کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔جسٹس جنید غفار کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے26 مئی کوفیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل بیرسٹر لطیف کھوسہ، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور قومی احتساب بیورو(نیب)کے وکیل کے اختتامی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ڈاکٹرعاصم کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے اور انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کینسر سمیت کئی بیماریوں کا شکار ہیں، ان کا علاج بیرون ملک ہی ممکن ہے اس لیے ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، جسٹس جنید غفارکی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 26 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے جسٹس حسن اظہررضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سنایا۔
