کراچی/لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ٹرائلز بدھ کو کراچی میں ہونگے، 22کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا 2 ہفتے کا کیمپ ہالینڈ میں بھی لگایا جائیگا جس میں آسٹریلیا، ہالینڈ اور مقامی کلبز کیساتھ مجموعی طور پر 5 پریکٹس میچز بھی کھیلے جائینگے، کیمپ کے دوران غیرملکی گول کیپراورپنالٹی کارنر اسپشلسٹ کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔قومی ٹیم منیجر حسن سردارکا کہنا ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے دوران گرین شرٹس ترانوالہ ثابت نہیں ہونگے بلکہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے کامن ویلتھ گیمزکی ناقابل شکست رہنے والی کارکردگی دہرانے کی کوشش کرینگے، چیمپئنز ٹرافی قومی پلیئرز کو ایشیائی ایونٹ کی تیاریوں کا بھی بھر پور موقع فراہم کریگی۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم کے ٹرائلز کا اعلان کر دیا گیا، اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی پر مشتمل سلیکشن کمیٹی ابتدائی مرحلے میں 22 کھلاڑیوں کا انتخاب کریگی، عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول ٹرائلز کے موقع پر سلیکشن کمیٹی کے علاوہ صدر پی ایچ ایف اور سیکریٹری بھی موجود ہونگے۔ ٹرائلز کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، وقار، محمد عرفان سینئر، محمد فیصل قادر، محمد علیم بلال، تعظیم الحسن، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، جنید منظور، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، غضنفر علی، عبدالوحید اشرف، اظفر یعقوب، محمد عتیق، محمد ارسلان قادر، اعجاز احمد، سمیع اللہ، رانا سہیل ریاض، عرفان جونیئر، محمد دلبر، نوید عالم، اسد عزیز، محمد بلال قادر، محمد رضوان، محمد جنید کمال،خضر حیات، تیمور ملک، محمد عاطف مشتاق ، اویس اور عمر حامدی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 23 جون سے شروع ہو کر یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری رہے گی ۔
