بہت طعنے سہہ لیے….کشکول توڑ دیا

لاہور (اپنے سٹاف روپوٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنی مشکلات کے حل کیلئے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ میں کچھ نہیںآیا۔ کسی آزاد اور خودمختار قوم کے افراد کو کسی کی طرف سے یہ بتائے جانے کی ضرورت نہیں ہوتی کہ انہیں درپیش چیلنجز کی نوعیت کیا ہے اور یہ کہ ان چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے انہیں کونسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیئے۔ زندہ قوموں کے پاس چیلنجز کے ادراک کیلئے مطلوبہ دانش اور بصیرت بھی موجود ہوتی ہے اور وہ ان پر کامیابی سے قابو پانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے ہم وطن پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ انہیں اس وقت پاکستان کو درپیش جغرافیائی و سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کو قدرت کی طرف سے مہیا گیا ایک ایسا موقع سمجھنا چاہیئے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار پاکستان کے خد و خال کے تعین کے عمل کا آغاز کرسکتے ہیں۔ یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا، جن کا مقصد پاکستان کی شکل میں ایک ایسے ملک کا قیام ممکن بنانا تھا جس کی بنیادیں برداشت، میانہ روی اور اسلامی فلاحی معاشرے کے اصولوں پر استوار ہوں اور جو دنیا میں امن، امید اور ترقی کا گہوارہ ہونے کی حیثیت میں پہچانا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر امریکی امداد کے بارے میں کئے جانے والے مبالغہ آمیز تبصرے دہشت گردی، غربت اور پسماندگی کا شکار پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے آزاد ایک پرامن دنیا کے مشترکہ خواب کی تعبیر کیلئے پہلے ہی انسانی جانوں، سرمائے اور املاک کی شکل میں کافی قربانیاں دے چکا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان شائستگی سے یہ کہتے ہوئے کہ ”ہم آپ کے شکرگزار ہیں“، امریکی امداد کا باب بند کر دے۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے پاکستانی قوم ان ہزیمت آمیز طعنہ آرائی سے بچ سکے گی جس کا سامنا اسے اس وقت چہار اطراف سے کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد پاکستان کے عوام کی خدمت ہے جسے میں ہر قیمت پر جاری رکھوں گا اور میں اپنی تمام تر صلاحیتوںکو اس غیرمعمولی خلا کو پر کرنے کیلئے صرف کر دوں گا جو موجودہ پاکستان اور اس پاکستان کے درمیان نظر آتا ہے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا ایمان ہے کہ ہمارے پاس غربت اور بے توقیری کی موجودہ حالت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم دن رات محنت کریں اور اس امداد سے نجات حاصل کرلیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے راولپنڈی، لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید بارش سے جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کیلئے انتظامےہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نشیبی علاقوں سے پانی فوری طور پر نکال کر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مظفر گڑھ کے علاقے خانپور بگہ شریف میں ٹرالر کی زد میں آکر 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں تحریک انصاف چئیرمین سیکریٹریٹ میں ہنگامہ آرائی، متعدد کارکنان زخمی

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین سیکریٹریٹ میں کارکن عمران خان کے ساتھ کمرے میں گھسنا چاہتے تھے کہ انہیں سیکیورٹی عملے نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔لاہور میں پی ٹی آئی کے چئیرمین سیکریٹریٹ میں عمران خان اور دیگر رہنما اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے تھے کہ چند کارکنوں نے عمران خان کے ساتھ کمرے میں جانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی گارڈز نے  کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔

زخمی ہونے والے کارکن عمر کے مطابق پی ٹی آئی چیرمین عمران خان نے این اے 120 کی الیکشن مہم کے حوالے سے کارکنان اور مقامی رہنماؤں کو طلب کیا تھا تاکہ الیکشن کے دوران ذمہ داریان دی جائیں۔ زخمی کارکن نے بتایا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کمرے میں جانا چاہتے تھے لیکن علیم خان اور جہانگیر ترین کے ذاتی محافظوں نے ہمیں تشدد کا نشانہ بناڈالا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سیکیورٹی اسٹاف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی کے پیش نظر کارکنان کو گیٹ پر روکا گیا تھا تاہم کارکنان نے زبردستی اندر داخلے کی کوشش کی جنہیں روکا گیا اور ہاتھا پائی میں کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عورت کی خاطر ایمان بیچنے والے بدبخت خاندان کی عجیب داستان

