All posts by Sultan Malik

2021 ء کے دوران بجلی 18روپے 71 پیسے فی یونٹ تک مہنگی

2021 ء کے دوران میں ماہانہ اورسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز کی مد میں بجلی 18روپے 71پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی، ایک سال میں نومرتبہ بجلی مہنگی کرکے صارفین پر 650 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ڈالا گیا۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 12 روپے11 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی بنیادی ٹیرف، سرچارج، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی۔
ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی اضافی وصولیاں ماہانہ بنیادوں پر کی گئیں جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی89 پیسے ،فروری میں 64 پیسے، جولائی میں ایک روپے 37 پیسے اور اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔
ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2 روپے 52 پیسے اوراکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی، فروری میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بڑھایا گیا، اکتوبر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی ایک روپے 72پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ اکتوبر2021 کے دوران ایک روپے 25 پیسے کا سرچارج بھی لگایا گیا۔
ذرائع کے مطابق نومبر میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا گیا،ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سستی بھی کی گئی۔

‘نواز شریف کی واپسی سے اصل پریشانی شہباز اور حمزہ کو ہے’

حکومتِ پنجاب کے ترجمان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی حسان خاور کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے اصل پریشانی شہباز اور حمزہ کو ہے۔

معاون خصوصی حسان خاور نے گذشتہ روز کینال روڈ پر کھیرا پل کے قریب بنے پی ایچ اے کے پراجیکٹ اور نئے بننے والے سائیکلنگ ٹریک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ اور ویزا ایکسپائر ہو رہا ہے، وطن واپس آنا ان کی مجبوری ہے۔ قیدی کو سمجھ آ رہی ہے کہ اب اسے واپس آنا ہی پڑے گا اور پھر فتح قانون کی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے آنے سے حکومت پریشان نہیں ہے۔ نواز شریف کی واپسی سے اصل پریشانی شہباز اور حمزہ کو ہے، کیونکہ جس ڈیل کے لیے وہ بھاگ دوڑ کر رہے ہیں، نواز شریف کی آمد سے انہیں اس ڈیل کا حصول مشکل دکھائی دینے لگا ہے۔

حسان خاور نے مزید کہا کہ بلاول سندھ میں بیٹھ کر پنجاب کی فکر نہ کریں۔ زرداری کی سیاست نے بھٹو کے نظریے کو دفن کر دیا ہے۔ سندھ کے پسماندہ حالات پیپلز پارٹی کی گورننس کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی قیادت پنجاب میں خیمے لگانے سے پہلے سندھ کے پسماندہ علاقوں کا دورہ کرے اور وہاں کی عوام کا حال دیکھے تو سمجھ آئے گی کہ ان کی گورننس کتنی اچھی جا رہی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا انتقام سندھ کی عوام سے خوب لیا ہے۔ وہ پنجاب کی فکر کر رہے ہیں لیکن سندھ میں بھی اب ان کے آنے کے امکانات معدوم ہیں۔ ان کی نہ کوئی سیاسی حیثیت ہے نہ انہیں پنجاب میں ویلکم کیا جائے گا۔

حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کا سیاسی ماڈل پنجاب میں نہیں چلے گا۔ پنجاب کا بلدیاتی نظام ملکی تاریخ کا منفرد، مضبوط اور عوام دوست نظام ہوگا۔

انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے جواد قریشی سمیت پی ایچ اے کی تمام ٹیم کی کاوشوں کی تحسین کی اور کہا کہ پی ایچ اے انتظامیہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شہر لاہور میں تفریح کے مواقع بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہا ہے تاکہ لوگ شہر کی ثقافت اور موسموں سے مستفید ہو سکیں۔

حسان خاور نے کہا کہ شہر کے مختلف تفریحی مقامات پر سائیکلنگ کے فروغ کے لیے ٹریک بنائے جا رہے ہیں۔ تفریحی مقامات کو اس سطح پر لایا جا رہا ہے کہ یہ فیملیوں کے لیے بہترین ریزورٹ کی مانند ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سائٹ کو شہریوں کے لیے پُر فِضا مقام بناتے ہوئے یہاں فی الوقت 8 ہزار پودے اور درخت لگائے گئے ہیں جبکہ مزید 2 ہزار پودوں کی شجرکاری کر کے 10 ہزار کا ٹارگٹ عنقریب پورا کیا جائے گا۔

