کے پی کے میں وزیر سمیت 389 افسران کرپٹ نکلے

پشاور (خصوصی رپورٹ) محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کو محکموں کے سابق صوبائی وزیر سمیت 389 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کر کے 160 افسروں اور ہلکاروں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے واضح رہے کہ کرپشن میں ملوث افسروں میں گریڈ 20 اور 19 کے افسران بھی شامل ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کو سال رواں کے دوران محکمہ ریونیو‘ محکمہ تعلیم اور ہیلتھ سمیت تمام سرکاری صوبائی محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کی 3938 شکایات موصول ہوئی ہیں اور 117 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھی جس میں سرکاری افسروں اور اہلکاروں کی کرپشن کے بارے میں تفصیلات دی گئی تھی جس پر انوسٹی گیشن کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن نے 2239 کیسوں کو ڈسپوز آف کر دیا اس وقت اینٹی کرپشن کے پاس کرپشن کے 3368 کیس زیر تفتیش ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے تفتیش کے بعد سرکاری محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے 101 مقدمات درج کر لئے ہیں جن میں 389 افسروں اور اہلکاروں کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ان میں اینٹی کرپشن پولیس نے 160 افسروں اور اہلکاروں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے کی ریکوری کر لی ہے اسی طرح 74 کیسوں کو عدالت میں ڈسپوز آف کر دیا گیا ہے اور کرپشن کے 124 کیسوں میں افسروں اور اہلکاروں کے خلاف تفتیش جاری ہے‘ محکمہ اینٹی کرپشن نے 22 افسروں اور اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے برآمد کر لئے ہیں اینٹی کرپشن پولیس نے ملزموں سے 8 کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے۔

ڈیڈ لائن ختم اوبر،کریم کیخلاف قانونی گھرا تنگ

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ڈیڈ لائن گزر گئی لیکن آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی اوبر اور کریم کمپنی نے ریکارڈ فراہم نہ کیا، پی آر اے نے اوبر اور کریم سے گزشتہ دو سالوں کے دوران ڈرائیورزکو کی گئی ادائیگیوں اور بنک اکاﺅنٹس کی مکمل تفصیلات طلب کی تھیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے دونوں کمپنیوں کو بیس روز قبل نوٹسز جاری کرکے دس دن میں ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اوبر اورکریم کو جرمانہ عائد کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔ پی آر اے حکام کے مطابق دونوں کمپنیوں کا موقف تھا کہ وہ ٹیکسی سروس کے دائرہ کار میں نہیں آتیں بلکہ یورپی عدالت نے بھی اب انہیں ٹیکسی سروس قرار دےدیا ہے۔

بیان بدل دیں، کلبھوشن سے ملاقات میں اہلیہ نے بھارتی خفیہ ایجنسی کا پیغام پہنچایا: نجی ٹی وی کا دعویٰ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کروا دی گئی ہے جو کہ تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی تاہم اس دوران کیا گفتگو کی گئی اس حوالے سے میڈیا میں کئی طرح کی خبریں گردش کر رہی اور اسی حوالے سے نجی ٹی وی چینل نے انتہائی بڑا دعوی کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیاہے کہ کلبھوشن یادیو سے ملاقات کے دوران اس کی اہلیہ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا پیغام اپنے شوہر کو پہنچایا جس میں اہلیہ نے کلبھوشن کو بیان بدلنے کا کہا کہ آپ کہہ دیں کہ ایران سے پکڑے گئے ہیں ۔دوسری جانب نجی ٹی وی کا دعوی ہے کہ ملاقات کے دوران کسی قسم کے رقت آمیز مناظر دیکھنے میں نہیں آئے جبکہ کلبھوشن نے زیادہ دیر اپنی والدہ سے بات چیت کی اور اہلیہ سے مختصر گفتگو پر ہی اکتفا کیا۔

