تازہ تر ین

6تا 8 اکتوبر بھارتی شہروں پر حملے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان کی سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ نے مصدقہ معلومات کی بنیاد پر انتہائی سنجیدہ نوعیت کی وارننگ جاری کی ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اڑی میں اپنے جعلی فلیگ آپریشن کے بعد بھارت اپنے بڑے شہروں میں دہشت گردی کے بڑے واقعات کروا کے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ایک اور سازش تیار کر رہا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی عیار سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر اور اس کی منظوری کے ساتھ ایک اور سازشی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد حملے 6 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک کروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور ان میں نئی دہلی، چینئی، احمد آباد، بنگلور، ممبئی وغیرہ جیسے شہروں کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کو بنا ثبوت اور شواہد کے بدنام کرنا ہے جیسا کہ ماضی میں کیا جاتا رہا ہے۔ یہ دعوی کیا گیا ہے کہ اس مرتبہ واقعات کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے بھارتی ایجنسیاں بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کو دہشت گردی کے واقعات میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت بھارتی جیلوں میں تقریبا 450 پاکستانی مختلف جیلوں میں اپنی قسمت کا انتظار کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے وزیراعظم نواز شریف کے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم پر روشنی ڈالنے کیلئے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی سے خطاب کو سبوتاژ کرنے کیلئے اڑی حملہ کرایا۔ بھارت کی پھوٹی قسمت کہ نئی دہلی کی اڑی حملے میں پاکستان کو پھنسانے کی بھرپور کوششوں کے بعد بھی اسلام آباد نے موثر انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ عالمی برادری کے روبرو پیش کیا اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کیا۔ بھارت کی امیدوں کے برعکس، اڑی حملہ وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پر منفی اثرات ڈالنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے بھارت کو پاکستان میں کنٹرول لائن کے ساتھ سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹ بولنا پڑے۔ بھارت کی یہ چال بھی ناکام ہوگئی۔ اس کی بجائے بھارتی قیادت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ بھارتی دعووں کی سچائی پر سوالات اٹھنے لگے کیونکہ سرجیکل اسٹرائیک کے آثار کہیں موجود نہیں تھے۔ بھارت عالمی توجہ حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن اسے بھارتی افواج کے دعووں اور ان کی سچائی کے حوالے سے شکوک و شبہات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق، کنٹرول لائن پر بھارت کی فائرنگ کے خلاف پاک فوج کے موثر جواب اور ایک بھارتی فوجی کے پکڑے جانے، جس کے متعلق بھارت کا کہنا تھا کہ وہ غلطی سے پاکستان میں داخل ہوگیا تھا، کی وجہ سے بھارت کی سول اور ملٹری قیادت کی ہزیمت میں اضافہ ہوگیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain