لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ خزانہ نے بلدیاتی اداروں کو اکتوبر کے پی ایف شیئرز کے تحت مجموعی طور پر 3 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کردی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت مقامی بلدیاتی اداروں کو بھی کروڑوں کے فنڈز ملے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، پنجاب کی 11میونسپل کارپوریشنز، 182 میونسپل کمیٹیز،35 ڈسٹرکٹ کونسلز اور 4015 یونین کونسلز کو مجموعی طور پر 3 ارب 84 کروڑ 89 لاکھ سے زائد فنڈز جاری کئے۔ غیر ترقیاتی فنڈز کی مد میں کل دو ارب آٹھ کروڑ کا اجراءکیا گیا جس میں سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کو 15 کروڑ 69 لاکھ کا اجرا کیا گیا۔ دوسری جانب پی ایف سی ٹرانزیشن شیئر کے تحت بلدیاتی اداروں کو 56 کروڑ 62 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اس فنڈ میں سے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو 33 لاکھ روپے حصہ ملا جبکہ پنجاب بھر کی 4015 یونین کونسلز کیلئے ایک ارب 20 کروڑ45 لاکھ روپے جاری ہوئے جن میں سے لاہور کی 274 یونین کونسلز کو 8کروڑ 22 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے فنڈز متعلقہ اداروں کو منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

















