مدہوش آدمی کا لقب مل گیا

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی ہے ،مہرے کے طو رپر کام کرنے والے اس شخص کی کوئی اہمیت نہیں ، آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے جتنی مرضی (ن) لیگ کی مخالفت کریں اس کا ہمیں نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا ، نواز شریف نے اپنی اہلیہ کی تیمار داری کےلئے لندن جانا ہے لیکن ابھی اس کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ،جب ہم سازش کی بات کرتے ہیں تو ہمارا اشارہ کسی ریاستی ادارے کی طرف نہیں ہوتابلکہ بعض کرداراور ان کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جاتی امراءرائے ونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قیادت اور رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی مشاورت میں سیاسی اور قانونی معاملات پر گفتگو ہوئی ہے اور یہ پراسس چلتا رہے گا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف سے الگ ملاقات کی ہے ۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سابق وزیر اعظم نواز شریف سے رہنمائی لینے کے لئے تشریف لائے تھے۔ نواز شریف کو بین الاقوامی معاملات کا تجربہ ہے بلکہ وہ پاک امریکہ تعلقات اور خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھتے ہیں اور خواجہ آصف کی نواز شریف سے اس موضوع پر زیادہ گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعمان نے جو کہا ہے وہ ٹھیک ہے ۔ مریم نواز شریف نے حلقہ این اے 120کی انتخابی مہم شروع کر دی ہے اور اس سلسلہ میں انہوںنے پی پی 139اورپی پی 140 کے رہنماﺅں اور کارکنوں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیںجبکہ آئندہ دو روز تک فیلڈ میں بھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ کا نیرو صرف بانسری بجاتا رہے گا ، وہاں پر ڈینگی اور آدم خور چوہے اپنا کام کر رہے ہیں لیکن یہ وہاں کا رخ نہیں کرتا اور یہ ذمہ داری بھی پنجاب حکومت کو نبھانا پڑتی ہے۔ عمران خان غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی ہے ، مہرے کے طور پر کام کرنے والے اس شخص کی کوئی اہمیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل لاہور کے ایک وکیل نے ایک خاتون کی وساطت سے عدالت عالیہ میں (ن) لیگ کے 16افراد کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس کے بعد تمام میڈیا میں یہ خبر آئی کہ 16رہنماﺅں پر عدلیہ مخالف بیانات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور میں نے نجی ٹی وی پر شکوے کے طور پر کہا کہ اس فیصلے سے قبل ہمیں سنا جانا چاہیے تھا ۔مجھے رات گئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ۔ میں میڈیا سے استدعا کرتا ہوں کہ اس طرح کے حساس معاملے پر احتیاط سے رپورٹنگ کرنی چاہیے اس سے غلط فہمی پیدا ہو سکتی تھی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے بارہا کہا ہے کہ جب ہم سازش کی بات کرتے ہیں تو اس میں پاکستان کے کسی ریاستی ادارے کی طرف اشارہ نہیں ہوتا البتہ بعض کردار او ران کا رویہ ٹھیک نہیں تھا ۔ عدالتی فیصلہ اب پبلک پراپرٹی ہے اور ہم عدالت یا معزز ججز صاحبان نہیں بلکہ فیصلے پر بات کر رہے ہیں ۔ فاضل ججز صاحبان ہمارے لئے نہایت محترم اور قابل احترام ہیں ، ہمیں فیصلے سے اختلاف ہے تو ہم نے نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہے اور فیصلے میں جہاں بھی کمزور پہلو ہیں ان پر قانون کے دائرے میں بات ہوتی ہے اور آئندہ بھی ہو گی اور اس سے روکا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل نیا کھلاڑی سیاستدان بننے کی کوشش کر رہا ہے ، اس نے عدلیہ کے بارے میں براہ راست الفاظ استعمال کئے لیکن اسے کسی نے پوچھا تک نہیں ۔ ہم نے عدالت کی توہین کرنی ہے او رنہ مقابلہ کرنا ہے ۔ پاکستان کے اوپر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور موجودہ حالات میں پاکستان ٹکراﺅ اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ہمیں بھی لوگ مشورے دیتے ہیں ، غصہ آتا ہے لیکن ہم نے سیکھا ہے ۔سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کو مل کر آگے بڑھنا ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ بھلے مدہوش ہو لیکن وہ امریکی صدر ہے اس کے بیان کو غیر سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ ہمارے ساتھ جو ناانصافی ہوئی انصاف کرنے والوں کو سوچنا چاہیے۔