حسان خاور نے کہا کہ حکومت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی قبل از وقت تکمیل کر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کہتے ہیں کہ گلاب دیوی انڈر پاس سمیت مستقبل میں نئے بننے والے ہسپتال، مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور دیگر پراجیکٹس ثابت کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہر کے مسائل کے حل کے لیے کس قدر سنجیدہ اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔

بھارت کا اصل چہرہ اب دنیا کے سامنے ابھر کر آرہا ہے ، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ بھارت کا اصل چہرہ اب دنیا کے سامنے ابھر کر آرہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت میں مدر ٹیریسا کے خیراتی ادارے  کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی خبر پر ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے کہ قانون ہاتھ میں لے کر مشتعل ہندو گروہوں نے کئی بھارتی علاقوں میں کرسمس تقریبات میں خلل ڈالا۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ انتہا پسندوں نے سانتا کلاز کا پتلا جلایا ، کرسمس تقریبات اور مذہب بدلنے کے خلاف نعرے لگائے ، اس سے پہلے کے دیر ہوجائے ، دنیا کو بھارت میں بڑھتی شدت پسندی  پر خبردار رہنا ہوگا۔

 

واٹس ایپ نے صارفین کو جعلی خبروں سے خبردار کردیا

ویب بیٹا انفو کی ٹوئٹ میں واٹس ایپ کی بلیو ٹِک سے متعلق خبروں کو مسترد کیا گیا ہے اور  بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ  تیسرے بلیو ٹِک پر کوئی کام نہیں کررہی۔

ویب بیٹا انفو کا کہناہےکہ واٹس ایپ اسکرین شاٹ  معلوم کرنے کے لیے کسی تیسرے بلیو  چیک  پر کام نہیں کررہا ہے ، اس حوالے سے  خبر جعلی ہے۔

دوسری جانب اکثر صارفین کو شکایت ہے کہ ان کا گوگل ڈرائیو بیک اپ پچھلے ایک ماہ سے کام نہیں کررہا ہے۔

اس حوالے سے ویب بیٹا انفو کا کہنا ہےکہ ہمیں ایسی کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں اگر آپ کو بھی واٹس ایپ کے حوالے سے کسی ایسے مسئلے کا سامنا ہے تو  اپنے فون کا ماڈل اور واٹس ایپ بلڈ نمبر واضح کریں۔

 

خیال رہے کہ واٹس ایپ پر میسج چیٹ کے دوران بھیجاگیا پیغام جب سامنے والا  شخص دیکھ لے تو  دو بلیو ٹک واضح ہوتے ہیں۔

پاکستان امیر ملک ہے، عقل ہو تو لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہيں، آصف زرداری

سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان امیر ملک ہے، عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہيں۔

آصف زرداری نے اپنی اہلیہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے میں سرپرائز انٹری دی۔ کل تک آصف زرداری کی جلسے میں شرکت طے نہیں تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ بھی کہہ چکے تھے کہ آصف زرداری شریک نہيں ہوں گے۔

آصف زرداری حکومت کے خلاف خود میدان میں آنے اور خیمے لگا کر بیٹھ جانے کی بات کرکے نکلے تھے لیکن اچانک ان کی جلسے میں واپسی ہوگئی۔

جلسے سے خطاب میں زرداری نے کہا کہ وہ بی بی سے کیا گیا وعدہ پورا کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے، بلاول ہی غریب عوام کی تقدیر بدلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امیر ملک ہے ، عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہيں۔

15 کروڑ سے زائد پاکستانیوں نے کورونا ویکسین لگوا لی

ملک بھر میں کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، اب تک 15 کروڑ سے زائد شہری ویکسین لگوا چکے ہیں۔
متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز سامنے آنے کے بعد این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا تھا کہ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسینیشن اومی کرون کے خلاف واحد موثر طریقہ ہے۔
حکومت نے ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگوانے کے لیے سینٹرز بھی قائم کیے ہیں۔ یہ ویکسینینش سینٹرز بڑے شہروں میں قائم کیے گئے ہیں جہاں سے لوگ ویکسین کی اضافی خوراک لگوا سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 15 کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔
اسد عمر نے مزید بتایا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ افراد کی ویکسینیشن ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 68 فیصد افراد نے ویکسین کی خوراک لی ہے، خیبر پختونخوا میں 57 فیصد، سندھ میں 51 فیصد اور بلوچستان میں 38 فیصد افراد کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں تیزی لائی گئی ہے۔