کلبھوشن کی بیوی ، والدہ سے میک اپ دھلوایا گیا، لباس بھی تبدیل

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی والدہ اور بیوی ملاقات کے بعد اب وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئیں ہیں تاہم یہ ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی جاسوس کی والدہ اور بیوی کو تقریبا 1بج کر 25 منٹ پر دفتر خارجہ میں لایا گیا جہاں سب سے پہلے سیکیورٹی کلیئرنس کی گئی، دفتر خارجہ میں داخل ہونے کے بعد کلبھوشن یادیو کی والدہ اور بیوی کے کپڑے تبدیل کروائے گئے جو کہ پہلے سے ہی دفتر خارجہ میں موجود تھے اور ان کا میک اپ بھی دھلوایا گیا۔ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد دونوں خواتین کی ملاقات کلبھوشن سے کروائی گئی جو کہ تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی جبکہ ملاقات کیلئے 30 منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا لیکن کلبھوشن کی والدہ کی درخواست پر وقت میں دس منٹ کا اضافہ کر دیا گیا۔ ملاقات کے دوران بھارتی جاسوس نے زیادہ دیر تک اپنی والدہ سے ہی بات چیت کی جبکہ بیوی سے مختصر گفتگو ہی دیکھنے میں آئی، ملاقات ختم ہونے کے بعد دونوں خواتین نے کپڑے تبدیل کیے اور واپس کیلئے انتظامات کیے گئے۔

5دریاﺅں پر آبی دہشتگردی کے بعد مودی حکومت کی نئی گھناﺅنی سازش، دریائے چترال خشک کرنیکا بھارتی منصوبہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) بھارتی آبی جارحیت کے بعد افغانستان نے بھی جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے 2پاکستان دریائے چترال پر بنائے جانے 1188 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے 12 سے زائد پن بجلی اور پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں پر بھارت کی مدد سے تعمیر اتی کاموں کو تیز کر دیا جس سے مستقبل قریب میں مہمند ایجنسی اور گردونواح کے علاقوں کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت آبی وسائل کے ایک سینئر افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط بھارتی سرکاری تعمیراتی کمپنی نیشنل پراجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ افغانستان میں بھارت کی مدد سے بنائے جانے والے پن بجلی منصوبوں کی تعمیر میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے ۔ ان منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 8.9 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا جس میں بیرونی امداد کے مالیاتی ادارے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے علاوہ بھارت کی جانب سے بھی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی بینک افغانستان کو ان 12 پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لئے 70 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی مالی معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستان کے شمال مشرق میں چیانتر (Chiantar) گلیشئر سے یہ دریا جاتا ہے یہ دریا چترال کا ہے ۔ اندر شمال سے جنوب کی طرف سفر کرتا ہے۔ راستے میں 32 معاون ندیوں کو اپنی آغوش میں لیکر آرناوی (اراندو) کے مقام پر افغانستان کے صوبے کنٹر میں داخل ہوتا ہے کنٹر اور ننگر ہار سے گذر کر مہمند ایجنسی میں واپس پاکستان کے اندر داخل ہو جاتا ہے اور ورسک کے مقام پر وادی پشاور کو اپنا جلوہ دکھاتا ہے۔ وزارت پانی و بجلی اور اسکے ذیلی اداروں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ افغانستان حکومت نے بغیر کسی آبی معاہدے کے بھارت کی اشیر آباد کے ساتھ 20,000 میگاواٹ سے زائد پن بجلی کی پیداواری صلاحیت کے حامل پاکستان کے دریائے چترال پر 12 کے قریب پن بجلی منصوبے بنانے کے تعمیراتی کام میں تیزی ااگئی ہے جبکہ متعلقہ ادارے ابھی تک موجودہ معاملے سے لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد سے اب تک حکمرانوں اور افسر شاہی کے مزے لوٹنے والے حکام نے سندھ طاس معاہدے کے علاوہ آبی ذخائر کے استعمال کے حوالے سے ایک بھی قانونی دستاویز کی تیاری کے حوالے سے کبھی کوشش ہی نہیں کی۔ جس کے اثرات آج افغانستان کے پاکستانی دریا پر منصوبوں کی غیر قانونی تعمیر کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔

