تازہ تر ین

بہت طعنے سہہ لیے….کشکول توڑ دیا

لاہور (اپنے سٹاف روپوٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنی مشکلات کے حل کیلئے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ میں کچھ نہیںآیا۔ کسی آزاد اور خودمختار قوم کے افراد کو کسی کی طرف سے یہ بتائے جانے کی ضرورت نہیں ہوتی کہ انہیں درپیش چیلنجز کی نوعیت کیا ہے اور یہ کہ ان چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے انہیں کونسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیئے۔ زندہ قوموں کے پاس چیلنجز کے ادراک کیلئے مطلوبہ دانش اور بصیرت بھی موجود ہوتی ہے اور وہ ان پر کامیابی سے قابو پانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے ہم وطن پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ انہیں اس وقت پاکستان کو درپیش جغرافیائی و سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کو قدرت کی طرف سے مہیا گیا ایک ایسا موقع سمجھنا چاہیئے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار پاکستان کے خد و خال کے تعین کے عمل کا آغاز کرسکتے ہیں۔ یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا، جن کا مقصد پاکستان کی شکل میں ایک ایسے ملک کا قیام ممکن بنانا تھا جس کی بنیادیں برداشت، میانہ روی اور اسلامی فلاحی معاشرے کے اصولوں پر استوار ہوں اور جو دنیا میں امن، امید اور ترقی کا گہوارہ ہونے کی حیثیت میں پہچانا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر امریکی امداد کے بارے میں کئے جانے والے مبالغہ آمیز تبصرے دہشت گردی، غربت اور پسماندگی کا شکار پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے آزاد ایک پرامن دنیا کے مشترکہ خواب کی تعبیر کیلئے پہلے ہی انسانی جانوں، سرمائے اور املاک کی شکل میں کافی قربانیاں دے چکا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان شائستگی سے یہ کہتے ہوئے کہ ”ہم آپ کے شکرگزار ہیں“، امریکی امداد کا باب بند کر دے۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے پاکستانی قوم ان ہزیمت آمیز طعنہ آرائی سے بچ سکے گی جس کا سامنا اسے اس وقت چہار اطراف سے کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد پاکستان کے عوام کی خدمت ہے جسے میں ہر قیمت پر جاری رکھوں گا اور میں اپنی تمام تر صلاحیتوںکو اس غیرمعمولی خلا کو پر کرنے کیلئے صرف کر دوں گا جو موجودہ پاکستان اور اس پاکستان کے درمیان نظر آتا ہے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا ایمان ہے کہ ہمارے پاس غربت اور بے توقیری کی موجودہ حالت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم دن رات محنت کریں اور اس امداد سے نجات حاصل کرلیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے راولپنڈی، لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید بارش سے جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کیلئے انتظامےہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نشیبی علاقوں سے پانی فوری طور پر نکال کر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مظفر گڑھ کے علاقے خانپور بگہ شریف میں ٹرالر کی زد میں آکر 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain