مس پاکستان امریکہ سحرش خان فلم ”رہبرا“ میں لیڈنگ رول کرینگی

لاہور(شوبز ڈیسک) معروف ٹی وی رائٹر ڈائریکٹر امین اقبال فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کا پوسٹر لانچ کردیا۔ پوسٹرلانچ کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی معروف دانشور اور سماجی شخصیت آئی اے رحمان تھے۔اس موقع پر امین اقبال نے بتایا کہ ڈرامہ انڈسٹری نے فلم کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا اور 3 سال میں فلم انڈسٹری میں بہتری آئی ہے۔ سارہ افضل کیساتھ مل کر ایس اے انٹریٹمنٹ کے بنیر تلے رہبرا بنا رہے ہیں جس میں سنتوش کمار اور صبیحہ خانم کی نواسی سحرش خان مرکزی کردار نبھائیں گی دیگر فنکاروں میں احسن خان، عائشہ عمر، غلام محی الدین، سہیل سمیر، حنا خواجہ شامل ہیں۔پانچ کروڑ روپے سے بنائی جانیوالی اس فلم کی عکسبندی 21 دسمبرسے شروع ہوگی جو لاہور، اسلام آباد،کراچی، رحیم یار خان اور پہاڑی علاقہ جات میں کی جائے گی اوراسے عیدالاضحی پر ریلیزکیا جائے گا۔امین اقبال نے کہا کہ فلم کے گانوں کیلئے عاطف اسلم سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں مختلف قسم کا گیت گانا چاہتا ہوں، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ وہ کون سا مختلف قسم کا گانا گانے چاہتے ہیں البتہ راحت فتح علی سمیت دیگر معروف گلوکاروں کی آواز میں گانے ریکارڈکئے جائیں گے۔آئی اے رحمان نے کہا کہ فلم صرف تفریح نہیں تعلیم اور معلومات کا ذریعہ بھی ہے۔ نوجوان فلم میکر آج کے دور کی فلم بنار ہے ہیں اور امکانات نظر آرہے ہیں کہ فلم اب اپنا راستہ بنالے گی۔

