تازہ تر ین

عمران خان کا ایجنڈا ناکام ہو گیا ….

اسلام آباد‘ لاہور (نمائندگان خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسلام آباد بند کرنے کا ایجنڈا ناکام ہوچکاہے اور اب وہ آرام سے گھر بیٹھے ہیں ، آج کا میچ گزر گیا، کل پھر دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آرام سے گھر بیٹھے ہیں ، وہ اسلام آباد بند کرانا چاہتے ہیں اور ان کا یہ ایجنڈا ناکام ہو گیا ہے ، آج کا میچ گزر گیا لیکن کل پھر دیکھا جائے گا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں لاکھوں لوگوں کو جمع کرنے کا دعویٰ کرنے والے 10لوگ بھی جمع نہ کر سکے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے میں بڑے مسائل ہیں،حکومت کریک ڈاﺅن نہیں کرنا چاہتی،عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں،پاکستان راولپنڈی اور بنی گالہ پر مشتمل نہیں،کسی کو پاکستان کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ لوگوں پر ڈنڈے نہیںبرسائے ،معمولی کارروائی کی گئی ہے،تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ راولپنڈی کا مولا جٹ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے گلیوں میں چھپاتا پھر رہا ہے ۔ جمعہ کو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنڈی کا نام نہاد لیڈر شیخ رشید صرف چار افراد کے ہمراہ جلسہ گاہ میں آیا۔ اگر یہ چاہیں تو ہم پر امن سامعین بھجوا دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈنڈے پڑنا سیاسی جدوجہد کا حصہ ہوتا ہے اور اگر تحریک انصاف والوں نے ڈنڈے نہیں کھانے تو پھر کوئی اور کام کر لیں۔ دھرنے کے پہلے راﺅنڈ میں پی ٹی آئی کے دعوے نقش برآب ثابت ہوئے ہیں۔ فوج سوچ کے اعتبار سے بالغ ہو چکی ہے اور جنرل راحیل شریف نیک نامی، تقدس اور عزت کی میراث ہی اپنے ساتھ لے جانا چاہیں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات سے یہ مسئلہ شروع ہوا،اس پرقیاس آرائیاں نہیں کروں گا اور نہ ہی دھرنے کے پہلے راﺅنڈ میں جیت ہار کی بات کروں گا البتہ یہ ضرور کہوں گا کہ پہلے راﺅنڈ میں پی ٹی آئی کے دعوے نقش برآب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پلاننگ تھی کہ پی کیو آر بلاک پر قبضہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی نے وزارت خزانہ،منصوبہ بندی اور داخلہ کے دفاتر پر قبضہ کرنے کا منصوبہ تھا اور اگر کوئی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے تو پھر ریاست کارروائی کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں علم کہ تحریک انصاف کو کون سپورٹ کر رہا ہے لیکن انہوں نے جنہیں اتحادی بنایا انہیں گالی دے کر بھگا دیا۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی کے دھرنے پر تحمل اور نرمی کے مظاہرے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور ڈنڈے پڑنا تو سیاسی جدوجہد کا حصہ ہوتا ہے اور اگر انہیں ڈنڈے نہیں کھانے تو کوئی اور کام کر لیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل نے دہشت گردی کےخلاف فیصلہ کن جنگ آغاز کیا جو آج بھی جاری ہے اور فوج سوچ کے اعتبار سے بالغ ہو چکی ہے۔ فوج پچھلے تین سال کی نیک نامیخ عزت اور تقدس کو ضائع نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیک نامی، عزت اور تقدس جنرل راحیل شریف کی میراث ہے اور یہی میراث چھوڑ کر وہ جانا چاہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن میں خواتین پر تشدد نہیں ہوا اور ٹی وی مناظر میں بھی یہی دکھایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی منفی اور احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ اسلام آبند بند کرنے والے سلمانی ٹوپی اتار کر سامنے آجائیں ، حکومت مخصوص حالات کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے ۔ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ راولپنڈی کی زندگی رواں دواں ہے شہروں کو بند کرکے عوام کو اذیت اور تکلیف دینا حکومت کا کام نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں حالات کے پیش نظر حکومت احتیاطی اقدامات کررہی ہے اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دینے والے اب چھپتے پھر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سلیمانی ٹوپی اتار کر دھمکیاں دینے والے سامنے آجائیں۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ گرفتاریاں ہونا اچھی بات نہیں مگر بغاوت کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے ۔ تحریک انصاف والے کھانے کی بات کر رہے ہیں حالانکہ انقلابیوں کیلئے تو کھانا ثانوی چیز بن جاتی ہے۔ عوام کا سمندر لانےوالے شیخ رشید آج بھاگ رہے تھے۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہائیکورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا ہے‘ ہم عوام کے سمندر کو اسلام آباد لانے والوں کو کوزی میں بند کردینگے‘کسی کو اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ شیخ رشید چوہے کی طرح بل میں گھس گیا ہے، وہ کہیں بھی چھپ جائیں، انہیں سرکاری مہمان ضرور بنائیں گے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر کوئی قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے احتجاج یا جلسہ کرنا چا ہتا ہے تو ضرور کریں بصورت دیگر قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ”دروغ کو فروغ نہیں،، کے مصداق عمران خان ہمیشہ دھوئیں کے بادل اڑاتے رہیں گے جبکہ شیخ رشید کوئلوں کی دلالی میں منہ کالا کررہے ہیں،کسی کو شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور پاکستان کا رخ تباہی کے راستے کی طرف موڑنے کی اجازت نہیں دیں گے،اسلام آباد ہی اسلام کا قلعہ ہے،کوئی مائی کا لعل اسلام آباد بند نہیں کرسکتا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain