لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت کے باہر جمع ہونے والے سائلین کے مسائل دریافت کیے اور انہیں عمارت کے اندر بلوالیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان نے مختلف مقدمات کی سماعت کی، اس موقع پر سائلین کی بڑی تعداد عمارت کے باہر اپنی درخواستیں اور پلے کارڈز لے کر موجود رہی۔مقدمات کی سماعت کے بعد جسٹس میاں ثاقب نثار سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت سے باہر آئے اور سائلین کے مسائل سنے، اس دوران ایک خاتون نے چیف جسٹس پاکستان کے پاؤں پکڑ لیے۔اس موقع پر جھنگ کے رہائشی حسین عباس نے اپنے پلاٹ پر قبضے کے خلاف احتجاج کیا جب کہ ایک خاتون حسینہ بی بی نے اندراج مقدمہ کے خلاف احتجاج کیا اور عدالت سے انصاف کی اپیل کی، حسینہ بی بی نے دو روز قبل بھی سپریم کورٹ کے باہر خود سوزی کی کوشش کی تھی۔چیف جسٹس پاکستان نے سائلین کے مسائل سننے کے بعد انہیں عمارت کے اندر بلوا لیا۔