لاہور (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے کیس کی پیروی پر اٹارنی جنرل کے پیش ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لیے کیس نہ لڑیں۔ وزیر اعظم کے پاس اب بھی وقت ہے خود کو کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔پشاور روانگی سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہا نواز شریف اپنا ذاتی وکیل کریں۔ کوئی جواز نہیں بنتا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو وزیراعظم کی ذاتی حیثیت میں خرچ کیا جائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 7ماہ کوشش کی کہ نواز شریف جواب دیں مگر حکومتی وزراءنے ایسا نہیں ہونے دیا، تاثر دیا جا رہا ہے کہ دو نومبر کا احتجاج فوج کرا رہی ہے لیکن حکمران خود کو بچانے کیلئے فوج کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔عمران خان نے دو نومبر کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر کہا کہ وزیر اعظم کے پاس اب بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کاوقت ہے ، حکومت چاہے جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالے دو نومبر کو انسانوں کا سیلاب ہوگا۔