Tag Archives: army chief
نئے آرمی چیف کا اعلان ….سب سے اہم خبر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالہ سے فوج کا اپنا بھی ایک واضح نظریہ ہے جس کے مطابق ایسے سینئر فوجی افسر کو ہی آرمی چیف بنانا چاہیے جو ملک کی بیرونی اور داخلی سلامتی کے بارے میں فوج کے جاری آپریشنل منصوبوں سے کما حقہ آگاہ ہو۔ متعدد ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے یہ نظریہ یا ڈاکٹرائن بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے دور میں وضع کی گئی تھی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جنرل راحیل شریف کے جانشین کیلئے جو سینئر ترین دستیاب لیفٹیننٹ جنرل دستیاب ہیں وہ سب ماضی قریب میں فوج کے آپریشنل منصوبوں کا حصہ رہے ہیں اور مذکورہ بالا معیار پر پورا اترتے ہیں۔ اس اعتبار سے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے خاصی آسانی رہے گی کہ وہ ان میں سے کسی تجربہ کار لیفٹیننٹ جنرل کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر نیا آرمی چیف مقرر کر دیں۔ نیا آرمی چیف بننے کی اہلیت رکھنے والے پہلے تین سینئر لیفٹیننٹ جنرلز کا مذکورہ ڈاکٹرائن کے حوالے سے جائزہ لیا جائے تو کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم سرفہرست ہیں۔ سینئر ہونے کے علاوہ وہ شورش زدہ وزیرستان میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں، سوات میں فوجی آپریشن کا حصہ رہے ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بری فوج کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے طور پر کام کر چکے ہیں جبکہ ضرب عضب کے کامیاب آپریشن کی منصوبہ بندی کا سہرا بھی ان ہی کے سر باندھا جاتا ہے۔ ان کے بعد لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے ہیں جو سوات میں ملا فضل اللہ کیخلاف فوجی آپریشن کے وقت جنرل آفیسر کمانڈنگ تھے۔ جی ایچ کیو میں آئی جی انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوایشن لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کا نام حالیہ مہینوں میں اچانک ہی سامنے آیا ہے۔ وہ ملک کی سب سے اہم کور یعنی دسویں کور جسے پنڈی کور بھی کہا جاتا ہے کے کمانڈر رہ چکے ہیں۔ ان تینوں افسران کی لیفٹیننٹ جنرل کی حیثیت سے سبکدوشی 8 اگست 2017ءکو ہونی ہے۔ قوی امکان ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف 2 نومبر سے 9 نومبر کے درمیان کسی وقت نئے آرمی چیف کی نامزدگی کا اعلان کر دیں گے۔ اس حوالہ سے آئندہ 8 دن اہمیت کے حامل ہیں۔