Tag Archives: channel five

نواز شریف کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک )محکمہ داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ میڈیکل بورڈ کی اس رپورٹ کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے جس میں نواز شریف کو دل کے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی سی میں نواز شریف کے کمرے کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔
سروسز اسپتال لاہور میں نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کے مطابق نواز شریف کو بلڈ پریشر، شوگر، گردوں اور خون کی شریانوں کا مسئلہ ہے جب کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے اور انہیں شفٹ کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔
0پروفیسر محمود ایاز کے مطابق میڈیکل بورڈ نے تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں جس میں سفارش کی گئی ہے کہ نواز شریف کا عارضہ قلب کے لئے اسپیشلائزڈ طبی معائنہ کیا جائے۔

نیب نے پنجاب پولیس میں کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا

لاہور(ویب ڈیسک ) نیب نے  پنجاب پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کے بعد پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پرآگئی ہے اور نیب نے گھپلوں میں ملوث پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،  اس حوالے سے نیب لاہور کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھا گیا ہے جس میں سازوسامان کی خریداری کی تفصیلات اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئی جی پنجاب کو مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لئے متعدد مراسلے لکھے جا چکے ہیں لیکن پنجاب پولیس نے تاحال مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا اس لئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجا جائے۔نیب لاہور نے ایس ایس پی عبد الرب چوہدری کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس میں 2012 سے 2015 کے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں, چھتریوں اور اینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اور پولیس افسران نے کرپشن کے ذریعے ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں۔

ن لیگ کے کئی امیدوارچوہدری نثار کی’ جیپ‘ میں سوار

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چوہدری نثار نے انتخابات لڑنے کے لیے ’’جیپ‘‘ کا نشان چنا ہے لیکن اسے اتفاق کہیں یا کچھ اور کہ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے 5 امیدواروں نے اپنے انتخابی ٹکٹ واپس کرکے آزاد امیدوار سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے بھی ’’جیپ‘‘ کا نشان ہی الاٹ کرایا ہے۔چوہدری نثار قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 59 اور 63 جب کہ پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پی پی 12 اور 10 سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے ناراضی کی وجہ سے چوہدری نثار اس بار 1985 کے بعد پہلی مرتبہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہے ہیں۔ ریٹرننگ افسران نے چوہدری نثار کو چاروں حلقوں سے ان کی درخواست پر ’’جیپ‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا ہے۔دوسری جانب ضلع راجن پور میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے اپنے انتخابی ٹکٹ واپس لے لئے ہیں، جن امیدوراوں نے انتخابی ٹکٹ واپس کئے ہیں ان میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی بھی شامل ہیں، (ن) لیگ کے انتخابی ٹکٹ واپس کرنے والے تمام امیدواروں نے بھی ریٹرننگ آفیسر سے ’’جیپ‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کرایا ہے۔اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان  سے بھی مسلم لیگ (ن) کے 2 امیدواروں نے آزادانہ حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے، این اے 190 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ جب کہ پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں  پی پی287 اور پی پی 288 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار محسن عطا کھوسہ کو شیر کا انتخابی نشان بھی تفویض کردیا گیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے بالٹی یا جیپ کا نشان حاصل کرنے کے لیے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دی۔