لاہور(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہوں اور سو دنوں میں اتنا کام کیا ہے کہ ریکارڈ قائم کریں گے۔لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ خان صاحب بہت سادہ آدمی ہیں شاید میں اسی لیے انہیں اچھا لگتا ہوں، مجھ میں ایسی خوبی نہیں کہ میں وزیراعلیٰ بنتا، سب اللہ کا کرم ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہوں، سو دنوں میں اتنا کام کیا ہے کہ ریکارڈ قائم کریں گے، قانون سازی کا عمل شروع کیا توباقاعدگی سے اسمبلی میں آؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ پولیس ریفارمز کمیشن کام کررہا ہے، جلد نتائج سامنے آئیں گے جب کہ ناصر درانی نے خرابی صحت کی بنیاد پر استعفیٰ دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ آئندہ مالی سال سے پہلے جنوبی پنجاب میں الگ سیکرٹریٹ بنے گا۔