لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اسلام آباد بند کرنے کی تاریخ دو نومبر جیسے جیسے قریب آ رہی ہے‘ ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں غیرمعمولی حد تک تیز ہو گئی ہیں۔ وزراءکو تحریک انصاف کے سوا دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے اپوزیشن کی جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر حربہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پرمسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنی اتحادی سیاسی جماعتوں کے قائدین، وفاقی اور صوبائی وزراءکو ٹاسک دے دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف مخالف اپوزیشن جماعتوں کو رام کریں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماں سے ملاقات کر کے دھرنے کے خلاف بیانات بھی دلوائیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا مگر پیپلزپارٹی کی قیادت نے جواب میں کہا ہے کہ پہلے بلاول کے چار مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائیں پھر ملاقات ہو سکتی ہے۔ مولانا فصل الرحمن چند روز قبل بلاول بھٹو سے ملاقات کر کے ان سے وزیراعظم کے حق میں بیان دلوا چکے ہیں۔ تحریک انصاف نے بھی حکومتی چال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں اور مسلم لیگ (ق) کو رام کر لیا ہے۔ مسلم لیگ (ق) نے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونے کیلئے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں اور اب مزید سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
سیاسی سرگرمیاں