Tag Archives: sugar

چینی کو پر لگ گئے ،دکانداروں کی چاندی

لاہور (خصوصی رپورٹ) شوگر ملز نے چینی ایکسپورٹ کرکے ڈالرز میں ریبیٹ لینے کے لئے مقامی مارکیٹ کو چینی کی سپلائی بند کردی جس کی وجہ سے چینی کی میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور اور دیگر شہروں میں دکاندار صارفین کو سٹاک کی قلت کا بہانہ بنا کر لوٹنے میں مصروف ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی شوگر مافیا کے سامنے بے بس ہوگئی ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں چینی 60 سے 75 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔ انجمن صارفین اور پروٹیکشن فارکنزیومر ایسوسی ایشن کے رہنماﺅں چودھری خلیل‘ یاور خان‘ ادریس مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کا مصنوعی بحران حکمرانوں کا خود پیدا کردہ ہے اور وہ اپنے لوگوں کو نوازنے کے لئے چینی ایکسپورٹ کی اجازت میں تاخیر کرکے اربوں روپے کا فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ہفتے میں 50 کلوگرام کی بوری میں 200 سے 300 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے جو لاکھوں صارفین کے ساتھ ظلم ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر حمید خان‘ تاجر رہنما میاں زاہد بشیر‘ اعجاز احمد نے چینی کے حالیہ بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے۔ شوگر ملز کے پاس چینی کا 30 لاکھ ٹن سٹاک موجود ہے جس میں سے حکومت نے تین لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے بعد ملز مالکان نے ایکسپورٹ آرڈرز لے لئے لیکن سٹیٹ بینک کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے آرڈر کینسل ہورہے ہیں۔ تاجر رہنما سلمان منیر‘ کامران شیخ نے کہا کہا کہ رمضان المبارک میں چینی فی کلو 53 روپے تھی جبکہ صرف ڈیڑھ ماہ میں مصنوعی قلت پیدا کرکے 75 روپے تک فروخت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں شوگر ملز مالکان کی کثیر تعداد موجود ہے اور وہ ریبیٹکی خاطر چینی بحران پیدا کرکے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کا تحفہ دے رہے ہیں۔

چینی کی پوری بوگی غائب،زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے قائم مانیٹرنگ کمیٹی نے کہاہے کہ جلد از جلد ریکوریاں یقینی بنائی جائیں تاکہ سرکاری خزانے کو نقصان کا احتمال نہ رہے ، اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے حکام نے انکشاف کیا کہ بھارت سے درآمد کردہ چینی کی درآمد کے دوران چینی کی ایک پوری بوگی غائب کردی گئی ، جو ٹی سی پی کو موصول نہیں ہوئی، پی اے سی نے ہدایت کی کہ ریلوے اور وزارت تجارت مل کر مسئلے کو حل کریں،کمیٹی رکن میاں عبدالمنان نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری ادارے اس لئے مقدمات ہار جاتے ہیں کیونکہ سرکاری وکلا دوسری پارٹی سے بھاری مراعات لے کر ایسا کرتے ہیں۔ پرویز ملک نے کہا کہ سرکاری ادارے عدالتوں میں زیر سماعت اپنے مقدمات کے لئے ایسے وکلا کی خدمات حاصل کرتے ہیں جو مخالف پارٹی سے بھاری مراعات اور فوائد حاصل کرکے سرکاری کیس کو کمزور کردیتے ہیں لہذا بہتر معاوضوں پر اچھے وکلا کی خدمات حاصل کرکے اس مسئلہ کو حل کیا جاسکتاہے۔اجلاس منگل کو کمیٹی کے کنوینر رانا افضال حسین کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان پرویز ملک اور میاں عبدالمنان کے علاوہ متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بیرون ملک سفارتخانوں اور مشنز میں تعینات وزارت تجارت کے عملے سے متعلق 2004-05 اور 2006-07 کے ریکوریوں سے متعلقہ آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران کمیٹی نے بیشتر آڈٹ اعتراضات نمٹا دیئے جبکہ ریکوریوں کے حوالے سے ہدایات کی گئی کہ جلد از جلد ریکوریاں یقینی بنائی جائیں تاکہ سرکاری خزانے کو نقصان کا احتمال نہ رہے ۔

عوام کی آنکھو ں میں دھول ۔۔قیمتوں میں حیران کن اضافہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے سفید چنا 45روپے اور سرخ لوبیا 8روپے مہنگا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ چینی بھی اوپن مارکیٹ سے 4روپے کلو مہنگی فروخت کی جا رہی ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے ابھی چند روز قبل 700آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا تاہم ذرائع کے مطابق نجی کمپنیوں نے ان اشیاءکی قیمتوں میں کمی کی ہے جن کی سیل سب سے کم ہے جبکہ ملک بھر کے سٹوروں پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی چینی اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 4روپے مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے سفید چنا 45روپے جبکہ سرخ لوبیا اول کی قیمت 8روپے اور سرخ لوبیا درجہ دوم کی قیمت میں چار روپے فی کلو تک اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ماضی میں یوٹیلیٹی سٹورز غریب عوام کی سہولت کیلئے بنائے گئے لیکن اب یہ زحمت بن گئے ہیں۔ عوام کو ریلیف برائے نام رہ گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی اشیاءاوپن مارکیٹ سے بھی مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ کوالٹی بھی بدترین ہو گئی ہے۔