تازہ تر ین

نیب ریفرنس پر بابراعوان مشیر کے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد (آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو(نیب) نے نندی پور پاور منصوبے میں تاخیر پر وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق سیکرٹری قانون مسعود چشتی اور جسٹس(ر) ریاض کیانی اور سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا، ریفرنس میں مذکورہ تمام شخصیات اور افسران کو منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ملزم نامزد کیا گیا،نندی پور پاور منصوبے کی منظوری سال 2007میںاقتصادی رابطہ کمیٹی نے دی تھی،منصوبے میں تاخیر پر سپریم کورٹ نے جسٹس(ر) رحمت حسین جعفری کی سربراہی میں کمیشن قائم کرکے انکوائری کرائی تھی جس میں وزارت قانون کو منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا گیا، اسلام آباد کی احتساب عدالت آئندہ چند روز میں ریفرنس کی روشنی میں ملزمان کا ٹرائل شروع کرے گی۔ منگل کو نیب کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیب راولپنڈی نے نندی پور منصوبے میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا ہے، ریفرنس وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں تیار کیا گیا، ریفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو سابق وزیرقانون کی حیثیت سے ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کی حیثیت سے ملزم نامزد کیا گیا جبکہ وزارت قانون کے سابق سیکرٹریوں مسعود چشتی، جسٹس(ر)ریاض کیانی ،شمائلہ محمود، ڈاکٹر ریاض محمود، سابق سیکرٹری شاہد رفیع و دیگر کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ یہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے اور آئندہ چند روز میں اس ریفرنس پر باقاعدہ ملزمان کا ٹرائل شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نندی پور منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے جسٹس(ر)رحمت حسین جعفری کی سربراہی میں ایک کمیشن قائم کیا تھا، اس کمیشن نے 9اپریل 2012کو اپنی انکوائری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی، جس میں منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار وزارت کے افسران کو قرار دیا تھا، وزارت پانی و بجلی نے ملزمان کے خلاف کارروائی کےلئے جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری کمیشن رپورٹ نیب کو بھجوائی تھی جس پر نیب نے ملزمان کے خلاف باضابطہ طور پر ریفرنس تیار کیا اور ریفرنس کی تیاری کے دوران ڈاکٹر بابر اعوان سمیت دیگر نامزد ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ نندی پور پاور منصوبے کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27دسمبر2007کو دی تھی اور اس منصوبے کی کل لاگت 329ملین امریکی ڈالر تھی، اس منصوبے کا کنٹریکٹ 28جنوری 2008کو این جی پی سی ایل اور ایک چینی کمپنی کے درمیان ہوا تھا۔ نیب حکام نے بتایا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری دی تھی، منصوبے کی منظوری 329 ملین ڈالر کی لاگت سے دی گئی اور منظوری کے بعد منصوبے کا کنٹریکٹ 28 جنوری 2008 کو کیا گیا، کنٹریکٹ نادرن پاور جنریشن اورڈانگ فینگ الیکٹرک کارپوریشن چائنا کے درمیان ہوا جب کہ منصوبے کی تاخیر سے 27292.94 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ دوسری جانب ریفرنس دائر ہونے پر رد عمل میں بابر اعوان نے کہا کہ 2007 کے مشرف کے وزیر قانون کے دور میں نندی پور منصوبہ آیا، 2012 میں منصوبہ کابینہ سے منظور ہوا، میری وزارت کے16ماہ میں نہ کوئی سمری آئی اور نہ روکی گئی۔بابر اعوان نے کہا کہ رحمت جعفری کمیشن نے میرا نام لیا، الزام دیا اور نہ ہی مجھے بلایا گیا، میرے خلاف تمام کارروائی 2 کالی بھیڑوں نے سیاسی مخالفت پر کی، تھوڑی دیر میں ثبوت دکھاوں گا۔ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ریفرنس دائر کئے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر پر بطور سابق وزیر قانون و انصاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں تاخیر کا الزام ہے لیکن قانون دان کی حیثیت سے عہدے پر چمٹے رہنا مناسب نہیں سمجھتا اور قانون کی بالادستی کا عمل اپنی ذات سے شروع کررہا ہوں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعوان نے استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کے کہنے پر دیا جس کے لیے انہیں وزیر اعظم ہاو¿س طلب کیا گیا تھا۔ بابر اعوان نے ہاتھ سے لکھے گئے استعفیٰ میں کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے قوم سے کیا گیا وعدہ نبھاتے ہوئے مستعفیٰ ہوتا ہوں تاکہ نیب ریفرنس کے بے بنیاد الزامات کو غلط ثابت کرسکوں۔نیب کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی بطور سابق وزیر پانی بجلی بابر اعوان کے ساتھ ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔ نیب راولپنڈی کی افسر عاصمہ چوہدری نے احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ نیب میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد بابر اعوان نے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain