All posts by Sultan Malik

’پاکستان کورونا کا بہت بڑا ایکسپورٹر ہے‘، فواد چوہدری کی زبان پھسل گئی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کو کورونا کا بہت بڑا ایکسپورٹر قرار دے دیا پھر صحافیوں کی نشاندہی پر اپنی بات کی وضاحت کی۔

پریس بریفنگ کے دوران فواد چوہدری کی زبان پھسل گئی اور وہ روانی میں یہ کہہ گئے کہ پاکستان کورونا کا بہت بڑا ایکسپورٹر ہے ۔

صحافیوں کے ٹوکنے پر فواد چوہدری نے اپنی تصحیح کی کہ ہاں وہ میڈيکل آلات برآمد کرنےکی بات کررہے ہیں۔

انڈر 19 ایشیاکپ: سیمی فائنل میں پاکستان کا ٹکراؤ سری لنکا سے ہوگا

انڈر 19 ایشیا کپ کے تمام سیمی فائنلسٹس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق   پہلے سیمی فائنل  میں پاکستان  کا مقابلہ سری لنکا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل 30 دسمبر بروز جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل گروپ بی میں پہلی اور دوسری پوزیشن کے حصول والا اہم میچ بغیر کسی نیتجے کے ختم کردیا گیا تھا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو اس نے 32.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنالیے تھے جب اچانک منتظمین کی جانب سے کورونا کیسز کی بنا پر میچ روک دیا گیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دو آفیشلز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے  جن کی صحت بہتر ہے اور انہیں ٹورنامنٹ پروٹوکول کے مطابق  قرنطینہ کردیا گیاہے۔

 

منتظمین نے کہا کہ میچ سے وابستہ تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے جس کے نتائج آنے  پر آگاہ کردیا جائے گا۔

 

بھارت میں عیسائی بھی نشانے پر، مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کو بیرونی فنڈز لینے سے روک دیا گیا

بھارت میں مسلمانوں کے بعد اب عیسائیوں پر انتہا پسندوں کے حملے جاری ہیں اور ایسے میں بھارتی حکومت نے بھی نوبیل انعام یافتہ مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کی بیرونی فنڈنگ روکنے کی کوششیں شروع کردیں۔

مدر ٹریسا نے مشنریز آف چیریٹی ادارہ 1950 میں قائم کیا تھا اور اس کے تحت  240 سے زائد فلاحی ادارے چلائے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدرٹریسا مشنریز آف چیریٹی کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ نے بیرون ملک سے نقد وصولی کی درخواست کی تجدید سے انکارکردیا ہے۔

رپورٹس  میں کہا گیا ہے کہ مشنریز آف چیریٹی بیرون ملک سے فنڈز اکٹھے کرتا ہے جبکہ چیریٹی نے اپنے تمام اداروں کو مسئلہ کے حل تک تنظیم کے غیرملکی فنڈز کے اکاؤنٹ کو آپریٹ نہ کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی حکومت نے 27 دسمبر کو ایک بیان  جاری کیا اور کہا کہ مشنریز آف چیریٹی کی درخواست کو رد کردیا گیا ہے اور اس کی وجہ درخواست فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ سے مطابقت نہیں رکھتی اور منفی چیزیں بھی سامنے آئی ہیں۔

اُدھر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدر ٹریسا کا مشنریز آف چیریٹی ادارہ بھارت بھر میں کئی شلیٹرز ہوم چلاتا ہے اور اسے 2020-21 میں بیرون ممالک سے 75 کروڑ ڈالرز کی امداد موصول ہوئی تھی۔

بھارتی حکومت کا فیصلہ کرسمس پر غریب افراد کیلئے بھیانک تحفہ قرار

بھارتی شہر کولکتہ کے سب سے بڑے پادری فادر ڈومینک گومز نے اسے کرسمس پر غریب افراد کیلئے بھیانک تحفہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے تنظیم سے فائدہ اٹھانے والوں سمیت مجموعی طور پر 22 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوں گے۔

دوسری جانب تنقید کے بعد بھارتی حکومت نے ایک بیان میں وضاحت دی ہے کہ بیرون ملک نقد وصولی کی درخواست کی تجدید سے انکار کیا گیا ہے تاہم ادارے کے اکاؤنٹس منجمد نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ بھارت میں یہ اکاؤنٹس ایک ایسے موقع پر منجمد کیے گئے ہیں جب کرسمس اور اس سے قبل بھارت کے مختلف شہروں میں چرچ کے ساتھ ساتھ مسیحیوں کے مقدس مقامات پر حملے کیے گئے۔

آرمی چیف سے یونان کے سفیر کی الوداعی ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور افغان عوام کا خوشحال مستقبل یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی بحران روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا۔

نیشنل سیکورٹی پالیسی ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکورٹی پالیسی ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی کو مستحکم کرنے کے لیے نیشنل سیکورٹی پالیسی ایک سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پالیسی قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر باہمی ربط کو تسلیم کرتی ہے ، پالیسی ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے ، عالمی ماحول میں پالیسی کی تشکیل مجموعی حکومتی کاوش ہے۔

اسرائیل کا شامی بندرگاہ پر میزائلوں سے حملہ

اسرائیل نے شام کی بندرگاہ لطاکیہ پر ایک مہینے میں دوسری بار حملہ کیا ہے۔

شامی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لطاکیہ پر فضائی حملہ کیا گیا، اسرائیل نے لطاکیہ پورٹ پر متعدد میزائل داغے، اسرائیلی میزائلوں نے لطاکیہ پورٹ کےکنٹینریارڈ کو نشانہ بنایا،جس سے وہاں آگ لگ گئی اور بھاری مالی نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میزائلوں سے قریب موجود ایک اسپتال اور چند رہائشی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

شامی حکام کی جانب سے حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان  کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے شام میں فضائی حملےکی خبرپر ردعمل سےگریز کرتے ہوئے کہا ہےکہ غیرملکی میڈیا کی خبروں پر ردعمل نہیں دیتے۔

اس سے قبل 7 دسمبر کو بھی اسرائیل کی جانب سے لتاکیہ پورٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات، کورونا کیسز کے باعث ایکسپو 2020 بند ہونے کا خدشہ

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بلین ڈالرز سرمایہ کاری سے جاری ایکسپو 2020 کو کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث بندش کا خطرہ لاحق ہوگیا۔

اِس خدشے کا اظہار عملے کے اراکین کے کورونا میں مبتلا ہو جانے کے بعد کیا جا رہا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ صفائی اور سینیٹائزیشن کے عمل کے باعث ایکسپو 2020 کے کچھ حصوں کو عارضی طور پر بند کیا جا سکتا ہے۔ اِس حوالے سے ایکسپو کے متاثرہ مقامات کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

اومیکرون ویریئنٹ کی دریافت کے 3 ہفتوں کے اندر متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد میں یکدم خاصا اضافہ ہوا اور یہ 37 تک پہنچ گئی۔

دبئی حکومت کے سرکاری میڈیا کے غیر واضح بیان کے مطابق عالمی وبا کے بڑھتے پھیلاؤ کے دوران ایک عظیم الشان نمائش کا انعقاد بڑے چیلنج سے دوچار ہے۔

دبئی ایکسپو 2020 کا آغاز کورونا وبا کے باعث ایک سال کی تاخیر سے رواں برس اکتوبر میں ہوا تھا۔ اماراتی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اِس کے تیز ویکسینیشن پروگرام کے سبب اقتصادی صورتحال بہتر ہو جائے گی جو مغربی ممالک کی نسبت زیادہ متاثر ہوئی تھی۔