 

انسانی ہمدردی ، بھا رتی دہشتگرد سے والدہ اور اہلیہ کی 40 منٹ ملاقا ت

اسلام آباد (صباح نیوز، این این آئی) پاکستان میں قید بھارتی خفیہ ایجنسی” را “ کے جاسوس کلبھوشن یادیو سے دفتر خارجہ میں اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی، ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ پیر کو دفتر خارجہ کے اولڈ بلاکس میں جاسوس کلبھوشن سے اس کی والدہ آوانتی سودھی یادیو اور بیوی چیتنکاوی یادیو کی مخصوص کمرے میں ملاقات کرائی گئی جہاں شیشے کے ایک طرف جاسوس کلبھوشن اور دوسری طرف اس کی والدہ اور اہلیہ تھیں۔ ملاقات میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی شریک تھے۔ کلبھوشن نے اپنے اہلخانہ سے انٹر کوم کے ذریعے بات چیت کی جبکہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ جاسوس کلبھوشن کی والدہ، اہلیہ اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ ایک بجکر 25 منٹ پر دفتر خارجہ پہنچے، جس کے بعد انہیں قیام گاہ میں بٹھایا گیا اور مکمل سیکیورٹی چیکنگ کے بعد انہیں 2 بجکر 18 منٹ پر مخصوص کمرے میں لے جایا گیا جہاں جاسوس کلبھوشن یادیو پہلے سے موجود تھا۔ اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر انڈیا ڈیسک ڈاکٹر فاریحہ بھی موجود تھیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن جادیو سے اہلیہ اور والدہ کی ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ تھا تاہم ملاقات 30 منٹ سے زائد وقت تک جاری رہی۔ اس سے قبل بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اہلخانہ سے ملاقات کرانے کے لئے پرائیوٹ گاڑی میں دفتر خارجہ کے عقبی دروازے سے لایا گیا۔ جب کہ جاسوس کی والدہ آونتی سودھیر اور بیوی چیتنا جادیو کو بھی سخت سیکیورٹی حصار میں بھارتی ہائی کمیشن سے دفتر خارجہ لایا گیا۔ اس موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے دونوں خواتین کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا، کمانڈر کلبھوشن یادیو کی بیوی اور والدہ وزارت خارجہ میں آرام سے بیٹھی ہیں، ملاقات کی اجازت قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر انسانی بنیادوں پر دی۔ دبئی سے آنے والی امارات ائر لائن کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے بینظیر ائرپورٹ پہنچیں جبکہ ان کے ہمراہ ایک بھارتی سفارتکار بھی پاکستان آیا ہے۔ کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو پہلے بھارتی ہائی کمیشن لے جایا گیا جہاں انہوں نے ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے دونوں خواتین کو بریفنگ دی۔ دفترِخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی ان کی اہلیہ اور والدہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کرادی۔ کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا چہرہ ہے جو 17 بار پاکستان، بھارت آیا اور گیا اور کئی ماﺅں کو اپنے بیٹوں اور بیٹیوں سے محروم کیا۔ کلبھوشن جادیو کی اہلخانہ سے یہ آخری ملاقات نہیں ہے۔ ملاقات قونصلر رسائی کے تناظر میں نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر کرائی گئی۔ طبی علاج کی غرض سے بھارتی ہائی کمیشن سے ماہانہ 500 ویزے جاری ہوتے تھے لیکن اب ویزے کے اجرا پر پابندی لگا دی گئی بھارت کو طبی علاج پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔ پیر کو دفتر خارجہ میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی اس کی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی ان کی اہلیہ اور والدہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کرادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات قونصلر رسائی کے تناظر میں نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر کرائی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ملاقات کے کمرے میں نصب شیشہ ساو¿نڈ پروف تھا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر بھی ان کے درمیان ہونے والی گفتگو نہیں سن سکتے تھے، اگر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بات چیت کا موقع دیتے تو یہ قونصلر رسائی ہوجاتی، کیونکہ یہ قونصلر رسائی نہیں تھی اس لیے بطور مبصر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر موجود رہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو پہلے بتا دیا تھا کہ ملاقات میں فزیکل کنٹیکٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ میں دوٹوک الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ کلبھوشن جادیو کی ان کے اہلخانہ سے یہ آخری ملاقات نہیں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اہلخانہ کی ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ تھا لیکن کلبھوشن کی درخواست پر انہیں مزید 10 منٹ دیئے گئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کلبھوشن سے ملاقات کے لیے آنے والے اہلخانہ کے چہروں پر اطمینان تھا اور انہوں نے پاکستان سمیت انفرادی طور پر سب کا شکریہ بھی اداکیا۔ کلبھوشن کے طبی معائنہ کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ان کا جرمن ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرایا گیا اور رپورٹس کے مطابق وہ طبی اعتبار سے بالکل تندرست ہیں۔ اس حوالے سے میڈیکل رپورٹس کی سلائیڈز بھی میڈیا کو دکھائی گئیں۔ پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ بھارت میں طبی علاج کی غرض سے بھارتی ہائی کمیشن سے ماہانہ 500 ویزے جاری ہوتے تھے لیکن اب ویزے کے اجرا پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو طبی علاج پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور مثبت رویہ اپناتے ہوئے علاج کے لیے ویزے دینے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کردیا تھا کہ بھارتی سفارت کار ملاقات کے وقت موجود ہوں گے اور انہیں دیکھ سکھیں گے لیکن بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ساو¿نڈ پروف شیشہ لگایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن کے حوالے سے بھارت کو شواہد کے ساتھ دستاویزات پیش کردیئے پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کلبھوشن کے اہلخانہ کی یہاں میڈیا سے بات چیت کرانا چاہتے تھے لیکن بھارت اس پر رضا مند نہیں تھا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے کیس میں قونصلر رسائی کا معاملہ ہمارے پاس ہے اور ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جاسوس کلبھوشن نے مہران بیس پر حملے میں کالعدم تحریک طالبان کی مدد کا اعتراف کیا اور اس نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے متعدد اہلکاروں پر کوئٹہ اور تربت میں حملوں کا بھی اعتراف کیا۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو پاکستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور اس نے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کیا جب کہ اسے مقدمے میں صفائی کا پورا موقع دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام ہمیں رحمدلی کا درس دیتا ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا چہرہ ہے جو 17 بار پاکستان، بھارت آیا اور گیا اور اس نے کئی ماﺅں کو اپنے بیٹوں اور بیٹیوں سے محروم کیا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کلبھوشن جادیو سے متعلق کیس عالمی عدالت انصاف میں ہے جہاں اس حوالے سے ہم نے 13 دسمبر کو اپنا موقف جمع کرادیا ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور ان کی والدہ نے ملاقات کرانے پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے گرفتار بھارتی جاسوس نے اہلخانہ سے ملاقات سے پہلے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ 2 سال پہلے بارڈر پار کرکے ایران سے پاکستان داخل ہوا۔ بھارتی جاسوس کا کہنا تھا کہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کررہا تھا اور پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں بلوچستان میں گرفتار ہوا گرفتاری کے بعد پاکستانی حکام مجھ سے عزت سے پیش آئے اور مجھ پر کوئی انسانیت سوز سلوک نہیں کیا گیا۔ کلبھوشن یادیو کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستانی حکام سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کی درخواست کی تھی میں پاکستانی حکام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست کو قبول کیا اور اہلخانہ سے ملاقات کرائی دوسری جانب کلبھوشن یادیو کی والدہ نے بھی بیٹے سے ملاقات کرانے پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی حکومت نے دعوی کیا تھا کہ کلبھوشن یادیو2003میں نیوی سے ریٹائرڈ ہو گیا تھا، اب حکومت پاکستان نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کلبھوشن یادیو کا سروس ریکارڈ فراہم کریں۔ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے پنشن ریکارڈ، بینک سٹیٹمنٹس اور دیگر تفصیلات بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی حکام کو 15افراد کی فہرست بھی دی ہے، یہ فہرست کلبھوشن یادیو نے اپنا دفاع کرنے کے لئے دی تھی۔ ان 15افراد میں کلبھوشن کی اہلیہ بھی شامل ہے۔ لیکن بھارت نے کلبھوشن یادیو کی بیوی کو بھی اپنے شوہر کے دفاع میں بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت نہیں دی۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں اور ہم نے کلبھوشن یادیو کی فیملی کو پاکستانی، انڈین اور بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرنے کی آفر بھی کرائی مگر بھارتی حکام نے اس سے بھی انکار کردیا۔

