All posts by Khabrain News

پنجاب میں نئے تعمیراتی پروجیکٹس بارش کا پانی ذخیرہ کرنے سے مشروط

پنجاب میں نئے تعمیراتی پروجیکٹس کو بارش کا پانی ذخیرہ کرنے سے مشروط کردیا گیا۔

ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے حکمنامہ جاری کردیا جس کے مطابق پنجاب میں 23 پروجیکٹس شروع کرنے کے لئے ڈیزائن میں پانی ذخیرہ کرنے کا سسٹم لازمی قرار دے دیا گیا۔ پولٹری، فش فارمز، پیٹرولیم ریفانریز، ٹیکسٹائل انڈسٹری، گارمنٹس یونٹس میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا سسٹم بنانا لازمی ہوگا

حکمنامے کے مطابق فوڈ انڈسٹری، فلور ملز، رائس ملز، گھی آئل ملز، پیٹرول پمپس اور سیمنٹ پلانٹس میں بھی بارش کے پانی کا سسٹم ہوگا جبکہ شوگر ملز، کیمیکل انڈسٹری، فارما انڈسٹری، پیپر ملزاور کھادوں کے یونٹس کو بھی بارش کا  پانی ذخیرہ کرنے کا سسٹم لگانا ہوگا۔

ائیرپورٹس، ہاوسنگ سوسائیٹیز، کمرشل بلڈنگز، ہوٹلزاور میرج ہالز پربھی سسٹم لازمی قرار دیا گیا ہے۔  تمام تعلیمی اداروں، بسوں، ویگنوں کے اسٹینڈز پر بھی بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا سسٹم لازمی ہوگا۔بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے سسٹم کی پلاننگ، ڈیزائننگ اور کام کرنے کو جانچا جائے گا۔ تعمیراتی کام کی منظوری بارش کے پانی ذخیرہ کرنے کے سسٹم سے مشروط ہوگی۔ بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا سسٹم تعمیر کرنے کے فیصلے کا اطلاق فوری ہوگا۔

جنوبی وزیرستان: قبائل کا فتنتہ الخوارج کیخلاف مزاحمت کا فیصلہ، دہشتگردی کیخلاف متحد ہونے کا اعلان

جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کیخلاف بڑی مزاحمت کا فیصلہ کرتے ہوئے قبائل نے بہیمانہ دہشتگردی کیخلاف قومی جرگہ بلا کر دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردوں نے دوتانی قبیلے کے کانسٹیبل حمید شاہد اور اشرف کو اغوا کر کے شہید کر دیا تھا.

دوتانی قبائل نے فتنتہ الخوارج کےدہشتگردوں کیخلاف قومی جرگہ منعقد کیا اور اس بہیمانہ دہشتگردی کیخلاف دوتانی قبائل نے قومی جرگہ بلا کر دہشتگردوں کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف مزاحمت کا اعلان کیا گیا ہے، عوام خیبرپختونخوا کے طول وعرض میں اب سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے عوام کی مزاحمت کی بدولت فتنتہ الخوراج  مایوسی کا شکار ہے،   12 اپریل کی رات  ڈی آئی خان اور ڈی جی خان کے سرحدی علاقے میں عوام نے خوارج کوگاؤں سے بھگا دیا، اس وقت بھی ایک بڑے اجتماع میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشتگردوں کو اپنے علاقے میں نہیں گھسنے دیا جائے گا۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ اب جنوبی وزیرستان کے دوتانی قبائل کا اعلان بھی دہشتگردوں کیلئے واضح اور دو ٹوک پیغام ہے، غیور قبائلیوں کی جانب سے فتنہ الخوراج کیخلاف کھڑا ہونا دہشتگردوں کیلئے بڑا دھچکا ہے،خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف مزاحمت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئی امید ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو عوام کے اس فیصلے کے بعد اب چھپنے کا ٹھکانہ نہیں ملے گا، فتنتہ الخوارج کے خلاف عوامی اتحاد پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

پی ایس ایل؛ شاہین آفریدی کے بیٹے کی پہلی مرتبہ تصاویر وائرل

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کراچی کنگز کے خلاف فتح کے بعد ایک دل چھو لینے والا منظر پیش کیا، جب وہ اپنے کم سن بیٹے علیار آفریدی کو گود میں لیے میدان میں نظر آئے۔

لاہور قلندرز نے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک ہائی اسکورنگ مقابلے کے دوران کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کے اختتام پر شاہین شاہ آفریدی کے بیٹے علیار کی جھلک پہلی بار عوامی طور پر سامنے آئی، جس نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ شاہین اپنے بیٹے کو تھامے ہوئے ہیں جبکہ انکی اہلیہ اشنا بھی ساتھ موجود ہیں۔ اس دوران، کراچی کنگز کے بولر حسن علی بھی ننھے علیار کے ساتھ کھیلتے نظر آئے۔

