چکوال(بیورو رپورٹ) ضلع چکوال میں سروس اسٹیشنوں پر پانی کے بے دریغ استعمال اور ضیاع کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ایک طرف شہر اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے تو دوسری جانب گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی دھلائی کے دوران سروس اسٹیشنوں پر بڑی مقدار میں پانی بلا ضرورت بہایا جا رہا ہے۔ پانی کے استعمال میں احتیاط اور بچت کے اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض مقامات پر پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر انتظام بھی دکھائی نہیں دیتا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی ایک قیمتی قدرتی وسیلہ ہے اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کے پیشِ نظر اس کا محتاط استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ سروس اسٹیشنوں کا معائنہ کریں، پانی کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام کے لیے واضح ضابطہ کار مرتب کریں اور پانی کی ری سائیکلنگ کے نظام کو فروغ دیں تاکہ قیمتی آبی ذخائر کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
