Tag Archives: hussain nawaz web

حسین نواز کی چوتھی مرتبہ پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیشی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز پاناما پیپر کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے چوتھی مرتبہ پیش ہوگئے۔حسین نواز کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے موقع پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور حسین نواز نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ذرائع کے مطابق حسین نواز منی ٹریل اور لندن جائیداد سے متعلق سوالوں کے جواب دیں گے۔گذشتہ روز وزیراعظم کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز بھی پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے، جہاں ان سے 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی اور درس دیا ہے، انہیں ابھی جے آئی ٹی میں نہیں بلایاگیا، میں نے اور خاندان نے پہلے بھی احتساب کا سامنا کیا۔ ہم پر لگائے گئے الزامات نئے نہیں، ہم عدالتی نہیں انتظامی احتساب کا بھی سامنا کرچکے ہیں لیکن آج تک ہم پر عائد کوئی الزام بھی ثابت نہ ہوسکا۔ اگر ان میں کوئی حقیقت ہوتی تو اب سامنے آچکی ہوتی، اب تو طیارہ سازش کیس کی حقیقت بھی سامنے آچکی ہے۔ وزیر اعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ جو سمجھتے تھے کہ ہم احتساب سے بھاگ جائیں گے وہ شرمندہ ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہوجائے اور جے آئی ٹی نے جتنی بار ہمیں بلایا پیش ہوں گے۔ مشرف دور میں 14 ماہ تک ناصرف ہم بلکہ گواہان بھی جیلوں میں رہے، کوئی ثبوت ہوتا تو پرویز مشرف کے دور میں سامنے آچکا ہوتا۔ سپریم کورٹ اور عوام کےسامنے سچ آنے تک احتساب کا سامنا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے بے شمار گواہان کو طلب کیا ہے۔ متعدد دستاویزی ثبوت جے آئی ٹی میں پیش کیے ہیں۔ لندن فلیٹس متنازع نہیں سپریم کورٹ میں اس بارے میں موقف پیش کیا جاچکا ہے۔