لاہور (خصوصی رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کے کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ پی ٹی آئی نے سینٹ انتخابات سے قبل قومی و صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر غور شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن بہتر ہونے سے قبل ملکی سیاست میں مزید ہلچل پیدا کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق کے پی کے میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کا ٹاسک اسی لئے دیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ سے مستعفی ہونے کی آپشن استعمال کی جا سکے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں عمران خان نے واضح کیا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال‘ نیب چیئرمین کی تقرری‘ قائد حزب اختلاف کی تبدیلی اور وفاقی وزیر خزانہ کے نیب کیسز پر حکومتی رویہ کے خلاف آئندہ سینٹ انتخابات سے قبل ایوان بالا اور زیریں سے مستعفی ہونے کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی اکثریت سے تحریک انصاف کو عام الیکشن میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کے پی کے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو انتخابات میں عوامی پذیرائی حاصل کرنے کا سبب اور انتخابی مہم کا حصہ بنایا جا سکے۔






