لندن پروازبارے اہم خبر

لاہور(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ لندن جانے کاابھی کوئی ارادہ نہیں، گھرگھرجا کربھرپور الیکشن مہم چلاﺅں گی، کارکن اپنے مسائل لکھ کردیں حل کیے جائیں گے۔ وہ آج مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں این اے 120میں انتخابی مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔ اجلاس میں سینیٹرپرویز رشید، وفاقی وزیر پرویز ملک، خواجہ احمد حسان، مجتبیٰ شجاع الرحمن، شائستہ پرویز ملک اور صوبائی وزیر بلال یاسین سمیت پی پی 139کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ این اے 120کیلئے گھرگھرجا کرمہم چلائی جائے گی۔ حلقے کے کارکن اپنے مسائل لکھ کردیں حل کیے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیاکہ لندن جانے کاابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔این اے 120کی خودالیکشن مہم چلاﺅں گی۔

نواز شریف صادق ، امین اور معصوم ، اہم شخصیت کے بیان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے 120 کی انتخابی مہم کی با ضابطہ نگرانی شروع کر دی۔ ماڈل ٹاو¿ن میں مریم نواز نے این اے 120 کی حکمت عملی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں پی پی 140 کے بلدیاتی نمائندے شریک ہوئے۔ مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو چوتھی بار بھی آپ نے وزیراعظم بنوانا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن پہلے بھی منظم تھی اور اب بھی منظم ہے، ایک ایک یو سی کے چئیرمین اور نمائندے سے ملوں گی، تمام یوسیز کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین اور معصوم ہیں جن لوگوں کو نوازشریف نے محبت دی انہوں نے ہی ان کو دھوکا دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف صادق امین اور معصوم ہیں نوازشریف نے جس کو محبت دی اس نے ان کو دھوکا دیا ان کا مزید کہنا تھا کہ پانامہ پر شور ہوا تھا اور فیصلہ کسی اور پر ہوا۔ نواز شریف کو اپنے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازشوں کرنے والے کو اللہ تعالی دیکھ رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کا جذبہ دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی جلد ہی وہ این اے کی انتخابی مہم کے حوالے سے حلقے میں نظر آئی گی۔ انہوں نے کارکنان سے اپنی والدہ کے لیے دعاﺅں کی اپیل بھی کی ہے۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی منظم تھی اور اب بھی منظم ہے ،نواز شریف عوامی لیڈر ہیں انہیں کروڑوں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا،حلقہ این اے 120 کا الیکشن پارٹی کے ہر کارکن کی جیت کا الیکشن ہے جسے ہر صورت کامیاب کرنا ہے ، نواز شریف کو چوتھی بار بھی آپ نے وزیراعظم بنوانا ہے۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار اور اپنی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم کی باقاعدہ نگرانی شروع کر دی ۔ مریم نواز گزشتہ روز وہ جاتی امراءرائیونڈ سے ماڈل ٹاﺅن پہنچیں اور این اے 120کے ضمنی انتخاب کے حالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید ، وفاقی وزیر تجارت و مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک ، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان ، شائستہ پرویز ملک ، ماجد ظہور ،وحید گل ،میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ، فیصل سیف کھوکھر سمیت پی پی 140کے بلدیاتی نمائندوں مقامی رہنماﺅںنے شرکت کی ۔ اس موقع پر ذیلی حلقے کے رہنماﺅں اور بلدیاتی نمائندوں نے مریم نواز کو مسائل اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا جس پر مریم نواز نے انہیں تمام مسائل اور تحفظات ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں این اے 120کی انتخابی مہم کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی اور اس حوالے سے بلدیاتی نمائندوں کو ٹاسک سونپے گئے۔

این اے 120 میں بڑا کھڑاک ،عمران لاہور پہنچ گئے ، زرداری اور بلاول کب آئینگے ، دیکھئے خبر

لاہور (خبر نگار) این اے 120 کے ضمنی الیکشن کا معرکہ، لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے بھی لاہور میں ڈیرے جمالئے۔این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا۔ ضمنی الیکشن جیتنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف جبکہ کپتان بھی لاہور پہنچ گئے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو عید کے بعد لاہور کو سیاست کا محور بنائیں گے۔ مسلم لیگ نون کی ا±میدوار کلثوم نواز کی عدم موجودگی پر انکی صاحبزادی مریم نواز نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ کپتان چئیرمین سیکرٹریٹ میں این اے 120 کی یونین کونسلوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ الیکشن میں کامیابی کے لیے جارحانہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ پی ٹی آئی عوامی تحریک کے بعد جماعت اسلامی اور دیگر آزاد ا±میدواروں سے بھی رابطے کرکے کلثوم نواز کے مقابلے میں متفقہ ا±میدوار لانے کی کوششیں کر رہی ہے۔

