تازہ تر ین

شب قدر:برکتوں بھری محافل فنکار عبادتوں میں مصروف ہیں

لاہور(شہزاد فراموش سے)رمضان کے آخری عشرہ میںلیلةالقدر یعنی شب قدر کی بڑی فضیلت اور بہت زیادہ اجروثواب اور بے شمار خصوصیات ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں بہ نسبت اس کے دوسرے عشروں کے عبادات میں زیادہ محنت کرتے تھے کیونکہ اس میں شب قدر ہے اور شب قدر کی فضیلت یہ ہے کہ یہ ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے فنکار بھی پوری رات اس کی برکتوں کو سمیٹنے میں مصروف رہے۔رمضان المبارک کے پورے مہینے میں زیادہ تر فنکاروں نے روزے رکھے جس وجہ سے شوبز کی مصروفیات ماند رہیں۔اور شب قدر کی برکتیں اکٹھی کرنے میں بھی پیش پیش نظر آئے ۔ اس حوالے سے روزنامہ خبریں نے رات بھر فنکاروں کی مصروفیات پر نظر رکھی اور ان کے اس رات کے بارے میں تاثرات بھی لئے جو قارئین کی نذر ہیں۔ میلوڈی کوئین شاہدہ منی گھر میں شب قدر کی بابرکت رات میں عبادات میں مشغول رہیں اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اگر یہ رات آپ کو ملے تو اسے فضول کاموں میں ضائع کرنے کے بجائے نماز پڑھنے ، قرآن کی تلاوت کرنے، ذکرواذکار ،دعا واستغفار اور صدقات وخیرا ت کئے جائیں۔اس رات جاگنے میں جو مزہ ہے وہ پورے سال کسی رات میں نہیں ہے۔اللہ سے دعا ہے کہ ہم نے جو عبادات کی ہیں وہ ہماری قبول و منظور فرمائے۔اداکار راشد محمود بھی عبادات اور شب بیداری میں مصروف نظر آئے انہوں نے ”خبریں“ کو بتایاکہ ہمارا دین ہی آخرت میں نجات کا سبب ہے تو اس میں اس قدر والی رات کو بہت فضیلت ہے ۔اس رات کی عبادت ہزار مہینوں سے بہتر ہے تو ہم کوشش کرتے ہیں کہ سال بھر میں عبادتوں میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان کو اس رات کی عبادت سے پورا کریں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رات کو جاگتے اور اپنے گھر والوں کو جگاتے تھے۔یعنی اس رات کو جاگنا بھی ثواب کا کام ہے اور اس میں عبادت ضرور کرنی چاہئیے اللہ ہماری عبادت قبول کرے۔سینئر اداکار مصطفےٰ قریشی نے کہا کہ اس رات میں اللہ تبارک وتعالی نے قرآن مجید کو لوح محفوظ سے بیت العزت میں نازل کیا ، جس کے اندر انسانوں کیلئے ہدایت اور ان کیلئے دنیا وآخرت کی بھلائی ہے ۔ارشاد باری تعالی ہے کہ یقینا ہم نے اسے شب قدر میں نازل کیا ہے ۔تو جس رات میں ہدایت کا سر چشمہ قرآن پاک نازل ہوا کتنی متبرک رات ہو گی ۔ہمیں
نیکیوں کی اس لوٹ سیل سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہئیے اور ہم اسی کو شش میں لگے ہوئے ہیں۔اداکار معمر رانا جن کی عید پر حب الوطنی سے سرشار فلم ” آزادی “ ریلیز ہو رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ شب قدر کی رونقوں سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ رات کتنی افضل ہے۔رسول پاک ﷺنے ارشاد فرمایا”یہ جو مہینہ تم پر آیا ہے اس میں ایک ایسی رات ہے جوہزار مہینوں سے بہتر ہے جو شخص اس سے محروم رہا وہ ہر بھلائی سے محروم رہا،لیلة القدر کی سعادت سے صرف بے نصیب ہی محروم کیا جاتا ہے ۔میری اس رات یہی دعا ہے اللہ ایسی برکتوں والی رات سے کسی بھی سلمان کو محروم نہ کرے۔ندا چودھری نے عید کے ڈرامہ کی کی ریہرسل پر شب قدر کو اہمیت دی اور خصوصی طور پر گھر میں عبادت کا اہتمام کیا۔اور ذکر کی محفل سجائی ۔انہوں نے بتایا کہ ” اس رات میں فرشتوں کا نزول ہوتا ہے ، اور فرشتے خیروبرکت اور رحمت کے ساتھ اتر تے ہیں۔ اس میں ہر کام کے سر انجام دینے کو اپنے رب کے حکم سے فرشتے اورجبرائیل امین زمین پراترتے ہیں“.اللہ اس رات کی فضیلت کے صدقے ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے۔گلوکارہ دیبا کرن نے کہا کہ لیلةالقدر میں اگر اللہ نے صحت دی ہے تو عبادات ضرور کرنی چاہئیں یہ سنہری موقع ہے کہ ہم پر یہ رات اتری ہے۔اس رات اللہ تعالی آنے والے سال کی بابت وسائل زندگی کا فیصلہ کرتا ہے۔ ارشادالٰہی ہے کہ اسی رات میں ہر ایک مضبوط کام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔اللہ سب مسلمانوں کو اس کی برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔اداکارہ سنہری خان‘ آشا چودھری ‘ شانزہ‘ لیلیٰ صدیقی‘ رائمہ خان‘ دیا جٹ‘ روز بٹ ‘ لائبہ خان ‘ بیا خان ‘ماڈل علی سلیمان‘ علیزے راجپوت‘ عائشہ ملک‘ انیتا‘آرزو خان‘عائشہ رانا‘ گلوکار انور رفیع ‘عمران زوار¿ شفقت امانت علی‘ رفاقت علی خان‘راگنی اور دیگر کا کہنا تھا کہ یہ رات شراورفساد سے خالی اور سلامتی والی رات ہے ۔قرآن پاک میں ہے کہ یہ رات سراسر سلامتی والی ہے اور فجر کے طلوع ہونے تک رہتی ہے۔اللہ ہم سب کو اس رات جاگنے اور عبادات کی توفیق دے ۔.

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain