تازہ تر ین

سینیٹ اجلاس: فواد چوہدری کی آمد پر احتجاج، وزیر کی معذرت کے بعد پھر بیان بازی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے معذرت کے بعد پھر بیان بازی پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔فواد چوہدری سینیٹ اجلاس میں آئے تو اپوزیشن اراکین کی جانب سے ایوان میں شور شرابہ کیا گیا اور وفاقی وزیر سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر ایوان میں آکرمعافی مانگیں گے۔سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے مناسب سمجھا کہ وزیر آ کر معذرت یا وضاحت کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں وضاحت کر دیتا ہوں جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ پہلے معذرت کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں کس چیز کی معافی مانگوں، کیا ڈاکو کو ڈاکو نہ کہوں۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے مطالبہ کیاکہ وزیر اطلاعات کو ایوان سے باہر نکالیں جب کہ سینیٹر اعظم موسی خیل نے فواد چوہدری سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں جب معذرت کی تو لوگوں نے تنقید کی، قومی خزانہ لوٹا گیا، میں معذرت کیوں کروں، انہوں نے پی آئی اے کے ساتھ کیا کیا، اپنے خاندان کو بھرتی کیا، ڈاکو سے کیوں معذرت کریں۔(ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے کہہ دیا کہ پہلے معذرت کریں تو پھر عمل ہونا چاہیے۔چیئرمین سینیٹ نے فواد چوہدری کو ایوان سے باہر جانے کا حکم دیتے ہوئے کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کردی۔بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایوان میں آکر معذرت کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے انہیں اظہار خیال کرنے کی اجازت دی۔فواد چوہدری نے دوبارہ اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ادارے اس وجہ سے تباہ ہوئے کیونکہ ان میں خلاف ضابطہ ترقیاں کی گئیں۔وفاقی وزیر نے ایک بار پھر سینیٹر مشاہد اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے دو بھائیوں کو پی آئی اے میں بڑے عہدے دیئے گئے۔چیئرمین سینیٹ نے فواد چوہدری کو اس حوالے سے بات کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس معاملے پر جب معذرت کر لی تو معاملہ ختم ہو گیا لیکن فواد چوہدری منع کرنے کے باوجود مسلسل بولتے رہے۔فواد چوہدری کے خاموش نہ ہونے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان کی کارروائی جمعے کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain