واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ میں ایک تازہ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت 32 فیصد پر برقرار ہے، جو ان کی صدارت کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔ سروے میں صرف 31 فیصد امریکیوں نے ایران جنگ کی حمایت کی، جبکہ
ڈیموکریٹک رہنما چک شومر کی مقبولیت میں بھی کمی سامنے آئی ہے۔رائٹرز اور اِپسوس کے چار روزہ سروے کے نتائج کے مطابق 32 فیصد امریکی شہری صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی سے مطمئن ہیں۔اکتوبر کے وسط سے ہونے والے مسلسل چار سرویز میں ٹرمپ کی مقبولیت تقریبا اسی سطح پر برقرار ہے۔ اس سے قبل ان کی مقبولیت 31 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جو ان کی صدارت کی کم ترین سطح تھی۔سروے کے مطابق رواں سال ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے، جس سے امریکی شہریوں کے گھریلو اخراجات متاثر ہوئے ہیں۔ ایران جنگ کی حمایت کرنے والے امریکیوں کی شرح صرف 31 فیصد رہی۔سروے میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماں سے متعلق بھی اہم نتائج سامنے آئے ہیں۔ امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر کو اپنی جماعت میں پسندیدگی کے مقابلے میں زیادہ ناپسندیدگی کا سامنا ہے۔سروے میں 34 فیصد ڈیموکریٹس نے چک شومر کے بارے میں مثبت رائے دی، جبکہ 43 فیصد نے منفی رائے کا اظہار کیا۔ 22 فیصد افراد نے کہا کہ وہ انہیں جانتے ہی نہیں۔فروری میں کیے گئے ایک سروے میں 38 فیصد ڈیموکریٹس نے چک شومر کے بارے میں مثبت اور 37 فیصد نے منفی رائے دی تھی، جس سے ان کی مقبولیت میں کمی ظاہر ہوتی ہے۔چک شومر کو میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وان ہولن کی جانب سے سینیٹ میں پارٹی قیادت کے لیے چیلنج کا سامنا ہے۔دوسری جانب ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز اپنی جماعت میں شومر کے مقابلے میں زیادہ مقبول ہیں۔ سروے میں 40 فیصد ڈیموکریٹس نے ان کے بارے میں مثبت، جبکہ 29 فیصد نے منفی رائے دی۔ مزید 29 فیصد افراد ان کے نام سے واقف نہیں تھے۔سروے کے مطابق ریپبلکن پارٹی میں قیادت کے حوالے سے نسبتا زیادہ اتفاق پایا جاتا ہے۔ 75 فیصد ریپبلکنز نے صدر ٹرمپ جبکہ 77 فیصد نے نائب صدر جے ڈی وینس کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔رائٹرز اور اِپسوس کا یہ سروے آن لائن کیا گیا، جس میں امریکا بھر سے 1,521 بالغ شہریوں نے حصہ لیا۔ سروے میں غلطی کا ممکنہ تناسب تقریبا 3 فیصد پوائنٹس بتایا گیا ہے۔
