اسلام آباد (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر داخلہ امبرروڈ کی وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے الگ الگ ملاقات
، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق، پاک برطانیہ تعلقات ، سکیورٹی ، امیگریشن کے معاملات،انسداد دہشتگردی سمیت مختلف امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم نواز شریف سے برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈکی کی وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات تاریخ اور مضبوط عوامی رابطوں کی بنیاد پر ہیں اور دونوں ملک تجارت ، امن واستحکام وترقی کیلئے تعاون کررہے ہیں دونوں ملکوں کا ادارہ جاتی تعاون مضبوط تعلقات کا عکاس ہے اور ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں فروغ چاہتے ہیں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ آبادی پر مشتمل متوسط طبقے کی مضبوط مارکیٹ ہے اور برطانوی تاجروں ، سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں شاندار مواقع ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن واستحکام کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اس موقع پر برطانوی وزیر داخلہ امبر روڈکی نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا دریں اثناء وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات ، سکیورٹی انسداد دہشتگردی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی برطانوی وزیر داخلہ نے امیگریشن کے معاملات سمیت پاک برطانیہ تعلقات سکیورٹی کے مسائل اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف امور پر چوہدری نثار علی خان سے تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ ان دوست ممالک میں ہے جو پاکستان کا نقطہ نظر سمجھتا ہے انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کی راہ میں حائل مسائل کا سفارتی اور قانونی حل تلاش کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ہر اقدام کا خیر مقدم کریگا دونوں ملکوں میں قانون کی عمل داری کو مضبوط کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا باہمی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ہے ۔