اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری

اسرائیل(ویب ڈیسک) نے ایک بار پھر غزہ سے راکٹ فائر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کو غزہ کی پٹی میں مبینہ طور پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ بمباری غزہ کی جانب سے اسرائیلی حدود پر داغے جانے والے ایک راکٹ کے بعد اسرائیلی طیاروں نے کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ راکٹ حملے میں کوئی اسرائیلی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔غزہ کی گورننگ اتھارٹی حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اس سلسلے میں کہا کہ ‘غزہ کے خلاف اس خطرناک اشتعال انگیزی کی ذمہ داری مکمل طور پر اسرائیل پر عائد ہوتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مسلسل مزاحمتی مراکز اور دیگر املاک و عمارتوں پر کی جانے والی بمباری ناقابل قبول ہے۔اس راکٹ حملے کی ذمہ داری حماس یا کسی اور تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے کے جواب میں ان کے طیاروں نے غزہ میں حماس کے پانچ مراکز کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے کہا کہ ‘ ہم غزہ سے ہونے والے کسی بھی راکٹ حملے کا ذمہ دار حماس کو سمجھتے ہیں جس سے اسرائیلی شہریوں کی سلامتی خطرے میں پڑتی ہے اور اسرائیلی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے’۔غزہ کے مقامی وزارت صحت نے بتایا کہ فضائی حملے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ 2014 میں اسرائیل اور خودمختار فلسطینی علاقے غزہ میں موجود جنگجوؤں کے درمیان 50 دن تک جنگ جاری رہی تھی جس کے بعد فریقین کے درمیان سیز فائر کا معاہدہ طے پایا تھا۔تاہم اب بھی یہ دعوے سامنے آتے رہتے ہیں کہ غزہ کی جانب سے اسرائیلی حدود میں راکٹ حملہ کیا گیا اور اس کو جواز بناکر اسرائیلی فضائیہ غزہ پر بمباری کرتی ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیل نے ٹینکوں اور جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ پر بمباری کی تھی جس میں تین فلسطینی شہری زخمی ہوگئے تھے اور اس حملے کے لیے بھی اسرائیل نے فلسطینی سرزمین سے راکٹ فائر ہونے کا جواز پیش کیا تھا۔اس کے علاوہ 16 فروری کو اسرائیلی وزیر دفاع اویگدور لائبرمین نے حماس کو خبردار کیا تھا کہ مستقبل میں اس کی جانب سے کی جانے والی ‘اشتعال انگیزی’ کا سخت جواب دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی دفاعی بجٹ میں 9 فیصد اضافے کی تجویز

واشنگٹن(ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے دفاعی بجٹ میں تاریخی 9 فیصد سے زائد اضافے کی کوششیں شروع کردیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے بجٹ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے آئندہ مالی سال کے لیے دفاعی اخراجات کے بجٹ میں 54 ارب ڈالر اضافے اور اتنی ہی رقم غیر دفاعی اخراجات سے کم کرنے کی تجویز پیش کریں گے۔ان غیر دفاعی اخراجات میں بڑا حصہ غیر ملکی امداد کم کرنے کا ہے۔امریکی صدر نے آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی اخراجات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کی دفاعی اخراجات بڑھانے کی تجویز کانگریس کو ان کی بجٹ تجویز کا حصہ ہے، لیکن کانگریس ان کی اس تجویز کو مسترد بھی کرسکتی ہے۔انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ریاستی گورنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگلا امریکی بجٹ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کا بجٹ ہوگا، جس میں کمزور پڑتی ہوئی امریکی افواج کی تعمیرِ نو کے لیے دفاعی اخراجات میں تاریخی اضافہ کیا جائے گا جس کی اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘ٹرمپ کی بجٹ تجویز سے باخبر حکام کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ محکمہ خارجہ، ایجنسی برائے حفاظت ماحولیات اور دیگر غیر دفاعی پروگرامز کے بجٹ میں جزوی کٹوتی کرکے کیا جائے گا۔دفاعی بجٹ میں اضافے کی یہ تجویز غیر معمولی ہے کیونکہ امریکا اس وقت کسی بڑی جنگ میں مصروف نہیں ہے، تاہم اس کی اسپیشل فورسز اور ایئر فورس عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔مریکا کے پاس پہلے ہی دنیا کی سب سے زیادہ طاقتور جنگی فورس ہے اور وہ دفاع پر کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں پہلے ہی کئی گنا زیادہ رقم خرچ کرتا ہے۔کانگریشنل بجٹ آفس کے مطابق امریکا کا رواں مالی سال کا دفاعی بجٹ 584 ارب ڈالر مختص ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کا آغاز اکتوبر کے مہینے سے ہوگا۔

