تازہ تر ین

عمران خان کی ورلڈ کپ ٹیم سے ملاقات ، مفید مشورے بھی دئیے

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے قومی ورلڈ کپ اسکواڈ سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف عمران خان کی دعوت پر بنی گالہ میں پاکستانی ورلڈ کپ اسکواڈ نے عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں 17 کھلاڑیوں کے ہمراہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی شریک تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کے حکام بھی ملاقات کا حصہ بنے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فردا فردا تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی ‘ وزیر اعظم کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لئے حوصلہ افزائی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں‘ پوری دنیا میں ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے‘آپ قوم کے سفیر ہیں اور پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں۔ اپنی صلاحیتوں ، سپورٹس مین اسپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں‘ ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد کی نشست میں وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین کے ساتھ اپنے تجربات شئیر کیے اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے مفید مشورے دیے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا، سرفراز احمد کو قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے خود ذمہ داری کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔ عمران خان نے کپتان سرفراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تم خود دلیر ہوگے تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں محنت، لگن اور جذبے سے کھیلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال مشکل ہے لیکن ہمت نہیں ہارنی‘ چیمپیئن جیت کا بھرپورجذبہ لے کر اورمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کمزوریوں کے باوجود اپنے بے مثال جذبہ کی بدولت ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے جنید خان، فہیم اشرف اور حسن علی سمیت بولرز کو کارکردگی بہتر بنانے کیلیے مفید مشورے بھی دیئے۔بعدازاں وزیراعظم نے تمام کھلاڑیوں اور پی سی بی مینجمنٹ حکام کے ساتھ بنی گالا کے باغ میں تصویر بھی بنوائی جس میں کپتان سرفراز احمد کے ہاتھ میں بلا بھی تھمایا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain