لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کیخلاف چینی کمپنی سے میٹروبس منصوبے میں کرپشن کے دعوے کیے جارہے تھے جس کی شہبازشریف سمیت چینی سرکار نے بھی تردید کردی تاہم اب کرپشن کی جھوٹی کہانی پھیلانے والے ممکنہ شخص کا نام بھی سامنے آگیا اور یہ کوئی اور نہیں بلکہ جے آئی ٹی کے رکن بلال رسول ہیں۔ انگریزی جریدے کے مطابق شہبازشریف کیخلاف الزامات لگنے کے بعد چھان بین شروع کی گئی توسیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی کمیشن) کی میٹنگ کے منٹس اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے دوران کچھ نئے حقائق سامنے آئے لیکن سوال یہ ہے کہ کون ہے جوچینی کمپنی کی مبینہ منی لانڈرنگ کے بارے میں غلط معلومات جاری کررہاہے ، کمیشن تمام حقائق سے بخوبی آگاہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود سامنے آنیوالی چیزیں سی ایس آر سی کو دینے کی منظوری دیدی۔ایس ای سی پی کے بلال رسول جن کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کا رکن بنایاتھا ، انہوں نے ہی چینی کمپنی سے متعلق ایس ای سی پی کمیشن کی تمام میٹنگز کے منٹس تیار کیے ، چینی کمپنی کی منی لانڈرنگ سے متعلق تمام کیس پر ان کی موجودگی میں ہی غور کیاگیا اور وہ تب تک میٹنگ منٹس تیار کرتے رہے حتی کہ جے آئی ٹی کے رکن بن گئے ۔ رپورٹ کے مطابق کچھ مزید دستاویزات سامنے آئی ہیں جن سے تصویر مزید واضح ہوجاتی ہے اور وہ یہ کہ دستاویزات اور میڈیابالخصوص الیکٹرانک میڈیا کی زینت بننے والی بے بنیاد خبروں میں واضح تضاد ہے کہ ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین نے کمشنرز سمیت تمام لوگوں سے یہ کیس خفیہ رکھا تاہم کمیشن کے میٹنگ منٹس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ایس ای سی پی میں موجوداعلی حکام اس کیس سے متعلق سب کچھ جانتے تھے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا میںچین میں منی لانڈرنگ کو بنیادبنا کر مسلسل وزیراعلی پنجاب کیخلاف پراپیگنڈا مہم چل رہی ہے حالانکہ ایس ای سی پی کی دستاویزات کے مطابق چینی کمپنی یابیتے نے 2016کی اپنی سالانہ رپورٹ میں دعوی کیا تھاکہ انہوں نے 31دسمبر2015سے قبل ملتان میٹروبس منصوبہ مکمل کرلیا جس سے اسے 201ملین رین مینگ بی منافع کمایا حالانکہ ملتان میٹروبس پراجیکٹ سرے سے شروع ہی مئی 2015میں ہوا اور یہ جنوری 2017میں مکمل ہواتھا ، یابیتے کو 17ملین ڈالر کی بجائے 19.58ملین ڈالر کپیٹل کنسٹرکشن نے ہانگ کانگ، دبئی ، امریکہ ، ملائیشیااور دیگر ممالک سے 16تھرڈ پارٹیوں کے ذریعے ادائیگی کی ، ایس ای سی پی کمیشن کی دستاویزات کے مطابق 21فروری 2017کی میٹنگ میں چینی کمپنی کی مبینہ منی لانڈرنگ پر تبادلہ خیال ہوا اورکمیشن کو پہلی مرتبہ ایک خط کے ذریعے چینی سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن نے 16دسمبر 2016کو آگاہ کیا تھا اور ساتھ ہی یابیتے ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے ممکنہ قانونی خلاف ورزیوں کی وجہ سے کچھ دستاویزات اور معلومات کی فراہمی کی درخواست کی تھی ، چینی سیکیورٹیز کمیشن نے ہی ایس ای سی پی کو آگاہ کیا کہ ملتان میٹروبس منصوبے کا ٹھیکہ حبیب رفیق پرائیویٹ لمیٹڈ کو دیاگیا لیکن یابیتے اس کی سب کنٹریکٹر تھی ۔چینی درخواست پر تمام متعلقہ اداروںاور کمپنیوں سے معلومات اکھٹی کی گئی تھیں۔