لاہور(خبریں ڈیجیٹل) متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان باہمی روابط اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے سرحد پار ریلوے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس پر جلد ہی عملی کام کا آغاز متوقع ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اس علیحدہ معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر مال بردار ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ یہ منصوبہ تمام چھ خلیجی ممالک (سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور عمان) کو آپس میں ملانے والے 2,117 کلومیٹر طویل وسیع تر ریلوے نیٹ ورک کا بھی اہم حصہ ہے۔جدید خطوط پر استوار اس نیٹ ورک پر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کر سکیں گی اور پورے خلیجی منصوبے کو دسمبر 2030 تک مکمل طور پر فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے خطے میں سفر اور تجارتی سرگرمیوں میں ایک انقلابی تبدیلی آئے گی۔

