اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سندھ کے مختلف اضلاع کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا ۔این ای او سی کے ا علامیہ کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا شدید خطرہ ہے جس کے پیش نظر صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔سندھ کے علاوہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور ضلع واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے۔این ای او سی کے مطابق معمول سے کم بارشیں، طویل خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون بارشوں کے معمول میں تبدیلی خشک سالی کی اہم وجوہات ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 1 تا 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے باعث پانی کی کمی سے زرعی سرگرمیاں اور فصلوں کی پیداوار شدید متاثر ہو رہی ہے۔این ای او سی کے مطابق سندھ کے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہیں جس سے غذائی عدم تحفظ کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کوآبی وسائل کے موثر استعمال اور متاثرہ زرعی و دیہی آبادی کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اورضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔دوسری جانب لاہور میں سموگ کی شدت میں کمی آنے لگی، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے سے تیسرے نمبر پر آگیا، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 219 ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورکا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے فیس ماسک استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خشک سالی