اسی دوران اسٹینڈز میں سابق کپتان شاہد آفریدی کی دو بیٹیوں کو بھی دیکھا گیا، جو اہلِ خانہ کے ہمراہ میچ سے لطف اندوز ہو رہی تھیں۔

واضح رہے کہ شاہین اس سے قبل علیار کی چند تصاویر تو شیئر کر چکے تھے لیکن ان میں ان کے چہرے کو پوشیدہ رکھا گیا تھا۔ اس مرتبہ، فیملی نے پہلی بار کھلے عام خوشی کے یہ لمحات اسٹیڈیم میں منائے۔

نادیہ حسین نے شوہر کے فراڈ میں ملوث ہونے کی تردید کردی

ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کسی قسم کے فراڈ میں ملوث نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نادیہ حسین اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ ایف آئی اے میں پیش ہوئیں جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ معروف ماڈل نے اپنی شفافیت کا مؤقف اختیار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے اپنے تمام مالی معاملات قانونی طریقے سے ظاہر کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر عاطف خان نے ان کے کاروبار میں سرمایہ کاری ضرور کی، مگر اس سرمایہ کاری کا ذریعہ یا نیت ان کے علم میں نہیں تھی۔ اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے اپنی ٹیکس ریٹرنز میں تمام مالی تفصیلات باقاعدگی سے ظاہر کی ہیں۔

نادیہ نے کسی بھی قسم کے فراڈ میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ عاطف خان پر اپنے ادارے کے بینک میں تقریباً 54 کروڑ روپے کے مبینہ مالی فراڈ کا الزام ہے اور اس وقت وہ تفتیش کے لیے زیرِ حراست ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ فراڈ کی رقم میں سے 2 کروڑ روپے نادیہ حسین کے سیلونز کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے تھے، جس کے بعد ایف آئی اے نے نادیہ حسین کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔

دوسری جانب نادیہ حسین کو فراڈ کیس کے معاملے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عمران خان اوربشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی استدعا منظور

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی استدعا عدالت نے منظور کرلی۔

190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے کی، جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں اور سزا معطلی کی جلد سماعت کی متفرق درخواستیں منظور  کرلیں۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں 2 ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت  جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں بھی ساتھ دیکھ لیں گے۔

دورانِ سماعت وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں، جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ڈویژن بینچ نے کیسز مقرر کرنے سے متعلق جوڈیشل آرڈر جاری کر دیا ہے۔ جوڈیشل آرڈر کے بعد ہم ڈائریکٹ کوئی تاریخ نہیں دے سکتے۔ ہم سزا کے خلاف اپیلوں کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں بھی دیکھ لیں گے۔

عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل ظہیر عباس ایڈووکیٹ اور عثمان گل پیش  ہوئے جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش  ہوئے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جلد سماعت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی 14 سال اور بشریٰ بی بی 7 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔ دونوں کی جانب سے اپیلیں اور سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی ہیں۔

سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، ایک اور سیارے پر زندگی کے آثار دریافت

غیر ملکی سائنسدانوں کو ہماری دنیا کے علاوہ ایک اور دور دراز سیارے پر زندگی کے اب تک کے سب سے بڑے آثار مل گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق محققین کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ انہیں ہماری زمین کے علاوہ زندگی کے بارے میں اب تک کا سب سے مضبوط اشارہ ملا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زندگی کے یہ اثا ہمارے اپنے نظام شمسی میں نہیں ہیں بلکہ ایک سیارے پر ملے ہیں جسے K2-18b کہا جاتا ہے۔

یہ سیارہ ہماری زمین سے 120 نوری سال کے فاصلے پر موجود ایک ستارے کے گرد زیر گردش  ہے۔ جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کا استعمال کرتے ہوئے محققین نے K2-18b کے ماحول میں 2 گیسوں- ڈائمتھائل سلفائیڈ، یا ڈی ایم ایس اور ڈائمتھائل ڈسلفائیڈ، یا ڈی ایم ڈی ایس کا پتا لگایا ہے۔

زمین پر یہ گیسز بنیادی طور پر مائکروبیل حیات جیسے سمندری فائٹوپلانکٹن جئسے جاندار عناصر سے پیدا ہوتی ہیں۔

محققین نے ایک پریس کانفرنس میں احتیاط  اور جوش و خروش کے ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی دریافت حقیقی جانداروں کے  بجائے حیاتیاتی عمل کی طرف اشارہ کر رہی ہے اور اس حوالے سے مزید مشاہدات کی ضرورت ہے۔

