اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق اراکین قومی اسمبلی اور ان کی ازواج کو بھی سرکاری پاسپورٹ ملے گا۔ قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے تمام بینکوں کو سیاستدانوں کو قرضے اور قسطوں پر گاڑیاں دینے کی سفارشات جاری کردیں اور سٹیٹ بینک سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے اقدامات کرے۔ چیئرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی نے کہاکہ جو بینک سیاستدانوں کو قرضے فراہم نہ کرے اسے جرمانہ عائد کیا جائے۔ اجلاس میں عائشہ گلالئی کی ایک تحریک استحقاق پر ایف آئی اے کو اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عبدالمجید خان خانخیل کی تحریک پر زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کو طلبی کے احکامات جاری کئے گئے۔ کمیٹی کے ایک اور سوموٹو نوٹس پر زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر کو کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔




