نواز شریف کی ”ترقی “ اور عمران خان کی تبدیلی بارے اہم انکشاف

فتح جنگ ( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کسی آمر کے سامنے جھکے ہیں نہ ہی کسی دہشت گرد سے ڈرتے ہیں امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا جانتے ہیں نوازلیگ اور پی ٹی آئی ایک سکے کے دو رخ ہیں انکے پاس اقتدار کے حصول کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں نواز شریف خود نااہل اورانکی حکومت ناکام ہو چکی ہے وہ گذشتہ روز فتح جنگ میں سردار سلیم حیدر خان کے زیر اہتمام پارٹی کے ایک بہت بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے بعد پنجاب کا دوسرا جلسہ فتح جنگ میں کر رہا ہوں پوٹھوہار کے غیور لوگوں سے مخاطب ہو کر خوشی محسوس کر رہا ہوں آج کا اجتماع ان لوگوں کو بتانے کیلئے کافی ہے کہ جو ٹی وی پر بیٹھ کر اور اخبارات میں کالم لکھ کر پیپلز پارٹی کو ایک صوبے تک محدود کرنے کی بات کرتے ہیں ان لوگوں سے کہتا ہوں آنکھیں کھول کر دیکھیں آج بھی پیپلز پارٹی غریب عوام کے دلوں میں ایسے رچی بسی ہوئی ہے جیسے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے دور میں تھی پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے ایک سازش کے تحت ہمیں مٹانے کی کوشش کی گئی مگر مزدوروں ،محنت کشوں، کسانوں اور غریبوں کی طاقت سے آج بھی پیپلز پارٹی محنت کش کی بھلائی، کسان اور مزدور کی خوشحالی کیلئے متحرک ہے ہم نے نوجوانوں کو روزگار اور خواتین کو عزت دی اقلیتوں کو انکے حقوق دیے ذوالفقار علی بھٹو کو انہیں خدمات کی وجہ سے پھانسی دی محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی شہید کر دیا گیا مگر ہم نے عوام کی سیاست نہیں چھوڑی انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک نازک صورتحال سے گذر رہا ہے مشرقی اور مغربی سرحدوں سے کوئی اچھی خبر نہیں آتی امریکہ نے بھی آنکھیں دیکھانا شروع کر دی ہیں صدر ٹرمپ نے تو دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام بھی پاکستان پر لگا دیا جبکہ پاکستان خود دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اسکے باوجود الزام دیا جا رہا ہے یہ الزام تو امریکہ کی طرف سے پہلے بھی تھا مگر اب تو دھمکیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں نون لیگ کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں چار سال تک کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا اب جبکہ وزیر خارجہ بنایا ہے تو ہو پاکستان کیلئے کام کرنے کے بجائے جی ٹی روڈ پر نااہل نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہو کر لوگوں سے پوچھ رہا ہے کہ میرے قائد کو کیوں نکالا گیا بلاول بھٹو نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سب جماعتیں متفق ہیں مگر حکومت اس پر عملدرآمد نہیں کرا رہی صرف فوجی آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی فرقہ واریت کو ختم کرنی ہے تو سب کو اکھٹا ہونا پڑے گا کالعدم تنظیمیں نام بدل بدل کر سیاسی جماعتیں بنا رہی ہیں اور اسمبلیوں میں پہنچ رہی ہیں دنیا دیکھ رہی ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت انکے ایک مدرسے کو کروڑوں روپے کے فنڈز دیتی ہے آپ اپنے لوگوں کو تو دھوکہ دے سکتے ہیں مگر دنیا کو نہیں دھوکہ دے سکتے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ او رپی ٹی آئی الزامات اور اقتدار کی سیاست کر رہے ہیں ہر معاملے میں عوام کو ال صورتحال سے بے خبر رکھا جاتا ہے ان دونوں جماعتوں کے پاس کوئی نظریہ یا ایجنڈا نہیں ہے دونوں دائیں بازو کی سیاست کر رہے ہیں انکے ایجنڈے میں عوام شامل نہیں ہیں لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے پاکستان کی ساری حکومتوں نے ملکر بھی اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا چار سالوں میں نون لیگی حکومتی نے لیا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں جا کر دیکھا پی ٹی آئی میں انقلاب نہیں بلکہ جھوٹ ہی جھوٹ نظر آرہا ہے جب عوام کو ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑ پر چڑھ جاتے ہیں اب سکھر میں جاکر بیٹھ گئے ہیں میں پوچھتا ہوں خان صاحب دہشت گردوں سے بھی ڈرتے ہو کیا مچھروں سے بھی ڈر لگتا ہے وہ سندھ کے تین لوگوں کو ساتھ ملا کر انقلاب لانا چاہتے ہیں ایک پیر صاحب ہیں جو زبردستی نکاح پڑھواتے ہیں ایک سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیں جن پر کرپشن کے الزمات ہیں انہوں نے کہا کہ جب شہید بھٹو نے اقتدار سنبھالا تھا تو اس وقت ملک دو ٹکڑوںمیں تقسیم ہو چکا تھا 9000فوجی قیدی بن چکے تھے پاکستان کا بیشتر حصہ دشمن کے قبضہ میں چلا گیا تھا ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستانی معیشت کو سنبھالا دیا دشمن سے اپنی سرزمین واپس لی ،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ٹیکسلا میں ہیوی مکینیکل کمپلیکس بنایا، کامرہ میں ائیرو نیٹیکل کمپلیکس بنایا سنجوال میں فیکٹری لگوائی، ٹیکسلا میں انجینئرنگ کالج بنوایا، زرعی اصلاحات کے زریعے کسانوں کو مالکانہ حقوق دلوائے بے نظیر بھٹو نے جب اقتدار سنبھالا تو غازی بروتھا پراجیکٹ بنایا ٹیکسلا انجینئرنگ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا بی بی صاحبہ کی شہادت کے بعد نازک حالات میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر 1973کا آئن بحال کروایا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کرایا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے صرف عوام کی خدمت ہی نہیں کی بلکہ جب بھی ضروت پڑی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا میںعوام کی حمایت اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں میںعوام کو کبھی مایوس نہیںکروں گا ملک کو آگے لےکر جاو¿ں گا رزوگار دوں گا کسانوں کو انکی فصل کی قیمت دوں گا مزدور کو حق دلواو¿ں گا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کروں گا انہوں نے کہا کہ امریکہ کی پالیسی ہو یا صدر ٹرمپ کا بیان آپ نے گھبرانا نہیں پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ ہے جو نہ صرف دہشت گردوں کو للکار سکتی ہے بلکہ امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتی ہے ہم نے نیٹو سپلائی بند کرائی تو امریکہ نے پہلی مرتبہ کسی ملک سے معافی مانگی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غریبوں کی استحصالی کاموجب بننے والے تمام کالے قوانین کو ختم کرایا مزدور کی کم ازاجرت ایک بار پھر بڑھائیں گے انہوں نے کہا کہ پی پی پر الزام ہے کہ جب وہ اقتدار میںآتی ہے تو سرکاری اداروں میں نوکریوں کے دروازے کھول دیتی ہے آج میں عوامی عدالت میںاس الزام کو قبول کرتا ہوں میںبلاول بھٹو جب اقتدار میں آو¿ں گا یہ جرم پھر دہراو¿ں گا بار بار دہراو¿ں گا ،میں پاکستان کو حقیقی معنوںمیں سوشل ڈیموکریٹک ملک بنانا چاہتا ہوں جہاں انصاف ہو ریاست ماںکی طرح ہوتی ہے سب کو ایک آنکھ سے دیکھتی ہے جب مساوات کو اپنائیں گے تو یہی بھٹو شہید اور بی بی شہید کی منزل تھی اور آج یہی منزل میری ہے اس موقع پر میزبان جلسہ سردار سلیم حیدر خان ،ریاض بالڑہ ،سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،سید خورشید شاہ ،ندیم افضل چن ،ضلعی صدر اشعر حیات ،حاکمین خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تاجکستان میں شاندار استقبال

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تین روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ 4 ملکی کاونٹر ٹیررازم کوآرڈینیشن فورم میں شرکت کریں گے، فورم میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تین روزہ دورے پر 4 ملکی کاونٹرٹیررازم کوآرڈینیشن فورم میں شرکت کیلیے تاجکستان پہنچ گئے ہیں۔ جہاں انہوں نے چین کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف سے بھی ملاقات کی ،اس کے علاوہ تاجک وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے۔ چار ملکی فورم میں پاکستان، چین، تاجکستان اور افغانستان شامل ہیں، فورم میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اگلے دو دن کے دوران، افغانستان علاقائی سیکورٹی ماحول اور افغانستان میں صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے سلسلے میں علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کرے گا۔فورم میں شامل ممالک گزشتہ چند مہینوں میں کئی اسٹاف سطح پر مشاورت منعقد کی ہیں تاکہ اس ایونٹ کے لے ایجنڈا پوائنٹس تشکیل دے سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ویڈیولنک کے ذریعے ا جلاس سے خطاب

لاہور (ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ویڈیولنک کے ذریعے ا جلاس سے خطاب۔”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کے تحت سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کے تحت بجلی سے محروم 20 ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام پرتیزی سے عملدرآمد کرناہے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جا رہاہے۔پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے بجلی سے محروم 10ہزار 800 سکولوں کو سولر پینلز سے روشن کیا جائے گا۔”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ وقت ضائع کئے بغیر تیز رفتاری سے آگے بڑھاناہے۔20ہزار سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کے اس پروگرام پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔لاکھوں بچوں اور بچیوں کو اس شاندار پروگرام سے بے پناہ فائدہ ہوگا۔سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے یہ پاکستان کا منفرد اور شاندار پروگرام ہے۔قوم کے نونہالوں کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے حوالے سے یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے۔”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کو محنت اور تندہی سے کام کرتے ہوئے تیزی سے آگے بڑھاناہے۔پنجاب حکومت قو م کے روشن مستقبل پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ہمیں ملکر اس شاندار پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔قوم کے نونہالوں کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔سیکرٹری توانائی کی منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ۔منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے بہترین او رتجربہ کار کمپنیاں آئی ہیں۔سیکرٹری توانائی صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹریز سکول، توانائی ، اطلاعات اور متعلقہ حکام کی ا جلاس میں شرکت۔

ڈرامہ انڈسٹری کا سنہرا دور لوٹ آیا ہے

لاہور( شوبز ڈیسک)نامور اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری سے زیادہ اس وقت ڈرامہ انڈسٹری نے زیادہ عروج حاصل کرلیا ہے اور اپنا کھویا ہوا پرانا مقام دوبارہ پالیا ہے جس کی وجہ سے شوبز سے وابستہ تمام افراد میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے۔سینئر ٹی وی آرٹسٹ نے کہا کہ اصل میں عید الاضحی پر دی جانے والی قربانی کے فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، قربانی میں ایک دوسرے سے مقابلے بازی نہیں ہونی چاہیے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے کہا کہ عید الاضحی پر خدا قربانی کرنے والے کی نیت کو دیکھتا ہے اس لئے ہمیں اس پر غور کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جسے اللہ تعالیٰ نے استطاعت دی ہے اسے اللہ کی راہ میں خرچ کرنا چاہیے ۔اگر آپ صاحب ثروت ہیں تو آپ کسی مستحق کو قربانی کے لئے جانور خرید کر دیں ۔ قربانی میں ایک دوسرے سے مقابلے بازی کا رجحان نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تہوار سے ہمیں ایثار کا جذبہ ملتا ہے اور اسی فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

میگ لیننگ کندھے کی انجری کے باعث8ماہ میدانوں سے درکار

سڈنی (اے پی پی) کپتان میگ لیننگ کندھے کی سرجری کے باعث ایشز سیریز سے باہر ہو چکی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم فزیو کیٹ ماہونی کے مطابق لیننگ کو کندھے کی انجری سے مکمل نجات کیلئے سرجری کی ضرورت ہے اسلئے انہیں فٹ ہونے میںکم از کم آٹھ ماہ کا وقت درکار ہو گا ۔سلئے وہ ایشز سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہو سکیں گی۔ آسٹریلوی سلیکٹرز ان کی جگہ متبادل کپتان کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کریں گے۔

عمر اکمل کے الزامات، بورڈ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر عمر اکمل کے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دےدی۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر عمر اکمل نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے اور بدسلوکی کے الزامات عائد کیے تھے جن کی مکی آرتھر تردید کی تھی۔الزامات کے بعد پی سی بی نے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جس کا انہوں نے رواں ہفتے جواب جمع کرایا جس میں انہوں نے کرکٹ بورڈ سے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید، ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی اور جی ایم لیگل سلمان نصیر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو ہو گا اور اس معاملے کو جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی تمام معاملات کا جائزہ لے گی اور عمر اکمل کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو دیکھا جائے گا جبکہ دونوں فریقین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی واقعے کے وقت موجود لوگوں تک رسائی حاصل کرکے ان سے بھی معلومات لے گی۔واضح رہے کہ عمر اکمل کے شوکاز نوٹس کے جواب میں پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر اپنے جواب سے کرکٹ بورڈ کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