اسلام آباد(ویب ڈیسک): وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ وادی جموں و کشمیرکا مسئلہ اٹھانے اور دیرینہ تنازعہ کے حل کی ضرورت پر زور دینے پہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا کہ ترک صدر نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے باوجود 80 لاکھ افراد وہاں محصور ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کامسئلہ اٹھانے اور اس دیرینہ تنازعے کے حل کی ضرورت پر زور دینے پر میں ترک صدر جناب اردگان کا مشکور ہوں۔کشمیر کے محاصرے کا حوالے دیتےہوئےانہوں نے نشاندہی کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود 80 لاکھ لوگ مقبوضہ کشمیر میں محصور ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو عالمی سطح پر ناانصافی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دنیا میں قوت اور اقتدار حاصل کرنے کی رسہ کشی شرو ع ہو جاتی ہے۔انہوں نے امریکی شہر نیو یارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مستقبل کو صرف پانچ ممالک کے ہاتھوں میں نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے باوجود کشمیر اور کشمیر یوں کا محاصرہ جاری ہے۔مقبوضہ وادی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آٹھ ملین افراد بد قسمتی سے آج بھی اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں، پاکستانیوں اور بھارتیوں کی سلامتی کے لیے اس مسئلے کو جھڑپوں یا جنگ سے نہیں بلکہ انصاف اور سچائی کو بنیاد بناتے ہوئے مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