جرمنی میں تارکین وطن پر روزانہ اوسطاً 10 حملے ہوتے ہیں

برلن(ویب ڈیسک)  جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب سے تارکین وطن کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہنے کے بعد سے ان پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں پناہ گزینوں پر روزانہ اوسطاً 10 حملے ہوتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے نے جرمن وزارت داخلہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ جرمن چانسلر نجیلا مرکل کی جانب سے تارکینِ وطن کے لیے دروازے کھولنے کے بعد سے پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا اور 2016 میں 3 ہزار 553 حملے تارکینِ وطن اور پناہ حاصل کرنے والوں کے ہوسٹلز پر ہوئے۔ بی بی سی کے مطابق جرمنی میں تارکین وطن پر ایک ہزار حملے گھروں کے اندر جب کہ تین چوتھائی حملے پناہ گرینوں کی رہائش گاہوں سے باہر کے علاقوں میں کئے گئے۔

داعش شدت پسند پسپا

بغداد(ویب ڈیسک) عراقی فوج موصل شہر کے جنوب میں واقع ایک اہم پل تک پہنچ گئی ہے۔اس فوجی کارروائی کے کمانڈر یحیٰی رسول کے مطابق سریع الحرکت دستوں نے الجوسق نامی علاقے سے داعش کو پسپا ہونے پرمجبورکردیا ہے۔ انھوں نے اسے موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے جاری کارروائی میںایک نمایاں پیش رفت قراردیاہے۔یحییٰ رسول کے بقول اب موصل کے مغرب میں واقع اس پل کاایک حصہ ملکی دستوں کے کنٹرول میں ہے۔ ملکی فوج نے موصل کوداعش سے آزاد کرانے کی کارروائی گزشتہ برس اکتوبرمیں شروع کی تھی۔ عراقی فوج نے موصل کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے داعش کے خلاف کارروائیوں میں تیزی پیدا کردی ہے جبکہ عراقی فورسزکے آپریشن کے باعث 10 ہزار افراد نقل مکانی کرگئے۔اطلاعات کے مطابق موصل میں داعش کے چنگل سے فرار ہونے والے بچوں اور بڑی عمر کے مردوں کو کر د فوج نے یرغمال بنانا شروع کر دیاہے۔ دوسری طرف عراقی شہر موصل کے مضافاتی علاقے سے اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس سے4ہزار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دہشت گرد2014 میںان افرادکوویگنوںاورٹرکوں پر دیگر علاقوں سے یہاں لائے تھے اور ان کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں۔ اکثر افرادکوگولی مار کر ہلاک کیا گیا۔واضح رہے کہ داعش نے 10 جون 2014 کو موصل شہر پر قبضہ کیا تھا۔ پولیس اہلکاروں اورفوجیوںکو جنگی قیدی بنانے کے6 ماہ بعد قتل کرنا شروع کردیا گیا تھا۔

افغانستان، ڈرون حملہ، طالبان کمانڈر عبدالسلام ہلاک

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ہونے والی فضائی کارروائی میں افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالسلام اخوند ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کارروائیوں میں مزید21 شدت پسند مارے گئے۔
ایک سینئر طالبان عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ڈرون حملے میں ملا عبدالسلام اخوند سمیت 5 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ملا عبدالسلام اخوند کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔مذکورہ طالبان عہدیدار کے مطابق ملا عبدالسلام اخوند کچھ دن کے سفر کے بعد دشتے آرچی کے علاقے میں اپنے گھر میں ٹھہرے تھے کہ ڈرون کے ذریعے سے میزائل فائر کیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق ملا اخوند میٹنگ میں شریک تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اور نیٹو فورسز نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ملا اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔دوسری جانب امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک امریکی جنگی جہاز نے قندوز میں اتوار (26 فروری) کو کارروائی کی تاہم کمانڈ کو نتائج کے حوالے سے تصدیق موصول نہیں ہوئی۔ شمالی افغانستان کے ایک سینئر پولیس کمانڈر شیر عزیزکماوال نے بھی بتایا کہ فضائی کارروائی کے دوران ملا عبدالسلام اخوند اور 8 دیگر طالبان ہلاک ہوئے۔ دیگر کارروائیاں ننگرہار،کپیسا، پکتیا، پکتیکا، غزنی، لوگر ، خوست ، بامیان ، ارزگان ، زابل، بغلان اورقندوز میں کی گئیں۔ مرنے والوں میں طالبان کے اہم رہنما حاجی عبداللہ کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2015 میں جب طالبان نے مختصر عرصے کے لیے قندوز پر قبضہ کیا تھا تو یہاں طالبان کی قیادت ملا اخوند کر رہے تھے۔ افغان حکام متعدد مرتبہ ان کی ہلاکت کے دعوے کرچکے ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کی بظاہر ہلاکت کی تصدیق طالبان کی جانب سے کی گئی ہے۔افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں ایک طالبان کمانڈر نے بھی ملا اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری زندگیوں کا حصہ ہے، ہمیں یہ تصدیق کرتے ہوئے فخر ہے کہ وہ ایک مقصد کے حصول کی خاطر شہید ہوئے۔
امریکی فوجی ترجمان نے ملا عبدالسلام اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے تاہم افغان طالبان نے ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

امریکا میں طیارہ آبادی میں جاگرا

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک ) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر بردار طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست کیلی فورنیا میں سیسنا 310 طیارے نے ریورسائیڈ سے اُڑان بھری تھی اور یہ سان ہوزے جارہا تھا لیکن راستے میں خرابی کی وجہ سے آبادی پر گرگیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 5 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک خاتون ہی کو زندہ بچایا جاسکا جبکہ باقی چار افراد موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے۔ طیارے کے گھروں پر گرنے کی وجہ سے مزید دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔

پانامہ کیس کے فیصلے پر ”بلاول “ برس پڑے, اہم اعلان کردیا

ٹھٹھہ(نمائندہ خبریں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تاریخ کو دیکھ کر لگتا نہیں کہ پاناما کیس میں شریفوں کے خلاف فیصلہ آئے گا ، پارلیمنٹ میں بھی جائیں گے مگر ابھی پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار ہے،عرفان اللہ مروت کی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ جب تک ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل نہیں کیا جاتا ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے پیرکو ٹھٹھہ کے قریب جھرک مالاکاتیار پردو کلومیٹر طویل آغا خان پل کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پہلی دفاعی لائن ثقافت ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر پر عمل نہ ہونے سے انسداد دہشت گردی میں کامیابی مشکل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیاست میں آمد کے لیے پاناما کیس پر فیصلے کا انتظار ہے ، پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، اور ہمارے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں ۔ عرفان اللہ مروت کی صرف ایک ملاقات ہوئی ، شمولیت نہیں ہوئی ۔انہوںنے کہا کہ پاناماپر فیصلے کے بعدپارلیمانی سیاست کیلئے حکمت عملی بنائیں گے ، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کی تیاری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں عوام تکلیف میں ہیں ،ہم ان کے مسائل اور انفرااسٹرکچر پر توجہ دے رہے ہیں ،بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام غریبوں کی مدد کیلئے طویل المدتی ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جھرک ملاکاتیارپل کا افتتاح کردیا، پل ٹھٹھہ اور ٹنڈو محمد خان کو ملاتا ہے، گذشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جھرک ملا کا تیار پل کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ تھے، سرآغا خان جھرک ملاکاتیار پل ٹھٹھہ اور ٹنڈو محمد خان کو ملاتا ہے، پل کی لمبائی 1.75کلو میٹر ہے۔

