اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں تیل کمپنیوں کے منافع، فریٹ مارجن اور شعبہ پٹرولیم میں شفافیت کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آگئے، وزارت پیٹرولیم کے حکام نے اعتراف کیا کہ بیرون ملک سے ملک میں آنے والے تیل اور ریفائنریز سے اٹھائے جانے والے تیل کی مقدار کا مکمل ڈیٹا وزارت کے پاس موجود نہیں، جس پر تیل کی سپلائی چین کی نگرانی اور مالی شفافیت سے متعلق سوالات اٹھنے لگے۔ سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت اجلاس میں تیل کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کے مطالبے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ تیل کمپنیوں کا مقف ہے کہ ان کا مارجن 7 روپے 87 پیسے پر برقرار ہے، جبکہ مہنگائی میں نمایاں اضافے کے باعث کاروباری اخراجات بڑھ چکے ہیں۔ کمپنیوں کی جانب سے مارجن میں اضافے کے مطالبے پر چیئرمین اوگرا نے سوال اٹھایا کہ اگر کمپنیوں کو مسلسل نقصان ہو رہا ہے تو گزشتہ دس برس کے دوران کتنی کمپنیاں ڈیفالٹ ہوئی ہیں۔ اجلاس میں تیل کمپنیوں کے فریٹ مارجن کے آڈٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اوگرا حکام کے مطابق 2024 تک فریٹ مارجن کا آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ 2025-26 کے آڈٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے تیل کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کو ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط کر رکھا ہے، جس کے تحت کمپنیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کی سطح کو مارجن میں اضافے کے لیے معیار بنایا جائے گا۔ کابینہ 2023 میں تیل کمپنیوں کے منافع کے مارجن میں ایک روپے 22 پیسے اضافے کی منظوری دے چکی ہے، تاہم اس پر عمل درآمد ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط ہے۔ اوگرا نے اس سلسلے میں جون تک ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیل کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام مثر انداز میں نافذ ہونے سے تیل کی درآمد، ریفائنریز سے ترسیل، سپلائی چین اور کمپنیوں کے منافع سے متعلق اعداد و شمار کی نگرانی بہتر بنائی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے مکمل اور قابل تصدیق ڈیٹا کی دستیابی ضروری ہے۔