لاہور( ویب ڈیسک) عدالت نے دو بہنوں سے شادی کرنے کے ملزم کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیدیا، عبدالرحمان عرف انیل نامی شخص نے دو بہنوں سے بیک وقت شادی کرنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا، ایک بہن سے مسلمان اور دوسری سے مسیح بن کر شادی رچالی، پویلس نے سمیرا اور انیل کو گرفتار کرلیا، لڑکی نے بیان دیا ہے کہ یری بڑی بہن تاحال میرے خاوند کے نکاح میں ہے ، اغوااور زیادتی کا ڈراما رچانے والی سمیرا کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حیرت انگیز انکشافات کیے۔ انیل نامی لڑکے نے پہلے ایک لڑکی سے شادی کی تاہم اسی لڑکی یعنی اپنی بیوی کی بہن سمیرا سے شادی کرنے کے لیے علیحدہ مذہب اختیار کرکے شادی کی۔ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بیان دیتے ہوئے سمیرا نامی لڑنے نے انکشافات کیا کہ اس نے اپنے بہنوئی سے شادی کی ہے اور اسکی ہی بہن ابھی بھی اسکے شوہر یعنی انیل کے نکاح میں ہے۔ عدالت کو بیان دیتے ہوئے سمیرا نے مزید بتایا کہ اسکے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی اسنے صرف میڈیا کو دیکھ کر زیادتی اور اغوا کا ڈرامہ کیا تھا ۔

سیاست غریب کے نام پر حرکتیں ارب پتیوں جیسی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں وی آئی پی کلچر کی وجہ سے عام آدمی بری طرح پس رہا ہے جبکہ وی آئی پیز پروٹوکول سے لطف اندوز ہوتے ہیں،پیپلز پارٹی عام آدمی کے نام پر سیاست کرتی ہے اور گذشتہ دنوں چترال سے واپسی پر پی آئی اے کے طیارے میںچیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پی آئی اے کی اکانومی کلاس میں سفر کی تصویریں شئیر کرکے وی آئی پی کلچر کی مخالفت کی گئی لیکن اب پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماءسینیٹر شیری رحمان کے لئے ایک پاکستانی فیملی کی نشست کو کینسل کردیا گیا اور انہیںو ی آئی پی کلاس میں سفر کرایا گیا۔کراچی میں فلاحی کاموں کے لئے سوشل میڈیا پر”فکس اٹ“ کے نام سے مہم شروع کرنے والے عالمگیر خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک آدمی کی کہانی شیئر کی ہے جس میں آدمی کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز وہ اسلام آباد ائر پورٹ پر پہنچے جہاں ہم نے سیرین ائر لائن کی پرواز ای آر 503 کے ذریعے جانا تھا اور ہم نے پہلے ہی ٹکٹیں حاصل کر لی تھیں،ہماری پرواز 4بجے روانہ ہونا تھی اور ہمیں پہلے سے حاصل کی گئی نشستوں 2C،2D،2Eاور2F کے بورڈنگ پاس بھی دے دئیے گئے جس کے بعد ہم ڈیپارچر لاونج میں چلے گئے، 30منٹ کے بعد میرے بڑے بیٹے احمد کا نام پکارا گیا جب میں کاﺅنٹر پر گیا تو مجھے بتایا گیا کہ ہمیں سیٹ 2ایف تبدیل کرنا ہوگی،میں نے انکار کردیا ، کچھ دیر کے بعد سپروائزر آگئی اور اس نے مجھے بتایا کہ سسٹم کی خرابی کے باعث آپ کو سیٹ 2سی دے دی گئی۔

معاشی لحاظ سے پاکستان کیلئے بہترین کون ،چین یا امریکہ ؟

لاہور (نیٹ نیوز) پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 5 ارب 78 کروڑ ڈالر ہے۔ مالی سال 2017ءمیں پاکستان نے امریکا کو 3 ارب 68 کروڑ ڈالر کی مصنوعات کی برآمدات جبکہ 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کی اشیاءکی درآمدات کی گئیں۔ اس کے مقابلے میں مالی سال 2017ءمیں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 13 ارب 36 کروڑ ڈالر رہا جس میں پاکستان نے 1 ارب 76 کروڑ ڈالر کی مصنوعات چین کو برآمد کی جبکہ 11 ارب 63 کروڑ ڈالر کی اشیاء درآمد کی گئیں۔ گزشتہ دو برس میں امریکا نے پاکستان میں صرف 67 کروڑ ڈالر کی سرمایا کاری کی جس میں مالی سال 2017ءمیں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایا کاری اور مالی سال 2016ءمیں امریکا نے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا سرمایا پاکستان سے نکالا۔ اس کے برعکس چین نے پاکستان میں گزشتہ دو برس کے دوران 2 ارب 23 کروڑ ڈالر کی سرمایا کاری کی جس میں سے 1 ارب 23 کروڑ ڈالر کی سرمایا کاری مالی سال 2017ءمیں جبکہ مالی سال 2016ءمیں 1 ارب ڈالر کا سرمایا لگایا۔ اس کے علاہ چین سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں 65 ارب ڈالر کی مختلف منصوبوں میں سرمایا کاری کر رہا ہے جس میں بجلی، روڈز، صنعتی زون اور پورٹ کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو صاف صاف انکار کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک ) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پروٹوکول دینے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کو پروٹوکول نہیں بلکہ سکیورٹی دی جائے۔ انہوں نے کہا دوران موومنٹ نواز شریف کو کیول کیڈ اور زیرو روٹ بھی نہ دینے کا حکم دیا۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے دو پروٹوکول میں سے ایک پروٹوکول دے دیا گیا ہے۔ نواز شریف کے پروٹوکول میں دو ایس ایس پی ، دو ڈی ایس پی اور چار ایلیٹ گاڑیاں شامل ہوں گی۔