مستقبل بارے سوچ سمجھ کر مشاورت سے فیصلہ کرتی ہوں‘

لاہور(شوبز ڈےسک)ٹی وی کی خوبرو اداکارہ ثناءجاوید نے کہا ہے کہ مستقبل کے حوالے سے ہمیشہ سوچ سمجھ کر اور مشاورت سے فیصلہ کرتی ہوں،ٹی وی پر کام کرنے والے تمام فنکار اچھا کام کر رہے ہیں اور جہاں تک میرا تعلق ہے تو اس کے بارے میں میرے پرستار ہی بہتربتا سکتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ متعدد ٹی وی ڈرامہ سیریلز میں کام کر چکی ہوں لیکن اس کے باوجود سیکھنے کی جستجو میں رہتی ہوں ۔ جب بھی سینئرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے تو انہیں بھرپور عزت دینے کے ساتھ ان سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف پراجیکٹ سائن کرنے کی قائل نہیں بلکہ جو بھی پیشکش ہوتی ہے اس میں اپنے کردار کا باریک بینی سے جائزہ لیتی ہوں ۔ میں اپنے کسی بھی پراجیکٹ اور مستقبل کے حوالے سے انتہائی سوچ سمجھ کر اور مشاورت سے فیصلہ کرتی ہوں اسی لئے ابھی تک میرے کیرئیر میں غلط فیصلوں کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے ۔

قوال بدر میاندادکی10ویں برسی 2مارچ کو منائی جائےگی

لاہور( شوبز ڈےسک) ملک کے معروف قوال بدر میانداد کی 10ویں برسی 2مارچ کو منائی جائے گی ۔ فن گائیکی میں دنیا بھر میں منفرد مقام رکھنے والے استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کے ماموں زاد بھائی اور میانداد قوال کے صاحبزادے و شیر میانداد قوال کے بھائی بدر میانداد قوال 17 فروری 1962ءکو پاکپتن میں پیدا ہوئے ۔ بدر میانداد قوال نے ریڈیو پاکستان ملتان سے ابتدائی طور پر گائیکی کا آغاز کیا۔ بدر میانداد نے 45سال کی مختصر عمر میں بے پناہ شہرت حاصل کی جبکہ ان کے 150سے زیادہ البمز نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی دھوم مچائے رکھی۔ بدر میانداد کو ےہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ بہت سی بھارتی فلموں کےلئے بھی منتخب کئے گئے۔ ان کے گانوں نے عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھوا ۔ بدر میانداد جن کے البمز امریکہ ، برطانیہ ، کینڈا ، بھارت اور ےورپ میں بھی ریلیز ہو ہوئے ۔بدر میانداد قوال عارضہ قلب اور اعصابی امراض میں مبتلا ہو نے کے بعد 2مارچ 2007ءکو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے تھے۔

فلم انڈسٹری کی وجہ سے ہی بہت سے گلوکاروں نے اپنا نام پیدا کیا ‘

لاہور(شوبز ڈےسک)نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی وجہ سے ہی بہت سے گلوکاروں نے اپنا نام پیدا کیا ، فلم انڈسٹری سے صرف فنکار وں کا روزگار وابستہ نہیں بلکہ اس سے گلوکاروں سمیت دیگر کئی شعبے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سائرہ نسیم نے کہا کہ میرے سمیت پوری قوم کی خواہش ہے کہ پاکستان میں امن قائم ہو تاکہ گھٹن زدہ ماحول کا خاتمہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زندہ دل قوم ہیں انشا اللہ پاک افواج سے مل کر دہشتگردی کا قلع قمع کر یں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دلی خواہش ہے کہ کھلے مقامات پر کنسرٹ ہوں تاکہ عوام اپنی فیملیوںسمیت اس میں شریک ہو کر تفریح کے مواقع حاصل کر سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی فلموں کی وجہ سے بہت سے گلوکاروں نے نام پیدا کیا ہے ، فلم انڈسٹری سے صرف فنکاروں کا ہی نہیں بلکہ گلوکاروں،ہنر مندوں سمیت دیگر کئی شعبے جڑے ہوئے ہیں ۔