لاہور(شوبزڈیسک)معروف اداکارہ وماڈل مایا علی نے کہا ہے کہ علی ظفر نے فلمی سفر کے آغاز میں میری بہت رہنمائی کی۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مایا علی نے کہا کہ جب مجھے یہ پتہ چلا کہ میری فلمی دنیا کا سفرعلی ظفرکے ساتھ شروع ہورہا ہے توراتوں کی نیند اڑ گئی،کیونکہ علی ظفرایک بہت بڑے فنکارہیں اورپھربالی وڈ میں کام کرچکے ہیں توان کے بارے میں کچھ بھی نہیں پتہ تھا لیکن جب ہم فلم کی شوٹنگ کیلئے سیٹ پرپہنچے توانھوں نے ایک لمحہ بھی مجھے یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ کتنے بڑے فنکار ہیں۔ انھوں نے دوستانہ ماحول میں میری رہنمائی کی اوردوسری جانب ہدایتکاراحسن رحیم نے بھی مجھے بہت سپورٹ کیا۔ اس لیے میرا فلمی سفرانتہائی شاندار انداز سے شروع ہوا ہے اورپہلے ہی پروجیکٹ کے بعد بہت سی یادیں میرے پاس موجود ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم میں کام کرنے سے پہلے میں یہ سمجھتی تھی کہ یہ شعبہ بھی ٹی وی کی طرح ہی ہوگا اورمجھے زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا لیکن فلم اورٹی وی میں کام کا فرق بالکل زمین اورآسمان کے فرق کی طرح ہے۔ میری خوش قسمتی کہہ لیں کہ ایک طرف توعلی ظفرمیرے مدمقابل تھے تودوسری جانب جاوید شیخ اورنیئراعجاز جیسے منجھے ہوئے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ ان سینئرفنکاروں نے میری رہنمائی بھی کی اورہم نے شوٹنگ کے دوران بہترین لمحات گزارے۔






