ماروین 21سیکنڈ میں لائٹ ہیوی ویٹ چمپئنزبن گئے

کوالالمپور(سپورٹس ڈیسک) برطانوی نژاد فلپائنی باکسر جان ماروین نے صرف 21 سیکنڈ میں ساتھ ایسٹ ایشین گیمز میں لائٹ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔صرف 21 سیکنڈ میں ساتھ ایسٹ ایشین گیمز میں لائٹ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے 24 سالہ ماروین برٹش آرمی میں لانس نائیک ہیں، انھوں نے بیل بجتے ہی میزبان ملائیشین باکسر حافظ محمد پازی پر مکوں کی برسات کردی اور ناک آٹ کردیا۔
بعدازاں پازی نے دعوی کیا کہ وہ ابھی مقابلے کے لیے تیار ہی نہیں ہوئے تھے کہ ماروین ان پر ٹوٹ پڑے جبکہ فاتح باکسر کا کہنا تھا کہ وہ مقابلے کا فیصلہ ججز پر نہیں چھوڑنا چاہتے تھے۔

ڈوپلیسی اورآملہ دورہ پاکستان کیلئے بے تاب

دبئی /جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں نے دورئہ پاکستان کو منفرد تجربہ قرار دیدیا۔اپنے پیغام میں ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے کہاکہ مہمان کرکٹرز آئندہ ماہ لاہور میں سیریز کیلئے ممکنہ سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہیں،وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں انھیں حصہ ڈالنے کا موقع مل رہا ہے۔ دوسری جانب کپتان فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ کرکٹ برادری کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن اسکواڈ کی قیادت میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میری نظریں اپنے پہلے دورئہ پاکستان پر ہیں، امید ہے کہ ہمارا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔
ادھر ہاشم آملہ نے کہاکہ میں دورئہ پاکستان کیلئے بے تاب ہوں، میں کندھے کی انجری سے تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہا اور پرامید ہوں کہ مکمل فٹ ہوکر سیریز کا حصہ بنوں گا۔

ہاکی ورلڈ الیون بارے اہم خبر

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان میں کھیلوں کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی بحالی کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آنا شروع ہو گئی ہے اور کرکٹ کی ورلڈ الیون کے بعد رواں سال نومبر میں ہاکی کی ورلڈ الیون نے بھی پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کیلئے( آج)ہفتہ کو مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر کے مطابق ہاکی ورلڈ الیون میں اولمپک چیمپئن اور ورلڈچیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہونگے، ہاکی ورلڈ الیون ایک میچ کراچی ایک لاہور میں کھیلے گی جبکہ ماضی کے عظیم کھلاڑی باولنڈر، دھن راج پلے پال، لیجن اور چارا ورتھ کو ہال آف فیم بھی دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ کو حتمی شکل دینے کیلئے( آج) ہفتہ کو اجلاس بلا لیا ہے، ہاکی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے اہم فیصلے کرینگے جبکہ پاکستان ہاکی لیگ اپنی نوعیت کا منفرد انٹرنیشنل ایونٹ ہو گا۔

سابق کرکٹرز بھی غیر ملکی ٹیموں کی آمد پر مسرور

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق پاکستانی کرکٹرز ورلڈ الیون کی پاکستان آمد پر شاداں نظر آتے ہیں۔سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ الیون کی آمد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان کے نوجوان قومی پلیئرز کیلیے طویل عرصے بعد اپنے ہوم گراﺅنڈ پر کھیلنا یادگار لمحہ ہوگا۔ سیریز کے کامیاب انعقاد سے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔وقار یونس نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے کیلیے بالکل درست وقت کا انتخاب کیا گیا، پاکستانی شائقین طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ کے منتظر ہیں، امید ہے کہ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی۔ انضمام الحق نے کہا کہ پی سی بی کی کاوشیں لائق تحسین ہےں، پاکستانی شائقین کے پاس یہ سنہری موقع ہو گا کہ وہ دنیا پر ثابت کر سکیں کہ ہم امن پسند اور کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاﺅرکھنے والی قوم ہیں۔معین خان نے کہا کہ مضبوط پاکستان عالمی کرکٹ کیلیے ضروری ہے، ماضی میں انٹرنیشنل کمیونٹی کی جانب سے اس حوالے سے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے ۔

تاہم اب ورلڈ الیون کی آمد پاکستان کرکٹ کیلیے نیک شگون ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ عالمی سٹار کرکٹرز کو پاکستان آنے کیلیے مطمئن کرنا بہت بڑی کامیابی ہے، ورلڈ الیون کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد پی سی بی ہوم گراﺅنڈ پر باہمی سیریز کیلیے عالمی سطح پر موثر انداز میں آواز اٹھا سکے گا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ یہ ایک یادگار لمحہ ہو گا۔ ورلڈ الیون کا دورہ عالمی کرکٹ کی بحالی کی جانب ابتدائی قدم ہو گا، کھچا کھچ بھرا ہوا قذافی سٹیڈیم مہمان ٹیم کا شاندار استقبال کرے گی