ایکسپو 2020 انتظامیہ نے مختلف احتیاطی تدابیر کا اطلاق بھی کیا تھا جن میں داخلے کے لیے ماسک کا استعمال، ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یا حالیہ منفی پی سی آر رپورٹ لازمی قرار دیے گئے تھے لیکن تیزی سے منتقل ہونے والے اومیکرون وائرس نے، جو ویکسین سے حاصل شدہ قوتِ مُدافعت کو دھوکا دینے کی صلاحیت کا حامل ہے، ایکسپو کو نئے امتحان سے دوچار کر دیا ہے۔

ایکسپو 2020 میں حالیہ ہفتوں میں ہوئے بڑے کانسرٹس میں کسی قسم کا سماجی فاصلہ دیکھنے میں نہیں آیا جہاں کثیر تعداد میں لوگ ایک دوسرے سے جُڑے میوزک پر ہاتھ لہراتے رہے۔

دبئی میں موسمِ سرما کا سیاحتی سیزن عروج پر ہے اور ایسے میں ایکسپو 2020 مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں سیاح دبئی کا رُخ کر چکے ہیں۔

کراچی میں جاپانی قونصل جنرل کا گرین لائن بس کا سفر

تفصیلات کے مطابق قونصل خانہ جاپان کے پولیس اتاشی اور دیگر عملہ بھی توشی کازو ایسومورا کے ہمراہ تھا، قونصل جنرل جاپان کسی کو اطلاع دیئے بغیر مسافر بن کر گرین لائن اسٹیشن پہنچ گئے۔

قونصل جنرل توشیکازو ایسومورا نے نمائش چورنگی اسٹیشن پر قطار میں لگ کر ٹکٹ خریدا، قونصل جنرل توشیکازو ایسومورا عام مسافروں کے ساتھ بس میں بیٹھے اور بس کا جائزہ لیا۔

گرین لائن بس کا سفر کر کے قونصل جنرل توشیکازو ایسومورا گولیمار اسٹاپ پر اتر گئے۔

قونصل جنرل جاپان توشیکازو ایسومورا کا کہنا تھا کہ جاپان میں تو یہ عام چیز ہے، کراچی میں جدیدیت دیکھ کر خوشی ہوئی، گرین لائن بس سروس مکمل فعال ہوجائے گی تو پھر دورہ کروں گا۔

حضرت ابوبکر صدیقؓ کا یومِ وفات سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں خلیفہ اوّل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہُ تعالیٰ عنہُ کے یومِ وفات کو سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔

منگل کو ہونے والے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے رکن معاویہ اعظم طارق نے مذکورہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کا وجود کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ  کا یومِ وفات 22 جمادی الثانی کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔

اس سلسلہ میں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے اجتماعات اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

مقررین سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے فضائل و مناقب، سیرت اور کردار و کارناموں پر روشنی ڈالتے ہیں اور آپؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

 دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے محکمہ کوآپریٹنگ ہاوسنگ کے رہائشی کے مسائل کے خلاف تحریک التوا کار منظور کر لی ہے۔

تحریک التوا کے متن میں کہا گیا کہ محکمہ کوآپریٹنگ ہاوسنگ سوسائٹیز کے لیے موثر اقدمات کرے ۔

آج ہونے والے اجلاس میں اسمبلی نے کم پیمانہ اور ملاوٹ شدہ پیٹرول کی فروخت کے خلاف بھی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرزا جاوید نے ایوان میں پیش کی تھی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چئیرمین نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

منی بجٹ کی منظوری، وفاقی کابینہ کا اجلاس کل دوبارہ بلانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے منی بجٹ کی منظوری کیلئے کابینہ کا اجلاس کل دوبارہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں صرف ایک نکاتی ایجنڈا پربات ہوگی جبکہ اجلاس میں منی بجٹ پر ارکان کوبریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کل منی بجٹ کی منظوری دے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ سے منظوری کے بعد منی بجٹ اگلے روز قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں فنانس ترمیمی بل پیش نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیرخزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ پر گفتگو میں کہا کہ فنانس ترمیمی بل تیار ہے۔