طیارہ حادثہ …. 42 لاشیں ناقابل شناخت ڈی این اے ٹیسٹ شروع

اسلام آباد، چترال، ایبٹ آباد (کرائم رپورٹر، نیوز رپورٹر، نامہ نگار خصوصی) طیارہ حادثے میں جاںبحق ہونےوالے47 بدنصیب مسافروں کی لاشیں پمزہسپتال اسلام آباد منتقل کردی گئی ہیں اور26مسافروں کے واحقین کا ڈی این اے ٹیسٹ کرلیا گیا ہے۔دوسری طرف پمزہسپتال کے باہرطیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے ورثاءکومعلومات کی آگاہی کے لئے قائم سنٹر پر تعینات عملے کے پاس کسی قسم کی معلومات نہ ہونے اورشناخت ہونےوالے بدنصیب مسافروں کی ناموں کی لسٹ آویزاں نہ کئے جانے کی وجہ سے دن بھر ورثاءشدیداذیت سے دوچار رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات داخلہ کو ابتدائی طورپر ارسال کی گئی رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ اب تک47 لاشیں اسلام آباد پہنچائی گئی ہیں۔پمزہسپتال میں منتقل شدہ نعشوں کا ڈی این اے سیمپل لینے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد راولپنڈی اسلام آباد اوردیگر شہروں سے درجنوں شہری اپنے پیاروں کی لاشیں لینے پمزہسپتال کے باہرپہنچ گئے۔وزیرداخلہ کی ہدایت پر پمزہسپتال میں لواحقین کی رہنمائی اورسہولت کے لئے سہولت سنٹر کاقیام فوری طورپر عمل میں لایاگیا تاہم دن بھراس سنٹرپرجاں بحق ہونے والے مسافروں کے ورثاءشدیدکرب اورپریشانی کی حالت میں رہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب تک پانچ مسافروں کی شناخت ہوچکی ہے۔جس میں سے ایک کی شناخت فنگرپرنٹ اورباقی مسافروں دیگرشواہدسے شناخت ہوئی ہے۔دوسری طرف وزرات داخلہ ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کو وفاقی وزیرداخلہ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ چوبیس گھنٹے ضلعی انتظامیہ اوروفاقی پولیس شفٹ وار ہسپتال میں موجود رہیں گے۔جومسافروں کے لواحقین اورہسپتال میں دیگرسہولیات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھیں گے۔مارچری میں صفائی کے ساتھ ساتھ چلرز کی بھی ہردوگھنٹے بعد چیکنگ کی جائے گی اوریہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہسپتال میں تمام ترامورکی نگرانی کریں گے ۔وائس چانسلرپمزہسپتال ڈاکٹرجاویداکرم کے مطابق لواحقین کے ڈی این اے ٹیسٹ کاعمل جاری ہے جبکہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کا ڈی این اے ٹیسٹ ایبٹ آباد ہسپتال سے ہی ہوگیاتھا اس عمل میں کچھ وقت درکارہے جیسے ہی رپورٹ ہسپتال انتظامیہ کو موصول ہوگی تومسافروں کی لاشوں سے متعلق ایک لسٹ آویزاں کردی جائے گی۔چوبیس گھنٹے کے لئے ایک معلوماتی سنٹرقائم کردیاگیاہے۔جہاں تعینات عملہ لواحقین کواپ ڈیٹ کرتارہے گا۔انہوں نے بتایاکہ لاشوں کی شناخت چہروں اوردیگراعضاءسے ناممکن ہے جس کی وجہ سے ڈی این اے ٹیسٹ کیاجارہاہے۔دوسری جانب وفاقی وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ پمزہسپتال میں لاشوں کی جلدازجلدپہچان کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں اوراس سلسلے میں ایک ہیلپ لائن بھی مقرر کی گئی ہے جس میں تمام مسافروں کے لواحقین کے ساتھ اگرکوئی نارواسلوک اختیارکیاجاتاہے توبراہ راست شکایات کرسکتے ہیں۔ اب تک جنید جمشید کے بھائی سمیت 30 میتوں کے ورثاءسے خون کے نمونے لئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری وزیر مملکت کیڈ نے بتایا کہ لاشوں میں خون نہیں بچا، بلڈ سیمپل لے لئے ہیں، جن کا لیبارٹری ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ میتیں نمونے لینے کے بعد روات کے نجی ہسپتال منتقل کر دی گئی جن میتوں کی ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ موصول ہو جائے گی ان کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ، ان کی اہلیہ مہرین اور بیٹی ماہ ر±خ کو اسلام آباد کی ایچ الیون قبرستان میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ انہیں سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ حویلیاں میں طیارہ حادثے کے مقام پر ملبہ ہٹانے اورلاشوں کو منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے میتوں کو ایبٹ آباد سے اسلام آباد پمزاسپتال لایا جا رہا ہے۔ اس آپریشن میں آرمی کے جوان اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی نے جائے حادثہ کو حصار میں لے رکھا۔ ہر چہرہ سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ طیارے کا حادثہ پوری قوم کو غم دے گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین بھی دکھ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ سمندری کا 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی عامر شوکت چترال میں ویلڈنگ کا کام کرنے گیا تھا۔ واپسی پر استاد نے طیارے کا ٹکٹ لے دیا لیکن عامر کا پہلا فضائی سفر ہی آخری ثابت ہوا۔ ڈیرہ غازی خان کا رہائشی اے ایس ایف اہلکار سمیع اللہ بھی دو روز پہلے ڈیوٹی پر گیا لیکن لوٹ نہ سکا۔ خبر ملتے ہی اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اے ایس ایف اہلکار احسن غفار کے گھر میں بھی صف ماتم بچھی ہے۔ کنسٹرکشن کا کام کرنے والا فیصل آباد کا خالد مسعود بھی حادثے کا شکار ہو کر ملک عدم جا بسا۔ منڈی بہاو¿الدین کا 22 سالہ تیمور ارشد بہن بھائیوں سے ملنے گھر جا رہا تھا لیکن ہمیشہ کے لئے بچھڑ گیا۔ کالا باغ کے بزنس مین اختر محمود اور شکر گڑھ کے رہائشی بینک آفیسر عتیق جنجوعہ بھی المناک حادثے میں دنیا چھوڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی پمز ہسپتال میں غائبانہ نماز جنازہ میں میتیں لینے کیلئے آئے لواحقین اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔ دریں اثناءملک بھر میں متعدد شہروں میں طیارہ حادثے کے شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ گزشتہ روز ایبٹ آباد کے علاقہ حویلیاں میں گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا بلیک باکس تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے بلیک باکس کموڈور(ر) منیر بٹ کے حوالے کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ کے ذریعہ طیارہ حادثہ کی تفصیلی،آزادانہ اور شفاف تحقیقات جلد کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی میں پاک فضائیہ کا ایک سینئر افسر بھی شامل ہو۔ جمعرات کو یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں پی آئی اے کے طیارہ حادثہ کے اسباب جاننے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضروری ہے کہ سچ سامنے لایا جائے جسے جلد عوام کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے پی آئی اے کی انتظامیہ سے کہا کہ متاثرہ خاندانوں تک پہنچا جائے اور ان کے دکھ درد دور کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے۔ وزیراعظم کو امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد لائی گئی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ رشتہ داروں سے سیمپل حاصل کرنے اور تمام میتوں کی شناخت میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی یہ عمل جلد مکمل کیا جائے۔ پی آئی اے کے چیئرمین، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن، ڈی جی سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیراعظم کو بتایا کہ پی آئی کا تمام عملہ اور پائلٹ انتہائی تجربہ کار پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں جو ہزاروں گھنٹے پرواز کا تجربہ رکھتے ہیںاور متوفی کیپٹن دس ہزار گھنٹے سے زائد پرواز کا تجربہ رکھتا تھا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بدقسمت طیارہ کی معمول کے مطابق باقاعدہ مینٹیننس کی جاتی تھی اور ہر لحاظ سے اڑان کیلئے موزوں تھا جس کا آخری معائنہ اس سال جولائی اور نومبر میں ہوا تھا۔

امریکہ نے بھارت کو اپنا اہم دفاعی اتحادی قرار دیدیا ….

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ نے بھارت کو اہم دفاعی اتحادی قرار دے دیا جبکہ امریکہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ عہدہ بھارت کیلئے منفرد ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکی سیکرٹری دفاع ایشٹن کارٹر نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، دہشتگردی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکہ کی جانب سے بھارت کو اہم دفاعی اتحادی قرار دیا گیا۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ دفاعی اتحاد کا عہدہ بھارت کیلئے منفرد ہے، دہشتگرد گروہوں کو کسی بھی ریاست کی طرف سے سرپرستی نہیں دی جائے گی۔ بھارت کی جانب سے اہم دفاعی اتحادی قرار دینے کیلئے امریکہ کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

جب اعمال خراب ہوجائیں تو نور کہاں رہ جاتا ہے

شاہ نور سٹوڈیو شوکت حسین رضوی نے اپنی اہلیہ نور جہاں کےلئے اسی جذبے سے بنایا تھا جس جذبے سے شاہجہاں نے تاج محل بنایا تھا‘ تاج محل جو سچی محبت کا امین تھا وہ تو آج تک نہ صرف قائم و دائم ہے بلکہ دنیا کے سات عجائبات میں اس کا شمار ہوتا ہے مگر شاہ نور سٹوڈیو جس کےلئے بنایا گیا تھا جس طر ح سے وہ اپنی محبت پر قائم نہ رہا ۔ اسی طرح شاہ نور سٹوڈیو بھی قائم نہ رہا۔اس وقت شاہ نور سٹوڈیو کا یہ عالم ہے کہ اب شاہ (شوکت حسین رضوی) رہا اور نہ ہی نور (نور جہاں) رہا۔ رنگ و نور کی یہ بستی اب اندھیروں میں ڈوب چکی ہے۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں جب شوکت حسین رضوی سرشام پتلون کوٹ زیب تن کئے اور سفید چشمہ لگائے شاہ نور میں بنے فوارے کے گرد اداسی کے عالم میں چہل قدمی کیا کرتے تھے ایک روز حسب معمول جب وہاں اکیلے ہی چہل قدمی کررہے تھے تو قریب سے نغمہ نگار احمد راہی گزرے تو اچانک چلتے چلتے شوکت حسین کے قریب آکر بڑی سادگی اور بے تکلفی سے پوچھا شاہ جی آپ نے کیا سوچ کر اپنے سٹوڈیو کا نام شاہ نور رکھا تھا۔ اب تو صرف یہاں شاہ صاحب ہی نظر آتے ہیں ”نور“ تو کہیں نظر نہیں آتا جس پر شوکت حسین رضوی نے احمد راہی کی طرف دیکھتے ہوئے پھیکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا ”راہی صاحب جب انسان کے اعمال ہی خراب ہو جائیں پھر نور کہاں رہ جاتا ہے“ شوکت حسین رضوی کی بات سن کر احمد راہی یہ کہہ کر آگے بڑھ گئے شاہ جی بڑی ڈونگی گل کیتی جے۔

پانامہ لیکس کیس …. کپتان نے وزیراعظم کیلئے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا قیام نہیں چاہتے بلکہ ان کی خواہش ہے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ہی اس کا فیصلہ کرے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی وکیل نے سپریم کورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا کہ نواز شریف کا پارلیمنٹ سے خطاب سیاسی تھا اور تقریر کے سیاسی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وکیل کے اس اعتراف کے بعد کہ کوئی ثبوت یا منی ٹریل موجود نہیں، ہم کل ہی یہ کیس جیت چکے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری کی جانب سے پاناما لیکس پر کمیشن کے قیام پر مشاورت کے لیے عدالت سے وقت مانگا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے مشاورت کے لیے وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔چیف جسٹس نے پاناما لیکس کو تحقیقاتی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن تحریک انصاف کے الزامات پر بنایا جائے گا اور دونوں فریقین کو پورا موقع دیا جائے گا، کمیشن کو تمام اداروں کی معاونت کا اختیار بھی حاصل ہو گا اور اس کی رپورٹ ہمارے سامنے بینچ میں پیش کی جائے گی۔عمران خان کا کہنا تھا پارٹی سے مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ ہی پاناما لیکس کیس کا فیصلہ کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اخلاقیات کا معیار عام شہری سے اونچا ہوتا ہے کیونکہ وزیراعظم قوم کے پیسے کی رکھوالی کرتا ہے، جب عوام کے پیسے پر وہ لوگ بیٹھے ہوں جن پر عوام کا اعتماد ہی نہ ہو تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ کمیشن صرف اس صورت میں قبول ہے جب وزیراعظم پہلے مستعفی ہوں، اگر کمیشن بنتا ہے اور وزیراعظم مستعفی نہیں ہوتے تو سارے ادارے ان ہی کے کنٹرول میں ہوں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ عدالت جلد کیس کا فیصلہ کرے‘۔انہوں نے کہا کہ ان کے وکیل نعیم بخاری کل سپریم کورٹ میں اپنا مو¿قف پیش کریں گے اور عدالت سے درخواست کریں گے کہ بنچ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ کرے کیونکہ پوری قوم 8 مہینے سے اس کیس میں پھنسی ہوئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ہم کمیشن نہیں چاہتے بلکہ سپریم کورٹ کا 5 رکنی بنچ ہی پانامہ کیس کا فیصلہ کرے ‘ عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا ہم قبول کریں گے ‘ کمیشن صرف ایک شرط پر ہو سکتا ہے کہ نواز شریف مستعفی ہوں‘ وزیر اعظم کے جھوٹ کے پیچھے اربوں کے اثاثے چھپے ہیں ‘ تقریر سیاسی ہونے کا مطلب وزیر اعظم جھوٹ بول رہے ہیں ‘ بدقسمتی سے عوام کا اعتماد اداروں سے اٹھ چکا ہے ‘ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ ملکی ادارے ناکام ہو چکے ہیں ‘ پی آئی اے کا سیفٹی ریکارڈ اچھا نہیں ہے ‘ طیارہ حادثہ کی انکوائری ہونی چاہیے ۔ وہ جمعرات کو میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ہمیں کمیشن بنانے کا آپشن دیا۔ کمیشن کے معاملے پر پارٹی رہنماﺅں اور قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے کہ ملکی ادار ے ناکام ہو چکے ہیں۔ پانامہ معاملے پر سپریم کورٹ نواز شریف سے ضرور پوچھے گی۔ حکام وقت عوام کو جواب دہ ہے۔

”گنگا جمنا“میں کردار کے حوالے سے بھائی ناصر خان نے روکا لیکن میں نے من کی مانی

قسط نمبر 39
شاہ پور جی نے مجھ سے ”گنگاجمنا“ کی کہانی سنی اور اسے زبردست قرار دیا…. انہیں اس کہانی کے جاندار ہونے میں کوئی شک نہ تھا لیکن میرے بھائی ناصر نے محسوس کیا کہ میرے لئے یہ ایک بہتر آئیڈیا نہ تھا کہ میں قانون کی حمایت سے مجرم ایک شخص کا کردار ادا کروں اس کا اصرار تھا کہ عوام مجھے ڈاکوﺅں کے ساتھ شامل ہونے کے حوالے سے پسند نہیں کرے گی اور ان کی قانون شکنی میں پناہ لیتے ہوئے پسند نہیں کرے گی اور ظالم زمیندار کے پاس واپس جاتے ہوئے جو اپنی ہی بہن کے زیورات چوری کرتا ہے اور چوری کا جرم گنگا کی غریب اور ایماندار ماں پر عائد کرتا ہے (میں گنگا کا کردار ادا کرنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا اور ناصر جمنا کا کردار ادا کررہا تھا…. پولیس کا ایک سپاہی)…. ناصر موضوع پر مضبوط نکتہ ہائے نظر کا حامل تھا اور اس نے مجھے اس بابت غور کرنے اور سوچ بچار کرنے کا مشورہ دیا….
میں نے اس کے بارے میں سوچا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ مجھے اپنا کام جاری رکھنا چاہئے کیونکہ شاہ پور جی فلم کی کامیابی کے حوالے سے پر اعتماد تھے….
میں نے اسکرپٹ میں اس بھائی کے درمیان بنیادی اختلاف پر جس قدر زیادہ کام کیا جس نے ملک کے قانون کی بالادستی قائم رکھنی تھی اور وہ بھائی جو قانون سے راہ فرار اختیار کرتا ہے…. جو امیر اور طاقتور کی حمایت کرتا ہے اور غیرمنصفانہ انداز سے غریبوں اور بے سہارا لوگوں پر الزام لگاتا ہے…. میں اسی قدر زیادہ محسوس کرتا تھا کہ میرے لئے وہ وقت آن پہنچا تھا کہ ایک ایسی فلم بناﺅں جو دیہی انڈیا کے لوگوں کے کچھ نازک مسائل کو اجاگر کرے جنہوں نے غیرملکی تسلط سے آزادی کے بعد بہت کم حصہ پایا تھا….
میں نے شاہ پور جی کو بتایا کہ میرا ارادہ تھا کہ میں شمالی انڈیا کے اندرونی حصوں کا دورہ کرنا چاہتا تھا…. بالخصوص پہلے اترپردیش اور مدھیاپردیش میں اور تب میں تمام تر اندرون مہاراشٹر کا سفر طے کرنا چاہتا تھا۔
میں اس ہوا میں سانس لینا چاہتا تھا جس میں کردار گنگا اور جمنا پروان چڑھے تھے اور ان لوگوں کے دکھ درد اور تکالیف سے آشنا ہونا چاہتا تھا جو دھرتی کا سینہ چیر کر اناج اگاتے تھے اور ان کی محنت کا معاوضہ بے رحم زمینداروں کی جیبوں میں چلا جاتا تھا۔
حال ہی میں…. جب ہم اتفاقیہ گپ شپ میں مصروف تھے…. امیتابھ بچن نے میرے ساتھ تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الٰہ آباد میں بطور ایک طالب علم اس نے ”گنگاجمنا“ بار بار دیکھی تھی یہ سمجھنے کے لیے کہ ایک پٹھان کیسے اس قدر آسانی کے ساتھ یوپی کے ایک گنوار دیہاتی کا کردار ادا کر رہا تھا اور اس قدر آسانی اور سہولت کے ساتھ بولی بول رہا تھا۔
جب میں ”گنگاجمنا“ کہانی اور اسکرین پلے تحریر کر رہا تھا…. میرا بھائی…. ناصر جس کی فلمی دنیا میں واپسی کے لئے یہ فلم بنائی جا رہی تھی…. اس نے مجھے بتایا کہ میں ایک غلطی کر رہا تھا…. جیسا کہ پہلے تذکرہ کیا جا چکا ہے…. وہ محسوس کرتا تھا کہ لوگ مجھے ایک ڈاکو، لٹیرے اور قانون شکن کے طور پر دیکھنا پسند نہیں کریں گے…. میں نے اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا اور میں نے کوئی بھی ایسی تبدیلی کرنے کا فیصلہ نہ کیا جس کا مشورہ مجھے میرے دوستوں اور بہی خواہوں نے دیا تھا اور میں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا…. صاف ظاہر ہے فلم نے شاندار ردعمل کا مظاہرہ کیا اور میں نے بے حد تعریف سمیٹی۔
درست عکاسی کی بھی تعریف کرتے نہ تھکتے تھے….
جب ”گنگاجمنا“ چیکو سلواکیا…. بوسٹن اور قاہرہ میں نمائش کیلئے پیش کی گئی…. مجھے فلمی نقادوں نے گھیر لیا…. جنہوں نے فلم کو سراہا اور میری اداکاری ان کے تجسس کو ابھار رہی ہے…. وہ یہ جاننے کے حوالے سے تجسس کا شکار تھے کہ اس فلم کے حوالے سے کس قدر تحقیق کی گئی کیونکہ ”گنگا جمنا“ جیسی فلم ان کے ممالک میں بے تحاشا مطالعہ اور غوروخوض کے بعد بنائی جاتی…. میں نے انہیں بتایا کہ میں نے سکرپٹ…. کرداروں…. بھوج پری بولی اور کہانی کے منطقی انجام وغیرہ پر کس قدر کام کیا تھا…. اس فلم کی ایک اور خوبی اس کی موسیقی تھی جو نوشاد میاں نے دی تھی جن کی اس فلم کی فلمی دھنیں آج بھی مقبول عام ہیں….
”گنگاجمنا“ کی کامیابی نے لکھاریوں کو بے حد متاثر کیا اور وہ ان خطوط پر سوچنے لگے کہ ہیرو کو منفی کردار بھی دینا چاہئے…. میں نے پہلے بھی ”ہیرو مخالف“ کردار ادا کئے تھے…. مثال کے طور پر…. میں محبوب خان کی فلم ”امر“ (1954ئ) میں جو کردار ادا کر چکا تھا وہ ایک شرمناک حرکت کا مرتکب ہونے کا کردار تھا اور ایک روایتی ہیرو کا کردار ہرگز نہ تھا…. ضیا سرحدی کی فلم ”فٹ پاتھ“ میں میں نے جو کردار ادا کیا تھا وہ ایک بلیک مارکیٹنگ کرنے والے کا کردار تھا…. تاہم وہ فلمیں اس قدر کامیاب نہ تھیں جس قدر ”گنگاجمنا“ تھی۔
(جاری ہے)

جونیئرہاکی ورلڈکپ: جرمنی،انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز

اترپردیش(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی شرکت کے بغیر جونیئرہاکی ورلڈکپ کابھارت شہر اترپردیش میںآغازہوگیا۔ دفاعی چمپئن جرمنی نے سپین کو2-1سے ہراکرفاتحانہ آغازکیاہے۔نیوزی لینڈنے جاپان کو1-0، انگلینڈنے جنوبی افریقہ کو4-2اورمیزبان بھارت نے کینیڈاکو4-0سے مات دی۔اترپردیش میں کھیلے جانیوالے ایونٹ میں جرمن ٹیم نے سپین کیخلاف کامیابی سے آغازکیا۔اینٹن بویکل نے25ویں منٹ میں گول کرکے دفاعی چمپئن کو برتری دلائی۔ہاف ٹائم پر جرمنی کو1-0کی سبقت حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں سپین نے کم بیک کیا۔48ویں منٹ میںمینول فیبریگاس نے گول کرکے میچ1-1سے برابرکردیا۔ کھیل کے خاتمے سے7منٹ قبل ٹم ہرزبروچ نے گول کرکے جرمن ٹیم کوایک بارپھرسبقت دلائی جوا ختتام تک برقراررہی۔

امپائر پال ریفل ممبئی ٹیسٹ میں تھرو لگنے سے زخمی

ممبئی (اے پی پی) ایمپائر پال ریفل بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران تھرو لگنے سے زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر سکین کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ان کی جگہ تھرڈ ایمپائر ماریس ایرسمس نے آن فیلڈ ایمپائر کی ذمہ داری نبھائی۔ تفصیلات کے مطابق انگلش اننگز کے 49ویں اوور میں جیننگز نے اسٹروک کھیلا، بھنشور کمار نے پوجارا کی طرف تھرو کیا جو کہ لیگ ایمپائر ریفل اور سٹمپس کے درمیان کھڑے تھے، تھرو سیدھا جا کر ریفل کے سر کے پیچھے کی طرف جا لگا جس سے وہ زخمی ہو گئے اور اسی وجہ سے میچ بھی 10 سے 15 منٹس تک رکا رہا، انہیں فوری طور پر سکین کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان کی جگہ تھرڈ ایمپائر ایرسمس نے آن فیلڈ ایمپائر کی ذمہ داری نبھائی۔

اسدشفیق آسٹریلین پیسرز کاسامنا کرنے کےلئے تیار

کینز(یو این پی) قومی بیٹسمین اسد شفیق نے کہاکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر آسٹریلیا کے بارے میں سب کچھ جانتے اور ہماری بھرپور مدد کررہے ہیں، شارٹ پچ بالز کا مقابلہ میں کٹ شاٹ سے کروں گا، ہم خود کو سوئنگ بولنگ کا سامنا کرنے کےلئے تیار کررہے ہیں۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نومبر 2011 سے جون 2013 تک کینگروز کی کوچنگ کرچکے،اب وہ باقاعدہ آسٹریلوی شہری بھی بن چکے ہیں، گرین کیپس کو امید ہے کہ ان کی مدد سے وہ میزبان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دینے میں کامیاب رہیں گے۔ اس بارے میں مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے کہاکہ ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ ہی کافی مشکل رہی ہے، آسٹریلیا میں کھیلنے کا چیلنجمتحدہ عرب امارات کے مقابلے میں یکسر مختلف ہے، اس لیے ہم یہاں پر اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلنے کیلیے پرامید ہیں، مکی آرتھر یہاں کی کنڈیشنز سمیت ہر چیز کے بارے میں جانتے اور ہماری بہت زیادہ مدد کررہے ہیں۔اسد شفیق مزید کہا کہ کوچ نے میرے ساتھ تین نکات پر بات کی، کٹ شاٹ پر دھیان دینے کا بھی کہاکیونکہ یہاں مجھے گیند کو کٹ کرنے کیلیے اچھا بانس ملے گا، اسی لیے میں اس پر توجہ دے رہا ہوں، ویسے بھی ہم سب کافی محتاط ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ میںہماری سیریز اچھی نہیں گزری، یہاں پر ہمیں پوری قوت صرف کرتے ہوئے کم بیک کرنا ہوگا، اسد شفیق نے کہا کہ میں پہلی بار آسٹریلیا میں کھیلنے کی وجہ سے کافی پرجوش ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ گلابی گیند سے ڈے اینڈ نائٹ میچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میرا متحدہ عرب امارات میں پنک بال سے کھیلنے کا تجربہ کافی اچھا رہا مگر وہاں پر گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوئی تھی،البتہ اس کے الٹ ہو گا۔

شہریارکی زیرصدارت گورننگ بورڈاجلاس30دسمبرکوطلب

اسلام آباد(یو این پی)پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس 30 دسمبر کو کراچی میں ہو گا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس ایل ، ٹیم سلیکشن کے معاملات، ویمن کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس ، ڈومیسٹک کرکٹ اور اکیڈمیز پر بات ہو گی ۔اس کے علاوہ بورڈ میں دہری ذمے داریاں نبھانے والوں اور کپتانوں پر بھی بات چیت کی جائے گی ۔چیئرمین پی سی بی اجلاس میں قائمہ کمیٹی میں ہونے والی میٹنگ اور ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس سے متعلق ہاﺅس کو بریف کریں گے ۔