمی بینک کے مطابق بین الاقوامی ڈونرز (عطیہ دہندگان) نے افغانستان میں غذائیت اور صحت کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے اداروں کو فنڈز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کو اس وقت دنیا کے بدترین انسانی بحران کا سامنا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی بینک نے گذشتہ روز بتایا کہ ‘افغان تعمیر نو ٹرسٹ فنڈ’ (اے آر ٹی ایف)کو عطیہ فراہم کرنے والے ممالک نے افغانستان کے لیے 28 کروڑ امریکی ڈالر کی رقم بطور امداد جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ملک کو اس وقت شدید قحط اور معاشی بحران کا سامنا ہے اور اسے فوری امداد کی ضرورت ہے۔عالمی بینک نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا، “اس نازک وقت میں افغانستان کے لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے، اے آر ٹی ایف کے پورٹ فولیو میں فنڈز کو دوبارہ بھرنے کا فیصلہ، اس سمت میں پہلا قدم ہے۔”یہ رقم افغانستان کے طالبان حکمرانوں کو براہ راست فراہم کرنے کے بجائے اقوام متحدہ کی دو ایجنسیوں کو فراہم کی جائے گی۔ منجمد ٹرسٹ کے فنڈز سے یہ امداد افغانستان میں غذائیت اور شعبہ صحت کی مدد کے لیے ‘ورلڈ فوڈ پروگرام(ڈبلیو ایف اے)اور بچوں کی فلاح و بہود کے ادارے یونیسیف کو منتقل کی جائے گی۔افغان تعمیر نو ٹرسٹ فنڈ (اے آر ٹی ایف)ا انتظام و انصرام عالمی بینک کے ہاتھ میں ہے اور یہی ادارہ 18 کروڑ ڈالر کی امداد ورلڈ فوڈ پروگرام کو اسی برس فراہم کرے گا تاکہ خوراک کے تحفظ اور غذائیت کے کاموں کو تیزی آگے بڑھایا جا سکے۔ورلڈ بینک کے اعلان کے مطابق باقی کی دس کروڑ ڈالر کی امداد افغانستان میں ضروری صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے یونیسیف کو مہیا کی جائے گی۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ان دونوں ایجنسیوں کے پاس، “افغان سرزمین پر موجودگی کے سبب رسد کی فراہمی کی صلاحیت اور تجربہ ہے اور وہی ان فنڈز کو اپنے موجودہ پروگراموں میں مالیاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے استعمال کریں گی تاکہ صحت اور غذائیت کی خدمات براہ راست افغان عوام تک پہنچائی جا سکیں۔”حالیہ مہینوں میں اقوام متحدہ نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ افغانستان دنیا کے بدترین انسانی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے۔ غربت اور شدید قحط کی مار جھیلنے والے افغانستان میں اب شدید سردی کا قہر بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس صورت حال میں ملک کی سوا دو کروڑ عوام یعنی تقریبا نصف آبادی کو اس وقت خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ گزشتہ اگست میں اس بحران میں تیزی اس وقت آئی جب امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد مغربی ممالک کی حمایت یافتہ افغان حکومت گر گئی اور طالبان نے ملک پر اپنا کنٹرول حاصل کر لیا۔اس کے ساتھ ہی امریکا اور دیگر عطیہ دہندگان نے 20 برس سے جاری جنگ کے دوران ملک کو دی جانے والی وہ مالی امداد بھی بند کر دی جس پر اس کی معیشت کا انحصار تھا۔ اقوام متحدہ نے مغرب کے اس فیصلے کو ایک، “بے مثال مالیاتی جھٹکا” قرار دیا تھا۔ایک طرف جہاں واشنگٹن نے افغانستان کی تقریبا دس ارب ڈالر سے زیادہ کرنسی اثاثوں کو منجمد کر دیا وہیں دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک نے بھی اس کی فنڈنگ تک رسائی کو روک دیا۔ عالمی سطح پر بڑھنے والی حدت اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی خشک سالی کے اثرات کی وجہ سے بھی افغانستان کا موجودہ بحران مزید شدید ہو گیا ہے

منی بجٹ اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی روکنے کی کوشش کریں گے : شہباز شریف

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی، ہم اسے روکنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے،پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے، تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیوں کو نگل گیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا۔اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے، تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیوں کو نگل گیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا، عوام کے لئے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکج کا اثر تو نہیں نہیں پہنچا البتہ بجلی گیس اور اشیاءکی قیمت مزید بڑھ چکی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن گئی ہے، منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی، ہم اسے روکنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے اور منی بجٹ کے ملک اور قوم کے لئے تباہ کن اثرات پر حکومتی ارکان اوراس کے اتحادیوں کے احساس کو جگانے کی کوشش کریں گے، ایک اور منی بجٹ کینسر کا علاج اسپرین سے کرنے کے مترادف ہے، حکومت آئی ایم ایف کا تیارکردہ منی بجٹ نہ دے، استعفیٰ دے۔