لاہور (سٹی رپورٹر) لاہور کی سب سے بڑی گاڑیوں کے سپیئرپارٹس کی مارکیٹ منٹگمری مارکیٹ میں کئی سال گزر جانے کے باوجود تاجروں کی کوئی شنوائی نہ ہوسکی، حکومت کو لاکھوں روپے ماہانہ بل اور ٹیکسوں کی صورت میں ادا کرنے کمے باوجود کوئی سہولیات میسر نہیں۔ ہزاروں دکانوں پر مشتمل مارکیٹ میں ٹریفک وارڈن کی عدم دستیابی سے ٹریفک گھنٹوں جام رہنا معمول بن گئی، دکانوں کے اوپر بجلی کی لٹکتی ننگی تاریں کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں ۔ واپڈا حکام کو کئی مرتبہ درخواستیں دینے کے باوجود کوئی عملدرآمد نہ ہوسکا اس کے علاوہ صفائی کاانتہائی ناقص انتظام، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور سڑک لائٹ نہ ہونے سے وارداتیں معمول بن گئیں۔ ان خیالات کا اظہار منٹگمری روڈ کے صدر شاہد نذیر، داﺅد عالم بٹ، چودھری شمیم طارق، چودھری آفتاب، عرفان الحق، سہیل محمود بٹ، حمید خان، ہمایوں چوہان، ڈاکٹر محمد سعید شیخ،، میاں محمود احمد اور عبدالقیوم نے نیااخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں دکانوں پر مشتمل گاڑیوں کے سپیئرپارٹس کی مارکیٹ ہے اور سب سے مشہور علاقہ لکشمی چوک سے ملحقہ ہے اور یہاں پر تاجروں کی کوئی سننے والا نہیں۔ کئی ماہ سے سٹریٹ لائٹ خراب ہیں جس سے وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور پوری مارکیٹ میں گاڑیوں کی غیرقانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی ٹریفک وارڈن موجود نہیں، دکانوں کے اور بجلی کی ننگی تاریں لٹک رہی ہیں اس سے قبل بھی شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے باعث تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ۔ واپڈا والے کسی کی سنتے ہی نہیں۔ ٹریفک وارڈن غیر قانونی پارک گاڑیوں کے چالان کریں اس میں تاجر برادری کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔ ناجائز تجاوزات بھی ٹریفک کی روانگی میں خلل پیدا کرتی ہے اور ٹاﺅن انتظامیہ تجاوزات مافیا سے پیسے لیکر سڑکوں کے درمیان میں تجاوزات قائم کروا رکھی ہیں۔