ڈھاکا (این این آئی) بنگلا دیش کے مختلف شہروں میں سیاسی بیانات اور احتجاج کے دوران پھوٹ پڑنے والے ہنگاموں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ درجنوں عمارتوں اور املاک کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکہ اور دیگر اضلاع کے مقامی حکام نے تصدیق کی کہ مشتعل ہجوم اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کے دوران مختلف مقامات پر آگ زنی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے جن پر قابو پانے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا۔ حکام نے کہا کہ ہنگاموں کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر گشت بڑھا کر صورتحال کو کنٹرول میں لایا گیا۔ مقامی مبصرین کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث عوامی تحفظ اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
