لاہور (خصوصی رپورٹ)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پیشہ ور بھکاریوں نے لاہور شہر پر یلغار کردی۔ شہر میں بھکاریوں کے بڑے ٹھیکے لینے والے چھ بااثر افراد اور خاندان موجود ہیں جو ماہانہ لاکھوں روپے منتھلی دے کر اپنا کاروبار چمکائے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں اس وقت چھ بڑے افراد اورخاندان موجود ہیں جو بھکاریوں کے پیشہ میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے ٹھیکے بھی حاصل کرتے ہیں۔ مغلپورہ میں رہنا والا سائیں داد جس کا تعلق سندھ سے ہے، اپنے پورے خاندان کے ہمراہ وسیع نیٹ ورک بنا رکھا ہے جس کے تحت وہ بھکاریوں کو ٹھیکے پر حاصل کرتا ہے، اس کے بعد سرفراز ٹونڈا کا نام بھی کریم مارکیٹ ،جناح ہسپتال ، برکٹ مارکیٹ شارے کے بھکاریوں میں مقبول ہے جو خود بھیک مانگنے کی بجائے ٹھیکے پر بھکاری رکھتا ہے اور اور سارادن خود رکشہ میں گھومتا ہے اور اپنی آسائش کے لئے ایک بھکاری کے بقول گاڑی بھی رکھی ہوئی ہے۔ باتو خاندان جوکہ شوکت خانم اور واپڈا ٹاﺅن سمیت جوہرٹاﺅن کے علاقوں میں بھیک مانگنے کے کاروبار سے منسلک ہے۔ ذرائع کے مطابق کنگرا خاندان سے منسلک لوگوں کے علاوہ عباس نامی شخص بھی بھکاریوں کا بڑا ٹھیکیدار جانا جاتا ہے جبکہ خواجہ سراﺅں کا نمائندہ جسے عاشی جان کہا جاتا ہے بھکاریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ ایک اشارے پر 20ہزار روپے ہفتہ تک رشوت بھی دی جاتی ہے تاکہ کسی بھکاری کو پکڑا نہ جاسکے جبکہ منتھلی اس کے علاوہ دی جاتی ہے جبکہ جو ٹیم شہر بھر میں بھکاریوں کو پکڑتی ہے وہ بھی اپنی خوب جیب گرم کرتی ہے۔




