 کیمبرج یونیورسٹی کے فلکیاتی طبیعیات دان اور ایسٹرو فزیکل جرنل لیٹرز میں شائع ہونے والی اس تحقیق کی قیادت کرنے والے مصنف نکو مدھوسودھن نے کہا کہ بہر حال یہ وہ پہلے اشارے ہیں جو ہمیں اجنبی دنیا کے بارے میں ملے ہیں جو ممکنہ طور پروجود رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام شمسی سے باہر زندگی کی تلاش میں تبدیلی کا لمحہ ہے جہاں ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ موجودہ سہولیات کے ساتھ ممکنہ طور پر قابل رہائش سیاروں میں حیاتیاتی نشانات کا پتا لگانا ممکن ہے، ہم فلکیات کے مشاہداتی دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شدید ژالہ باری دوبارہ کب ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے بتادیا

وفاقی دارالحکومت میں شدید ژالہ باری ایک بار پھر ہو سکتی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے تفصیلات بتائی ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جب کہ ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ دیگر کئی نقصانات ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ژالہ باری سے فیصل مسجد کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جس طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک آسمان نے اولے برسائے اور شدید ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اس طرح کی ژالہ باری دوبارہ بھی ہو سکتی ہے۔

ژالہ باری کے دوران گرنے والے اولے اتنے بڑے تھے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں  و پارکوں میں جیسے سفید چادر بچھ گئی۔

ژالہ باری کے حوالے سے کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ ہمارے اعمال کی سزا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب موسم بدل رہا ہوتا ہے تو اس طرح کے ایونٹ ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں نے ہمارے خطے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اس طرح کی شدید زالہ باری مستقبل قریب میں بھی پھر ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ پہلے جاری کیا جا چکا تھا۔

علاوہ ازیں ہیٹ ویو کی لہر بھی آئندہ کچھ دنوں میں  پیش آ سکتی ہے۔

بلوچستان میں سورج آگ برسانے لگا؛ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ

بلوچستان میں سورج سوا نیزے  پر آ گیا اور درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور قلات میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25، ژوب میں 35، سبی میں 46، تربت میں 43، نوکنڈی میں 43، چمن میں 36، گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گردونواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

ٹیم کی فتح کے امکانات زیادہ روشن کب ہوتے ہیں؟ فخر زمان نے بتا دیا

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کا ٹیم کی فتح کے امکانات بڑھنے سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے۔

کراچی کنگز پر فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فخر زمان نے کہا کہ اگر اوپنرز اسکور کریں تو ٹیم کی فتح کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس طرح کی ہماری بولنگ ہے ہم اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بولرز بہت زیادہ کریڈٹ کے حقدار ہیں، میرا کردار ہمیشہ ہی جارحانہ کھیل پیش کرنے والے کا ہے، پچ زیادہ موزوں نہیں تھی، اس لیے ہم نے پہلے پارٹنرشپ تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد بڑے شاٹس کھیلے، ہم وکٹیں محفوظ رکھنا چاہتے تھے۔

فخر زمان نے کہا کہ انجری سے کم بیک کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، میں گزشتہ میچ میں اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر پایا اور اس بار بھی صورتحال میرے لیے کافی چیلنجنگ رہی۔

اوپنر کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ میں نے دوسرا مین آف دی میچ حاصل کیا مگر یہ اتنا آسان نہیں تھا، پی سی بی اور لاہور قلندرز نے میری بہت زیادہ دیکھ بھال کی جس سے مجھے کافی مدد ملی۔

کانگو میں المناک کشتی حادثہ، 50 افراد ہلاک، 100 سے زائد لاپتا

کنشاسا: افریقی ملک جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے شمال مغربی علاقے میں دریائے کانگو میں خوفناک کشتی حادثے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد لاپتا ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب مبندکا قصبے کے قریب 400 مسافروں کو لے جانے والی لکڑی کی کشتی میں آگ بھڑک اٹھی۔ کشتی متانکومو کی بندرگاہ سے روانہ ہو کر بولمبا جا رہی تھی۔

حادثے کی وجہ کشتی میں ایک خاتون کی جانب سے کھانا پکانے کے دوران لگنے والی آگ بتائی گئی ہے، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کشتی کو لپیٹ میں لے لیا۔

ریڈ کراس اور مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ درجنوں افراد کو بچا لیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ خواتین اور بچے بھی اس حادثے میں متاثر ہوئے، کئی افراد نے تیرنا نہ جاننے کے باعث پانی میں ڈوب کر جان گنوا دی۔

ماہرین کے مطابق، کانگو میں اس طرح کے کشتی حادثات عام ہو چکے ہیں، کیونکہ اکثر کشتیوں پر زیادہ بوجھ اور ناقص حفاظتی انتظامات ہوتے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھی ناتجربہ کار ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر اور اکتوبر میں بھی کانگو میں اسی نوعیت کے حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