تازہ تر ین

خبریں ، چینل ۵ مہم وقت کی ضرورت : شہریار آفریدی ، معاشی بہتری آئیگی : حنا ربانی کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7“ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام ”نیوز ایٹ سیون“ میں قومی اسمبلی کے باہر وفاقی اور صوبائی وزرائ سے بھارتی الیکشن میں نریندر مودی کی جیت پر پاکستان کی پالیسی اور چینل فائیو کی مہم ”پاکستانی بنئیے، پاکستانی خریدیے“ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ مودی کے بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر مظالم ثابت کرتے ہیں کہ مودی ہمیشہ مسلم دشمنی اور انتہاپسندسوچ کیساتھ بھارت پر مسلط رہا ہے۔ پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر مودی سے اچھے کی امید رکھنا بہت بڑی غلطی اور بے وقوفی ہے، مودی پاکستان کے لیے اچھی خبر نہیں۔ پاکستان کو اپنی مضبوط حکمت عملی کیساتھ مودی کو شٹ اپ کال دینا ہوگی۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ مودی کو دوبارہ حکومت ملنے پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ خواہش ہے کہ مودی انسانوں اور انسانیت کے لیے خیر کا ذریعہ بنیں۔ جارحانہ سوچ کا نقصان عوام کو ہوتا ہے۔ پاکستان نے کشمیر میں ظلم و ستم کی داستان کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اٹھانا ہے تاکہ دنیا بھارت کو باور کرا سکے کہ ظلم کا بازار بند کیا جائے۔ مودی نے اگر بھارت کو ناقابل تسخیر بنانا ہے تو دل میں درد ہونے کیساتھ ہر مذہب کے لوگوں کو عزت دینے اور ہمسایوں کیساتھ بہترین تعلقات ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم پاکستان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ آپ ایک قدم آئیں گے تو ہم دس قدم آگے آئیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ جنگوں کی بجائے غربت، ناخواندگی اور انسانوں کو مذہب کے نام پر تقسیم اور قتل کرنے والی قوتوں کیخلاف ہونی چاہئیے۔ چینل فائیو کی مہم پاکستانی بنئیے، پاکستانی خریدیے وقت کی ضرورت ہے اور ہم اس سوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی سول آرم فورسز جانوں کی نذرانے پیش کرتی ہیں ایسی لازوال قربانیوں کے پیش نظرکیا ہم پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دیکر بطور قوم خود پر فخر محسوس نہیں کرسکتے۔ کیا ہمیشہ کسی زلزلے، سیلاب یا ہندوستان کے للکار نے پر پاکستانی قوم ایک ہوگی۔ پاکستانیوں کو احساس ہونا چاہئیے۔ کہ اس قوم نے ملک کو خود عزت دینی ہے۔ پاکستانی وقتی آزمائشوں سے نکل کر ایک عظیم قوم بننے جا رہے ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا کاکہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ہمیشہ بھارت کو امن کا پیغام دیا گیا مگر مودی کا رویہ ہمیشہ غیر سنجیدہ رہا ہے۔ مودی کو مسئلہ کشمیر پر قدم آگے بڑھانا چاہئیے۔ خبریں گروپ کی اپنی مصنوعات کو پرموٹ کرنے کی مہم خوش آئند ہے ، عوام اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تو معاشی بہتری آسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر کا کہنا تھاکہ پاکستان خطے میں استحکام چاہتا ہے۔ بھارت میں الیکشن مہم پاکستان اور اقلیتوں کیخلاف پیٹ کر چلائی جاتی ہے، مودی کو عوام کو تقسیم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ وزیراعظم کی توقعات کے مطابق کشمیر کے مسئلے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے۔ مودی کا مینڈیٹ خطرناک ہے جو خطے میں دہشت کا ماحول گرمارہا ہے۔ خبریں کی مہم سے معاشی بہتری آئے گی۔ تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے مودی کی الیکشن میں کامیابی پر انہیں مبارکباد دے کر اچھی شروعات کی جس پر شکریہ کا پیغام آیا۔ پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں اور جنگ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں۔ امید ہے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے۔ خبریں گروپ کی پاکستانی مصنوعات اور روپے کی قدم کو مستحکم کرنے کے لیے مہم کو سراہتے ہیں، اس مہم کو میڈیا کے ذریعے ہی عوام تک مکمل رسائی دی جانی چاہئیے۔ ماہر قانون کامران مرتضیٰ نے کہاکہ مودی کو منتخب کرنا بھارتی عوام کا حق تھا ہم انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ مودی جس عمر میں ہیں یہ انکا وزارت عظمیٰ کا آخری دور ہوگا۔ اگر وہ خطے کے معاملات بہتر بنا جائیں تو ایک ارب لوگوں پر انکا احسان ہوگا۔ چینل فائیو اور خبریں گروپ کی مہم پر انہوں نے کہاکہ اگر ہم صرف پاکستانی مصنوعات خریدنے لگیں اور صرف پاکستانی ہوجائیں تو معاشی بحران سے ہماری جان چھوٹ جائے گی۔ پاکستان کی خاطر پاکستانیوں کو قربانی دینا ہوگی۔ تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ بھارت میں کانگریس جیتتی تو انہیں پاکستان سے ڈیل کرنے میں مشکل ہوتی۔ مگر انتہا پسند مودی مذاکرات پر راضی ہو جائیں تو امن آسان ہوگا۔ وزیراعظم نے مودی کو امن کا پیغام بھجوا دیاہے امید ہے الیکشن جیتنے کے بعد مودی کا جنگی جنون کم ہوگیا ہوگا۔ خطے کے مسائل کا حل مسئلہ کشمیر کا خاتمہ ہے۔ چینل فائیو کے ذریعے عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستانی بنو پاکستانی خریدو پاکستانی پہنو تاکہ دنیا کو ثابت کرسکیں کہ ہم واقعی بڑی قوم ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پاکستان نے پڑوسیوں سے ہمیشہ امن کی خواہش کی ہے۔ مودی یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ہمسائیگی میں امن نہ ہو تو تشویشناک صورتحال سب کے لیے ہوگی۔ پاک بھارت وزرائ خارجہ ملاقات کیساتھ ہمیں اپنا مقدمہ ہر فورم پر لڑنا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاک بھارت امن خطرے میں رہے گا۔ چینل فائیو کی پاکستانی مصنوعات پر انحصار کی مہم پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کے معاشی حالات خطرناک ہیں، ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر چلی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما رامیش کمار کا کہنا تھا کہ انکی دہلی کے عوام سے باتیں ہوئیں، امید ہے کہ حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔ بھارتی پارلیمنٹ میں مسلمانوں کی اکثریت آتی تو صورتحال اور بہتر ہوگی مگر امید ہے ہم جلد مثبت سمت میں چلیں گے۔ بھارت میں یہ سوچ موجود ہے کہ اپنے ملک کو مضبوط بنانے کے لیے خطے میں امن ضروری ہے۔ سشما سوراج اب وزیر خارجہ کی بجائے امریکا میں بھارتی سفیر تعینات ہوں گی۔ بی جے پی اب چاہتی ہے کہ پاک بھارت تعلقات کو آگے بڑھانا ہے۔ جے یو آئی کی رہنما عالیہ کامران کا کہنا تھاکہ کسی بھارتی حکومت سے مسلمانوں کے لیے اچھی امید نہیں۔ دعا ہے کہ کوئی معجزہ ہو جائے اور معاملات ہمارے حق میں ہو جائیں ورنہ بھارتیوں سے کوئی اچھی امید نہیں۔ مسئلہ کشمیراور پانی کا مسئلہ مودی کی انتہاپسندانہ قیادت میں حل ہوتا نظر نہیں آتا تاہم مذاکرات ہونے چاہئیں۔ چینل فائیو کی پاکستانی بنئیے پاکستانی خریدیے مہم پر انکا کہنا تھا کہ پاکستانی اپنی مصنوعات کے معیار کو اچھا بنائیں تو پاکستانی کسی دوسرے ملک کی مصنوعات کی طرف دیکھیں ہی نہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم پاکستانی مصنوعات کو ہی ترجیح دیں گے اور اپنے ملک کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہاکہ حکومت سنبھالنے پرکسی ملک کے سربراہ کو مبارکباد دیناریاستی پورٹ فولیو کا تقاضا ہے۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے پر مودی کی جانب سے بھی مبارکباد کا پیغام آیا تھا۔ امید ہے دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔ محمد ابراہم کا خبریں گروپ کی مہم پر کہنا تھا کہ ڈالر کا پاکستان سے درآمدات کے علاوہ کوئی تعلق نہیں، ہمیں روپے پر یقین رکھنا چاہئیے۔ منی چینجرز کا غیر قانونی کاروبار ختم ہونا چاہئیے تاکہ ملک سے پیسہ باہر نہ جائے۔ بحیثیت پاکستانی ہمیں پاکستانی چیزیں خریدنا اور استعمال کرنا چاہئیں۔ اللہ نے پاکستان کو سب کچھ دیا ہے ہم بحیثیت قوم متحد ہوجائیں تو ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain