راولپنڈی(بیورو رپورٹ)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دیا جائے گا پاک فوج پاکستان اور ازاد کشمیر کے عوام کو ہرطرح کی بھارتی جارحیت کے تحفظ کےلئے اپنی زمہ داری پوری کرے گی،۔ بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کیس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کے روز کنٹرول لائن کے متے والا اور منور سیکٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی )نے آپریشنل صورتحال پر آرمی چیف کو بریفنگ دی ۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا ۔ انہوںنے ہدایت کی بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں کا موثر طریقے سے جواب دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں ، بہادری ، عزم اور حوصلے میں مشہور ہے ۔ فوجی جوان پاک فوج کی ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں کے مذموم ارادے ہیں ۔ ایک طرف بھارت ان خلاف ورزیوں سے معصوم کشمیریوں کے خلاف اپنی ظالمانہ کاررائیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے دوسری طرف یہ خلاف ورزیاں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف ہماری جوابی کاررائیوں کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ ہم بھارتی عزائم اور پاکستان اور علاقے میں بھارت کی جانب سے دہشتگردی کی حمایت سے پوری طرح آگاہ ہیں ۔ بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو ان کوششوں کا ایک واضح ثبوت ہے اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پاکستان اور آزادی کشمیر کی عوام کو ہر قسم کی بھارتی جارحیت کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی ۔ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے جو اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ اس سے قبل کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا کنٹرول لائن پہنچنے پر استقبال کیا ۔