ملتان (رپورٹ:رفاقت انجم) رجسٹرڈ فیکٹریوں اور کمپنیوں میں محکمہ لیبر کی ملی بھگت سے ہنرمند و نیم ہنرمند مزدوروں اور ہنر مند و نیم ہنر مند ملازمین کو غیر ہنرمند کیٹیگری میں شامل کرکے تنخواہوں سے کٹوتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے مالی سال2026?27کے لئے ہنرمند ڈیلی ویجرز کی روزانہ اجرت میں 1,975 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 45,945 روپے مقرر کی گئی ہے۔نیم ہنرمند افراد کی روزانہ اجرت میں 1,558 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ان کی ماہانہ تنخواہ 43,108 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ غیر ہنرمند مزدوروں کی روزانہ اجرت میں 1,538 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 40,000 روپے مقرر ہے۔ فیکٹریوں کمپنیوں کے مختلف پروجیکٹس میں کام کرنے والے مستری معاون مستری پینٹر ڈرائیور پلمبر فٹر پائپ فٹر سپرے پینٹر سپروائزر اسسٹنٹ سپروائزر فیری مین ڈسپوزل ڈرائیور پمپ ڈرائیور لفٹ آپریٹر لوڈر آپریٹر کرین آپریٹر بوائلر اٹینڈنٹ ڈنٹر اور ڈریلر ہنرمند کیٹیگری میں شامل ہیں جبکہ کارپینٹر ہیلپر کک کم خانسامہ ڈپلیکیٹر آپریٹر فیری مین ٹو ہیڈ چوکیدار ہیڈ جمعدار ہیڈ مالی ہیڈ پٹرول میں ہیڈ سویپر اسسٹنٹ مکسر آپریٹر اسسٹنٹ آپریٹر ائیر کرافٹ کلینر قلی کارپنٹر قلی فٹر ہیلپر میٹ جمعدار ٹیوب ویل ڈرائیور کی پوسٹیں نیم ہنر مند کیٹیگری میں شامل ہیں مگر بیشتر رجسٹرڈ فیکٹریوں رجسٹرڈ کمپنیوں کے مالکان نے ان ہنرمند مزدوروں اور ملازمین کو بھی عام مزدور کی کم ازکم اجرت کیٹیگری میں شامل کیا ہوا ہے اور انہیں ہنر مند کیٹیگری کی تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔محکمہ لیبر کے کمشنر معاوضہ جات رجسٹرڈ فیکٹریوں۔رجسٹرڈ کمپنیوں میں سکلز کیٹیگریز کی پوسٹوں پر کام کرنے والے محنت کشوں کی ویجز کیٹیگری کی پڑتال کرنا ہی گوارہ نہیں کرتے غیر ہنر مند(Unskilled)کیٹیگری میں ہیلپر اسسٹنٹ جمعدار اٹنڈنٹ کلینر قلی اسسٹنٹ فائر مین آئل مین سینٹری ورکر شامل ہیں جن کی روزانہ اجرت,538 روپے ماہانہ 40,000 روپے مقرر ہے۔ نیم ہنر مند(SemiـSkilled) میں مالی، چین مین وغیرہ شامل ہیں جن کی روزانہ اجرت کی1,560 روپے۔ماہانہ43,108 روپے مقرر ہے۔ الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر بھی ہنر مند کیٹیگری میں شامل ہیں جن کی روزانہ اجرت2,000 روپے ماہانہ 45,945 روپے مقرر ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری ترقیاتی منصوبوں کی ٹھیکیدار بڑی کمپنیوں۔ رجسٹرڈ فرمز میں بھی ہنر مند۔نیم ہنر مند مزدوروں کو بھی غیر ہنر مند کے مقرر ویجز ریٹس کے تحت ماہانہ و ڈیلی کم ازکم اجرت دی جا رہی ہے۔ غیر رجسٹرڈ چھوٹے کارخانوں، دکانوں، گوداموں بھٹوں اور دیگر پرائیویٹ کمپنیوں میں کام کرنے والے عام مزدوروں سمیت ہنر مند و نیم ہنر مند ملازمین کو سرے سے ہی سرکاری ویجز ریٹس کے تحت معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی۔محکمہ لیبر کی عدم مانیٹرنگ اور ملک کے معاشی حالات۔بڑھتی بیروزگاری کی وجہ سے مزدوروں اور ہنر مند و نیم ہنر مند ملازمین کی بڑی تعداد مقررہ اجرت سے کم پر کام کرنے پر مجبور ہے اور تنخواہوں سے کٹوتیوں پر بھی لب کشائی نہیں کر پا رہے۔نجی سکیورٹی کمپنیوں اور آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں کے ذریعے بھرتی ہونے والے عملے کی تنخواہوں سے سب سے زیادہ کٹوتیاں اور انہیں کم تنخواہوں کی بھی ادائیگی رپورٹ ہوئی ہے۔
ہنرمند مزدور
