لاہور(سپورٹس ڈیسک)ہریانہ کی معروف گلوکارہ اور ڈانسر سپنا چوہدری نے اپنے شوہر، گلوکار و اداکار ویر ساہو سے طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔سپنا چوہدری نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی اور علیحدگی کے فیصلے پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اور ویر ساہو کے درمیان تعلقات خراب ہونے کی اصل وجوہات صرف وہ دونوں ہی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک رشتہ بہتر انداز میں چلتا رہا دونوں نے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تاہم حالات سازگار نہ رہنے پر علیحدگی کا راستہ اختیار کیا۔انٹرویو کے دوران سپنا نے محبت اور رشتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبت محض جسمانی تعلق کا نام نہیں بلکہ اس کا تعلق روح اور جذبات سے ہوتا ہے۔ ان کے بقول مرد عموما زیادہ عملی سوچ رکھتے ہیں جبکہ خواتین اکثر جذبات کی رو میں بہہ جاتی ہیں۔ ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر بے وفائی کے ممکنہ اشارے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔سپنا چودھری نے گفتگو کے دوران اعتراف کیا کہ شادی کے بعد خاندانی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں وہ اپنی ذات اور پیشہ ورانہ زندگی کو مناسب وقت نہ دے سکیں۔ان کے مطابق بگ باس میں شرکت کے بعد جب انہوں نے شادی کی تو وہ شہرت کی بلندیوں پر تھیں۔ انہوں نے ایک بیوی، ماں اور بہو کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی انفرادی شناخت اور کیریئر کے اہداف کو نظر انداز کر بیٹھی ہیں۔دوبارہ شادی سے متعلق سوال پر سپنا چوہدری نے واضح کیا کہ فی الحال وہ اس بارے میں کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محبت کے معاملے میں انتہائی مخلص اور جذباتی ہیں اور مستقبل میں کسی نئے رشتے کے بارے میں صرف اسی صورت میں سوچیں گی جب انہیں کوئی ایسا شخص ملے جو ان کی محبت اور خلوص کے قابل ہو۔

