تہران (آئی این پی)ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ دشمن کا خیال تھا کہ وہ ہمیں جھکا لے گا لیکن دشمن یہ خواب ہی دیکھتا رہے گا۔ایران کے دارالحکومت تہران میں کاروباری افراد سے ملاقات میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ہمیں مشکلات درپیش ہیں لیکن ہم اپنے مضبوط عزم سے ان پر قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے شرپسندوں کی جانب سے ملک کو نقصان پہنچانے کے ارادے کامیاب نہیں ہونے دیے۔ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ سے دنیا کے تمام براعظم دبا میں آ گئے ہیں اور دنیا بھر میں مہنگائی بڑھ رہی ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے خلاف معاشی جنگ میں ایرانی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں نے مارکیٹ کو بہت اچھا سنبھالا ہے۔ ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کی خاطر ہر معاہدہ قابلِ قبول نہیں ہے اور افزودہ یورینیم کی ایران سے بیرونِ ملک منتقلی تہران کے لیے واضح سرخ لکیر ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ ایران ایک ایسے اچھے، باعزت اور پائیدار معاہدے کا خواہاں ہے جو اس بات کی مکمل ضمانت دے کہ مستقبل میں تنازعے یا جنگ کا کوئی نیا دور شروع نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری مواد سے متعلق ثالثوں کی بعض تجاویز قابلِ غور ہیں جن کے ذریعے ملکی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے قابلِ قبول حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے واشنگٹن کی سنجیدگی درکار ہے، اگر امریکی قیادت یقین دہانیوں پر عملدرآمد مکمل کرتی ہے تو اگلے ہی روز آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی یونٹوں نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والا ایک اور جدید امریکی جاسوس ڈرون طیارہ نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے جو اب تک مار گرایا جانے والا اٹھاونواں امریکی ڈرون ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا پر نشر ہونے والے بیان میں پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے بتایا کہ جدید ایم کیو نائن جاسوس طیارہ خلیج فارس کے انتہائی حساس علاقے میں خفیہ معلومات اکٹھی کر رہا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے اسے بروقت نشانہ بنا لیا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران اپنی فضائی اور سمندری حدود کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ عسکری حلقوں کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ڈرون طیاروں کی تباہی سے امریکی نگرانی کے نظام کو شدید دھچکا لگا ہے۔
مسعودپزشکیان
واشنگٹن (آئی این پی)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں جارج بش نہیں ہوں، ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیارحاصل کرنے نہیں دیں گے۔ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ جوہری خطرے کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ہمیں مل کرتعاون کرنا ہوگا،دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران کو اس لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دے رہے کہ اگر ایران نیوکلیئر پاور بن گیا تو وہ اسے استعمال کرے گا۔امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے ہمارے پاس 4 ہزار نیوکلیئرہتھیارہیں اور روس دوسرے نمبرپرہے، چین کے پاس اس وقت 600 نیوکلیئرہتھیار ہیں مگر اگلے 10 سال میں ہمارے جتنے ہو سکتے ہیں، ابھی چین جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں ہم سے بہت پیچھے ہے، میرے پہلے دور میں نیوکلیئرہتھیاروں کو اپ گریڈ کیا گیا اور نئے بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے بطورصدریہ بہت مشکل ہے کہ کہوں کہ نیوکلیئرہتھیاروں کی تعداد آدھی کی جائے یا کہوں کہ نیوکلیئر ہتھیاروں سے جان چھڑا لیتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ آئوٹ آف کنٹرول ہے اور چین نے پہلی بار اس کی مذمت کرنے پر اتفاق کیا ہے، انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے پاس جعلی اختیار ہے کہ وہ کسی ملک کے سربراہ کو جاکر گرفتارکرلیں گے، انٹرنیشنل کرمنل کورٹ بغیرکسی وجہ کہ یہ سب کچھ کررہی ہے، میں تجارت کے ذریعے ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ امریکا نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کی خواہش تو ظاہر کر رہا ہے، لیکن وہ اب تک واشنگٹن کی شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایران پر عائد معاشی دبا موثر ثابت ہو رہا ہے اور اس کے اثرات وقت کے ساتھ مزید بڑھیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی پابندیوں اور دبائو نے ایران کی تخریبی سرگرمیاں جاری رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق تہران کے لیے ان سرگرمیوں کی مالی معاونت کرنا پہلے کے مقابلے میں مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ٹومی پگوٹ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کے لیے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اور وہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں پر رقم خرچ کرنے کی صلاحیت کھو رہی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی دبا کم نہیں ہوگا بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔امریکی ترجمان کے مطابق ایران مذاکرات کی خواہش ظاہر کرنے کے باوجود امریکا کی شرائط ماننے پر آمادہ نہیں۔ ایران کے جزیرہ قشم میں امریکا نے میزائل حملہ کیا ہے، میزائل حملے میں تاحال نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔ایران کے جنوبی جزیرے قشم کی فضا میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے، نیم سرکاری خبر رساں اداروں نے جزیرے پر میزائل گرنے کی اطلاع دی ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی میزائل جزیرہ قشم کے مضافات میں گرا ہے۔ تاحال میزائل حملے سے ہوئے نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔
ٹرمپ