 

گنڈا سنگھ باڈر پر 200 فٹ بلند قومی پرچم لہرانے لگا

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معمار قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر پاک بھارت سرحد پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر200فٹ بلند پرچم لہرادیا گیا ،جس کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)پاک بھارت سرحد پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر200فٹ بلند پرچم لہرادیا گیا ،کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی پنجاب رینجرزمیجرجنرل اظہر نوید حیات بھی تقریب میں شریک تھے جبکہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس سے قبل پاکستان نے جشن آزادی کے موقع پرواہگہ بارڈر پر 400فٹ کاجھنڈا لہرایا تھا۔

خاتون کو 313کھرب روپے کا بجلی کا بل آگیا

نیو یارک (نیٹ نیوز) بجلی کے بل میں چند سو یا ہزار روپے کا اضافہ ہی دل کی دھڑکن تیز یا روک دیتا ہے مگر اس وقت کیا ہو جب کسی کو 313 کھرب روپے کا بل آجائے؟جی ہاں واقعی ایسا ہوا ہے اور جس کو یہ بل ملا اس کی آنکھوں لگتا تھا کہ چہرے سے باہر نکل گئی تھیں۔ امریکی ریاست پنسلوانیا کی رہائشی میری ہورومینسکی کو کرسمس سے قبل بجلی کے بل کو دیکھ کر اربوں واٹ کا جھٹکا لگا۔ اس خاتون کو 284 ارب ڈالرز کا بل آیا اور ان کے بقول ‘ میری آنکھوں سر سے باہر نکل آئی تھیں، آخر میں نے غلط کیا، کیا تھا؟ صرف کرسمس لائٹس سے گھر ہی تو سجایا تھا۔ مگر وہ کرسمس لائٹس ان کو کافی بھاری پڑی جس نے بل کی رقم 284 ارب ڈالرز تک پہنچا دی، حالانکہ اتنا زیادہ بل پورے نیویارک کے باسیوں کا بھی شاید ہی آتا ہو۔ نیچے آپ اس خاتون کی فیس بک پوسٹ میں اس بل کی رقم دیکھ سکتے ہیں جس میں ہندسوں کی بھرمار ہے۔ تاہم بجلی کمپنی نے خاتون کے ساتھ ‘رعایت’ بھی کی ہے اور وہ یہ کہ مکمل رقم اگلے سال نومبر تک ادا کی جاسکتی ہے جبکہ دسمبر میں 28 ہزار ڈالرز کی قسط جمع کرانا ہوگی۔ مگر خاتون کا کہنا تھا ‘اگر ہم اپنا سب کچھ بھی فروخت کردیں تو بھی سو سال میں ہم شاید ہی اس رقم کو ادا پائیں گے۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید

 راولپنڈی(ویب ڈیسک)  بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی فوج کے تین اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے یہ فائرنگ رکھ چکری ، راولا کوٹ سیکٹر میں کی جس سے ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا ہے۔