لاہور میں پہلااومی کرون کا کیس سامنے آگیا

تفصیلات کے مطابق  محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں پہلے اومی کرون کیس کی تصدیق کردی ہے۔ 23 سالہ شخص بہار کالونی کا رہائشی ہے۔ بیرون ملک سفر کا کوئی ریکارڈ  موجودنہیں ۔

محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں  12افراد نمونے لئے گئے تھے جن میں سےبہار کالونی کے رہائشی 23سالہ نوجوان میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔متاثرہ نوجوان کو فوری طور پرقرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اسرا 2021 کی 100خوبصورت خواتین کیلئے نامزد

2021 کی 100 خوبصورت خواتین میں سارہ خان کی نامزدگی کی پوسٹ ٹی سی کینڈلر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

تاہم پوسٹ ٹاپ بیوٹی ورلڈ اور ٹی سی کینڈلر کی جانب سے شئیر کی جانے والی پوسٹ میں اداکارہ اسرا کے ساتھ پاکستانی اداکارہ سارہ سمیت  دنیا بھر کے نامور فنکار بھی شامل ہیں۔

کیپشن میں لکھا گیا کہ ’ان تمام خوبصورت خواتین کو 2021 کے چہروں میں نامزد ہونے پر بہت مبارک ہو‘۔

اب ووٹنگ کا عمل ہوگا جو اس بات کا تعین کرے گا کہ نامزد چہروں میں سے کامیاب کون ہوتاہے۔

 دنیا بھر سے 100 خوبصورت چہروں کے لیے نامزدگی کی جاتی ہے اور ووٹوں کی بنیاد پر 100 خوبصورت چہروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ رواں سال میں سارہ خان واحد پاکستانی اداکارہ ہیں جو اس فہرست کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ اس فہرست میں دنیا بھر سے خوبصورت اورپُرکشش لوگوں کو شامل کیا جاتا ہے بعد ازاں ووٹوں کی بنیاد پر 100 پُرکشش افراد کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔

پی ایس ایل کےنشریاتی حقوق کے معاملے پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پی سی بی کو خط لکھ دیا

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے پی سی بی کو لکھےگئے خط میں سوال کیا گیا کہ پی ٹی وی نےکس کے احکامات پر اے آر وائی کے ساتھ کنسور شیم بنایا؟ اوپن ٹینڈر کیوں نہیں دیا ؟ آزادانہ طور پر بولی میں شرکت کیوں نہیں کی؟

خط میں سوال کیا گیا ہےکہ اے آر وائی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کیوں کیا؟ پی ٹی وی اور اے آروائی کا یہ گٹھ جوڑ ناپاک سازش اور پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے ، پی ٹی وی نے کسی اور پارٹی کو دعوت دیے بغیر خاموشی سے اے آر وائی کو پارٹنر بنالیا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہےکہ پی ٹی وی عدالتی حکم کے مطابق اور سرکاری ادارہ ہونے کی وجہ سے ایسا کرنے کا مجاز نہیں ۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پی سی بی کو موصول شکایت پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر شکایت صحیح ہےتوپی ٹی وی، اےآروائی کنسورشیم کونشریاتی حقوق دینےکافیصلہ منسوخ کرنا چاہیے۔

2023 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی خاتمہ ہونے جارہا ہے، فرخ حبیب

وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 2023 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی خاتمہ ہونے جارہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول پنجاب کی فکر چھوڑیں بلکہ زرداری کے ہوتے ہوئے 2023 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی خاتمہ ہونے جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، سندھ کے عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات مانگ رہے ہیں، زرداری اور بلاول کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے 13 سال سے سندھ کا بیڑا غرق کیا ہوا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار، جعلی بینک اکاؤنٹس پیپلز پارٹی کی پہچان بن گئی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ افسوس بلاول بی بی شہید کا مشن آگے بڑھانے کے آصف ذرداری کی کرپشن کا محافظ بن گیا ہے۔